ربیع الاول کی آمد پر ’الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا‘ کا گراں قدر تحفہ- سیرتِ احمدﷺ

تحریر: مفتی عبدالرشید صاحب، شیداؔ، صدیقی، قاسمی، مظاہری

جناب مولانا ندیم احمد انصاری صاحب نے ’سیرتِ احمد ﷺ: حقوق حقائق اور تعلیمات‘ کے نام سے ایک گلدستہ تیار کیا ہے ، جس کے پہلے حصے میں آپ ﷺ کی ولادت، نبوت، ہجرت، غزوات اور وفات تک کے زمانے کو ذیلی حالات و واقعات کے ساتھ ذکر کیا ہے اور آپ ﷺ کے آبا و اجداد کا تعارف ، نسب نامے کی تحقیق، اہلِ خانہ، اہلِ بیت کی تفصیل اور ان کا مصداق، خلفاے راشدین کی تعداد اور ایک حد تک آپ ﷺ سے وابستہ شخصیات کا تعارف بھی پیش کیا ہے اور آخیر میں آپ ﷺ کی فوجی کارروائیوں، پیش قدمیوں اور قائدانہ سرگرمیوں کا ذکر کیا ہے ۔اس حصے کی خصوصیت و امتیاز کے طور پر کچھ چیزیں سامنے آتی ہیں:(۱)آپ ﷺ کے نسب نامے کا تحقیقی جائزہ اور اس سلسلے میں پائی جانے والی بے احتیاطی وبے اعتدالی کی مدلل نشان دہی(۲)حضرت نبی کریم ﷺ کے اہلِ خانہ و اہلِ بیت کی تعداد اور اس حوالے سے پائی جانے والی تنگ نظری وکوتاہ علمی کی اصلاح(۳)آپ ﷺ کے بعد (خلفاے راشدین کی تعریف) میں شامل حضرات کی خلافت کی ترتیب اور ان کی بعض خوبیوں کا ذکر(۴)آپ ﷺ کی جانب سے کی گئی فتنہ کوبی و لشکر کَشی کی تفصیلات ۔کتاب کا دوسرا حصہ حضرت نبی کریم ﷺکے حقوق کے بیان سے معطر و منور ہے ، اس میں گرامی قدر مؤلف نے آپ ﷺپر ایمان لانے ، آپ ﷺ کو آخری نبی ماننے ، آپ ﷺکی اطاعت، عظمت، نصرت، آپ ﷺسے محبت کرنے سے متعلق تقاضوں اور دیگر اہم اور ضروری باتوں کو جمع کیا ہے جس کا علم اور پتا اچھے اچھے جان کار و دین دار کہلائے اور سمجھے جانے والے حضرات کو بھی نہیں اور نہ ہی دینی مذاکروں، جذباتی مجلسوں، میلادی محفلوں اور سیرت کے جلسوں میں اس کے متعلق کچھ کہا سنا جاتا ہے ؛ جب کہ ان کا جاننا، ماننا اور ان کے مطابق عمل کرنا ایمان واعمال کی درستگی و سلامتی کی بنیاد ہے ۔تیسرے اور آخری حصے میں حقائق کے موضوع پر مختلف مضامین اور تعلیمات کے عنوان سے منتخب مسنون دعاؤں اور بنیادی سنتوں کو جمع کیا گیا ہے۔امن وسلامتی کی پہچان مذہبِ اسلام کے دنیا میں تیزی سے پھیلاؤ اور محبت وشقف کے علم بردار، پیغمبرِ اسلام ﷺکی دولتِ اسلام سے محروم لوگوں کے بیچ بڑھتی ہوئی قبولیت سے گھبرائے ہوے ابلیس کے عالمی ایجنٹوں ، دجال کے موجودہ دلالوں اور اس زمانے کے بوجہل وبولہب کے وارثوں نے شاعری و جادوگری کا الزام لگانے والوں کو بھی مات دیتے ہوئے اپنے بے جان مذہب، بے بنیاد اعتقادات اور دم توڑ چکی تہذیب پر پردہ ڈالنے اور خاندانی ناکامیوں، سماجی کم زوریوں،اخلاقی گراوٹوں، مجرمانہ جنگی کاروائیوں اور سیاسی ومعاشی کھوکھلا اور دیوالیہ پن چھپانے کی خاطر بڑے زور و شور کے ساتھ آپ ﷺ کی مقدس ذات اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں مختلف شکلوں میں،الگ الگ ذرائع اور ٹکنالوجییوں کا سہارا لے کر لوگوں کے درمیان بدگمانی پھیلانے کی ناپاک جنگ چھیڑ رکھی اور گھناؤنی سازشوں کا جال بچھا رکھا ہے ، جس کا شکار صرف ایمان سے محروم لوگ ہی نہیں بلکہ بہت سی بار علماء سے دینی تعلق نہ رکھنے والے دین دار وذمہ دار نما حضرات، دینی معلومات سے ناواقف لوگ، یا اسلام کے سلسلے میں محض سرسری علم رکھنے والے بہت سے افراد بھی بن جاتے ہیں۔ حقائق کے عنوان پر اس کتاب میں اپنے مختلف مضامین یکجا کر کے جناب مرتب صاحب نے ایمان والوں کے لیے ذہنی طور پر مطمئن، فکری لحاظ سے چوکنا اور عملی میدان میں ثابت قدم رہنے کا بہت ہی عمدہ اور مفید تعلیمی نصاب وتربیتی کورس مہیا کردیا ہے ۔

محترم مولانا ندیم احمد انصاری صاحب نے قرآنِ کریم میں ایمان کے ساتھ ساتھ اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت اور فرماں برداری کے جگہ جگہ کیے گئے ربانی مطالبے کی تربیت کو سامنے رکھتے ہوئے کتاب کے آخری حصے میں روزانہ پیش آنے والے حالات، تقاضے اور ضرورتوں کو سامنے رکھ کر اس موقع سے پڑھی جانے والی مسنون دعاؤں اور سنتوں کو بھی تحریر کر دیا ہے ، تاکہ آپ ﷺ کے حوالے سے امت کی محبت صرف جذباتی ومعلوماتی نہ ہو بلکہ صحابہ رضوان اﷲ علیہم اجمعین کی طرح سچی، ایمانی، اعتقادی اور عملی ہو۔بندہ شکر گذار ہونے کے ساتھ الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے ڈائریکٹر اور اسماعیل یوسف کالج کے لیکچرر، جناب حضرت مولانا ندیم احمد انصاری صاحب کی خدمت میں اس کتاب کو ترتیب دینے کی سعادت میسر آنے پر مبارک باد پیش کرتا ہے۔٭
 

Nadeem Ansari
About the Author: Nadeem Ansari Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.