لڑکیوں۔۔۔! ہوش میں آؤ

لڑکیوں ہوش میں آؤ خود کو اتنا نہ گراؤ کہ خود اپنے آپ سے بھی نگاہیں نہ ملا پاؤ۔۔۔۔۔۔ شرم و حیا ہی تمہارا حجاب ہے یہی تمہارا لباس ہے یہ تمہاری عزت یہ تمہارا وقار ہے یہی تمہاری حفاظت ہے یہ تمہاری حرمت ہے یہ تمہارا ہتھیار ہے اور یہی تمہارا دفاع ہے اپنے احساسات و جذبات کو کبھی کسی کے آگے عریاں نہ کرو چاہے تمہیں کسی پہ کتنا ہی اعتبار کیوں نہ ہو وگرنہ تمہارے اپنے پاس تمہارا کچھ بھی نہ رہے گا خالی ہاتھ رہ جاؤ گی خود جس پہ اعتبار کرو گی خود اس کی نظروں میں بھی اپنا اعتبار اپنا وقار گنوا بیٹھو گی-

اپنے پیاروں سے تو کیا خود اپنے آپ سے بھی نگاہیں نہ ملا پاؤ گی خود کو اس قدر نہ گراؤ کہ خود اپنے سہارے اٹھ نہ پاؤ خود کو اپنے سہارے گر کر اٹھنے اور سنبھلنے کے قابل بناؤ کہ جو تمہیں سہارا دے کر اٹھائے گا وہ تم سے اس احسان کا بدلہ ضرور وصول کرنا چاہے گا کہ یہ دنیا بےغرض نہیں خود غرضوں کا ٹھکانہ ہے اپنی غرض پوری کر کے غرض پوری کرنے والا پھر تمہاری رسوائی کا سبب بن جائے گا لیکن اس میں کسی کا قصور نہیں خود تمہاری ہی خطا ہے کہ تم نے کسی کو اپنے قریب آنے ہی کیوں دیا تم پہلے خود کسی کو سر پہ سوار کرتی ہو اور پھر کوئی تمہارے سر پر چڑھ کے ناچنے لگتا ہے تو چیخنے چلانے واویلہ کرنے لگتی ہو جو کہ تمہارے لئے بالکل بے سود ہے اور اس میں سرا سر تمہارا ہی خسارہ ہے وہ تو صاف بچ کے نکل جائے گا اور تم خود مشکل میں پھنس جاؤ گی اپنی جان پر عذاب سہو گی تنہا رہ جاؤ گی بہت پچھتاؤ گی اور اپنے اس غم کا اس روگ کا اس درد کا کوئی علاج کوئی مداوا نہ کر پاؤ گی-

اپنے وقار کو قائم رکھنا خود تمہارے اپنے اختیار میں ہے اپنے آپ کو سنبھالے رکھو مبادا کہ تمہاری روح تمہارا وجود خود تم سے ہی بیگانہ ہو جائے تمہارے دل میں ویرانہ کر جائے اپنے اندر سے بے حجابی دور کرو شرم و حیا سے خود کو مستور کرو نامحرم اغیار اجنبیوں کے سامنے اپنے حسن و ادا کی جلوہ آرائیوں سے گریز کرو خود کو محفوظ کرو روحانی و جذباتی اعتبار سے خود کو مضبوط کرو اپنے حسن کے جلوؤں سے دوسروں کو لبھانے اپنا آپ دوسروں کو دکھانے کی خواہش کو اپنے دل میں ہی مار لو اس سے پہلے کہ یہ خواہش تمہاری روض کی اجل کا سبب بن جائے تمہیں تمہاری موت سے پہلے زندہ درگور کر جائے قابو رکھو اپنے جذبات پہ انہیں عریاں نہ ہونے دو خود اپنی زندگی کو کھلونا نہ بننے دو کسی کے لئے اپنے جذبوں اپنی خواہشوں کو اپنے تک محدود رکھو اپنے آپ سے باہر نہ آنے دو اپنے جذبات کو ورنہ کہیں کی نہ رہو گی-

یاد رکھو کہ تمہاری ایک چھوٹی سی لغزش ایک چھوٹی سی خطا تمہارے لئے جان کا عذاب بن سکتی ہے مان لو کہ جو محتاط ہے وہ ہی محفوظ بھی ہے خود کو سمیٹ کے رکھو اپنا وقار اپنا مقام قائم رکھو قائم رہو اپنے مقام پہ اور خود کو کسی کے آگے گرنے نہ دو جھکنے نہ دو ٹوٹنے بکھرنے نہ دو اسی میں تمہاری عزت ہے اسی میں تمہاری سلامتی ہے کہ تمہیں اللہ رب العزت نے بہت اعلٰی مقام سے سرفراز فرمایا ہے اس کا خیال کرو اس کی حفاظت کرو اور اس مقام کا حق ادا کرو تاکہ سکھ سکون خوشی سے سر اٹھا کر جی سکو اور اپنے رب کی نعمت کا شکر ادا کرو جو اس نے تمہیں مرحمت فرمائی ہے تاکہ اس کی بارگاہ میں بھی سرخرو رہو-
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 489407 views Pakistani Muslim
.. View More