گوگل نے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں
کی فہرست جاری کردی لیکن حیران کن طور پر ٹاپ 5 فلموں میں کوئی پاکستانی
فلم جگہ نہ بناسکی۔
نیو کے مطابق دنیا بھر میں سب سے بڑے اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والے
سرچ انجن گوگل نے رواں سال 2018 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچنگ کے
اعتبار سے ٹرینڈ بنی رہنے والی فلموں کی فہرست جاری کردی۔ گوگل کی جانب سے
جاری کردہ فہرست میں حیران کن طور پر پاکستان میں سارا سال سرچ کی جانے
والی ٹاپ 5 فلموں میں کوئی بھی پاکستانی فلم شامل نہیں جب کہ ٹاپ 10 فلموں
میں لالی ووڈ کی ایک، ہالی ووڈ کی 2 اور دیگر فلموں میں ہالی ووڈ کی فلموں
کے نام دیکھنے میں آئے ہیں۔
فلم ’ریس تھری‘
گوگل فہرست میں پاکستان میں سرچنگ کے لحاظ سے پہلے نمبر پر دنیا بھر میں
تنقید کا نشانہ بننے والی سلمان خان کی فلم ’ریس تھری‘ نے جگہ بنائی ہے۔
فلم ’سنجو‘
دوسرے نمبر پر جگہ پانے والی سنجے دت کی زندگی پر بننے والی رنبیر کپور کی
مقبول ترین فلم ’سنجو‘ موجود ہے جوکہ اب تک دنیا بھر میں 500 کروڑ سے زائد
کا بزنس کر چکی ہے۔
فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘
فہرست میں تیسرے نمبر پر سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے مقبولیت کی
وجہ سے اپنا قبضہ جمائے رکھا ہے۔
فلم ’باغی ٹو‘
رواں سال ہی ریلیز ہونے والی ایکشن اور تھرل سے بھرپور ٹائیگر شروف کی
مشہور فلم ’باغی ٹو‘ چوتھے نمبر پر سامنے آئی ہے۔
فلم ’ ٹھگس آف ہندوستان ‘
گوگل کی فہرست کے مطابق ٹاپ 5 کی آخری فلم میں ناکامی کا سامنا کرنے والی
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے جگہ
بنائی ہے۔
فلم ’ ڈونکی کنگ ‘
پاکستانی اینی میٹڈ فلم ’ڈونکی کنگ ‘ سرچنگ کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر پہلی
پاکستان فلم کے طور پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔
فلم ’ایونجر: انفنٹی وار‘
مارویل سپر ہیرو کے کرداروں پر مبنی فلم ’ایونجر: انفنٹی وار‘ گوگل کی
فہرست میں ساتویں نمبر پر جگہ بنا پائی ہے۔
فلم ’بلیک پینتھر‘
دنیا بھر میں سوا ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کرکے تہلکہ مچانے والی مارویل
کامک سیریز ہی کی فلم ’بلیک پینتھر‘ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
فلم ’ہیٹ اسٹوری فور‘
نویں نمبر پر گوگل کی فہرست میں شامل ہونے والی بالی ووڈ کی فلم ’ہیٹ
اسٹوری فور‘ ہے۔
فلم ’پدماوت‘
پاکستان میں ٹاپ 10 میں دسویں نمبر پر سرچ کی جانے والی بالی ووڈ ہی کی
دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی متنازع فلم ’پدماوت‘ ہے۔ |