ہوسٹن امریکہ میں مقیم ممتازشاعر سید الطاف بخاری سے خوبصورت ملاقات

 بہت کم ہوا ہے کہ زندگی میں اِس انداز کا ٹھراؤ آگیا ہو اور ٹہراؤ بھی ایسا کہ احساس کی پگڈنڈیوں پر ادراک کی چہل پہل سکو ں میں ڈھل جائے۔ نومبر کی ایک خوبصور ت شام ہوسٹن امریکہ سے تشریف لائے ہوئے ممتاز شاعر جناب سید الطاف بخاری کا ناچیز کو فون آیا کہ یوں تو کل امریکہ واپسی ہے اور میں اب سہیل وڑایچ صاحب سے مل کر اُن کے گھر سے نکلا ہوں اور شایدآپ بھی مصروف ہوں گے لیکن نہ ملنے سے بہتر ہے کہ آپ سے کسی طور ملاقات کا سبب بن جائے۔

یوں جناب سید الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات لاہور کی خوبصورت نہر کے کنارئے پر ہوئی اور شاہ جی کے ساتھ یہ گھنٹے بھر کی ملاقات ایسے تھی جیسے کہ ایک عمر گزاردی ہو ہم نے باتوں باتوں میں۔ دس سال تک سوشل میڈیا پر شاہ جی کی شاعری سے فیض حاصل کرتے رہے ۔ بلکہ کچھ خاص قسم کی شاعر ی تو شاہ جی نے مجھے عنائت فرمائی تھی کہ آپ اِسے اپنی تقاریر میں پڑھا کریں۔ یوں شاہ جی کی شاعری میری ذات کا حصہ بن چکی ہے اور میری تقاریر میں جابجا اُن کی شاعری ہوتی ہے۔ یوں جب جناب سید الطاف بخاری نے خصوصی طور پر ملاقات کے لیے تشریف فرماہوئے تو میرئے لیے یقینی طور پر بہت بڑا اعزاز تھا۔

جناب سیدالطاف بخاری نے امریکہ کی مصروف ترین زندگی میں بھی خود کو شاعری کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ یوں امریکہ میں اُردو پنجابی بولنے والی کیمونٹی میں بھی شاہ جی کی شہر ت زبانِ زدِ عام ہے۔ پاکستان میں وہ دس برس کے بعد تشریف لائے تو یہاں اُن سے چاہت رکھنے والوں نے اُن کے اعزاز میں اتنی تقاریب کا انعقاد کیا کہ شاہ جی سے ملاقات بمشکل ہو سکی وہ بھی اُن کی خاص عنایت کی بدولت۔

شاہ جی کے ساتھ ون آن ون خصوصی ملاقات ۔ برسوں میرئے شعور میں وارفتگی کے جذبوں کی حدت کی تپش محسوس کرواتی رہے گی۔ شاہ جی کی باتوں میں خلوص کی وہ مٹھاس ہے کہ اُن کی باتوں کے سحر میں انسان کھو جاتا ہے۔ پاکستانی دُنیا کے جس ملک میں بھی ہے وہ اُردو زبان کا سفیر ہے۔ اِس لیے یقینی طور پر بجا طور یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ہمارئے شعراء اکرام ادیبوں کالم نگاروں نے اُردو زبان کی بہت خدمت کی ہے اور یہ خدمت پاکستان کی بھی ہے پاکستان کے لوگوں کی بھی ہے اور اِسی طرح ہماری ثقافت کی بھی ہے۔ جناب الطاف بخاری کی شخصیت کا خاصہ ہے کہ وہ مجسم اخلاق بھی ہے محبت کا پیکر بھی۔ سید الطاف بخاری کی شاعری میں ہمیں جا بجا معاشرئے میں پھیلی ہوئی ٖغربت، نا انصافی، بے یقینی دہشتگردی سے نفرت کا اظہار ملتا ہے۔ سید الطاف بخاری پاکستانی معاشرئے سمیت دُنیا کے تمام معاشروں میں امن چاہتے ہیں اور اِسی بات کا اظہار اُن کی شاعری میں ہے کہ سید الطاف بخاری کی دھن گرج ہمیں وقت کے فرعونوں کو للکارتی ہوئی نظر آتی ہے۔ بخاری صاحب فرماتے ہیں کہ ائے واعظوں کے روپ میں چھپے مداریو سنو۔ ائے باغباں کے بھیس میں چھپے شکاریو سُنو۔ تمھارئے کارِ پُر فسوں کی آخری یہ شام ہے۔ آگے چل کر بخاری صاحب مزید فرماتے ہیں کہ خُدا کی سرزمین پر خدا کا راج ہو نہ کوئی حکمراں ہو نہ صاحبِ خراج ہو۔ متزکرہ بالا اشعار میں جناب سید الطاف بخاری نے جس انداز میں ظلم اور جبر کی بات کی ہے اُن کی شاعری میں حبیب جالب، فیض احمد فیض کا عکس نظر آرہا ہے۔ حُسینیت کی للکار کے ساتھ وقت کے یزیدوں کو للکارنا جناب سید الطاف بخاری کے لہو میں شامل ہے۔ الطاف بخاری بول رہے تھے اور میں سُن رہا تھا۔شاہ جی نے پنجابی نظم سُنائی۔
ربا سچیا، خالقا، ما لکا وئے: کجھ تے سو کھی غریباں دی جان کردے
صدقہ پاک محمد ﷺ دے جوڑیاں دا میرے دیس چہ امن امان کردے
لہو روندیاں اکھیاں دور بہہ کے جدوں ویکھناں ظلم دا راج اوتھے
گھر دے دیوے توں گھر نوں اگ لگی کوئی آوے تے مشکل آسان کردے
سید الطاف بخاری کی ایک اور نظم پیش خدمت ہے۔
فاختہ(جنگ کے تناظر میں اک نظم)
،،میں،،
کہ صدیوں سے انسان کے ساتھ ہوں
امن کا، دوستی کا نشاں، فاختہ
پر نہ مانگا کبھی میں نے کچھ بھی کبھی
روٹی، کپڑا۔نہ گھر
کچھ نہیں چاہیے
جب بھی مانگا خدا سے جہاں کیلئے
امن اور آشتی، زندگی، دوستی
آج مغموم ہوں
گھر میں محصور ہوں
گھونسلے میں ہیں بچے بھی سہمے ہوئے
ہے فضاؤں میں میزائلوں کی گرج
لیس بارود سے، آگ سے ہیں بھرے
کتنے،،جنگی پرندے،،ہیں چاروں طرف
گھونسلہ میرا ان کے نشانے پہ ہے
،،بچے مر جائیں گے،،
میں اجڑ جاؤں گی
میں کہ صدیوں سے انسان کے ساتھ ہوں
امن کا، دوستی کا نشاں،فاختہ
،،دوستو،،
چونکہ ہاتھوں سے محروم ہوں
،،جوڑ کر زخمی پر،،
التجا ہے مری
میری پہلی تمنا،یہی آخری
آؤ مل کر ذرا
،،جنگ کو روک لیں،،

سید الطاف بخاری نہ صرف امریکہ میں بلکہ پوری دُنیا میں اُردو زبان اور پاکستان کی سفارت کاری کے فرائض انجام دئے رہے ہیں ۔ اﷲ پاک شاہ جی کو سدا سلامت رکھے آمین۔

MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE
About the Author: MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE Read More Articles by MIAN ASHRAF ASMI ADVOCTE: 453 Articles with 430161 views MIAN MUHAMMAD ASHRAF ASMI
ADVOCATE HIGH COURT
Suit No.1, Shah Chiragh Chamber, Aiwan–e-Auqaf, Lahore
Ph: 92-42-37355171, Cell: 03224482940
E.Mail:
.. View More