اسلام میں جمعۃ المبارک کی چھٹی کا تصور اور قومِ سبت

گزشتہ چند دنوں سے ملک بھر میں یہ بات گردش کرتی چلی آرہی ہے کہ ہفتہ وار چھٹی جمعہ کو ہوا کرے گی ،تو ہمارے ہاں تین گروہ بن گئے ۔ایک وہ جو جمعہ کی چھٹی کے حق میں ہیں۔ دوسرے وہ جو اس کے مخالف ہیں اور تیسرا گروہ جو خاموش ہے کہ ہمیں کیا جس دن بھی چھٹی ہو۔ ہمیں چھٹی سے تعلق ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ چھٹی جمعہ کو ہونی چاہیے۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔یہ ہمارا تشخص ہے۔ بے شک کہ یہ کام ہمارے اختیار میں نہیں ہے لیکن ہم جمعتہ المبارک کی چھٹی کے حق میں ہیں ۔
 

image


ہماراوہ طبقہ جو کہتا ہے کہ چھٹی اتوار کو ہی ہونی چاہیے جو سوالات اٹھاتا ہے ان میں سے ایک ہے کہ جمعہ کی چھٹی اسلام میں کہاں سے ہے؟ اگر جمعہ کی چھٹی اسلام میں نہیں ہے تو پھر اتوار کی چھٹی بھی اسلام میں نہیں ہے۔ اس لیے اتوار کو چھٹی بھی بند کی جائے اور چونکہ اسلام میں جمعہ کی نماز کے بعد تلاش معاش کا حکم ہے اس لیے جمعہ کی نماز سے پہلے چھٹی کی جائے۔ جس آیت مبارکہ کو جمعۃ المبارک کی چھٹی کے مخالف بیان کرتے ہیں کہ جمعہ کے بعد تلاش معاش میں نکل جاؤ اس آیت مبارک سے ہی جمعہ کی چھٹی کی دلیل موجود ہے ۔ جمعۃ المبارک سے قبل نہیں اِس کے برعکس قرآن میں جمعہ کی نماز کے بعد اﷲ کے فضل کی تلاش کرنے کا حکم ہے۔

جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اسلام میں اتوار کی چھٹی کا بھی تصور نہیں ہے تو وہ دلیل لاتے ہیں کہ پوری دنیا جمعۃ المبارک کو کام کرتی ہے ۔( تقریباً تمام مسلمان ممالک میں جمعۃ المبارک کی چھٹی ہوتی ہے )اگر ہم اس دن چھٹی کریں گے تو باقی دنیا سے کٹ جائیں گے، ہماری معیشت کا نقصان ہوگا۔ جب وہ ایسا کہتے ہیں تو مجھے قوم سبت یاد آ جاتی ہے جس کا ذکر قرآن پاک میں ہے۔ اس قوم کا بھی یہ ہی خیال تھا کہ سبت دن کام نہ کریں تو ہمارا نقصان ہوگا۔ اس قوم میں بھی تین گروہ بن گئے تھے۔ قرآن کریم میں بہت سی قوموں کے ایسے واقعات بیان ہوئے ہیں جن میں ان کے غلط اعمال اور اﷲ تعالیٰ کے احکام وحدود سے تجاوز کی پاداش میں ان کو عذابِ الٰہی کا سامنا کرنا پڑا۔اس سلسلہ میں ایک مشہور اور عبرتناک واقعہ اصحاب سبت کا ہے۔ اﷲ نے ان کے لیے ہفتہ (سنیچر) کو عبادت کا دن مقرر کیا۔ اس دن ان کے لیے خرید و فروخت کو حرام قرار دیا اور اس دن کو صرف عبادت کے لیے مخصوص کردیا۔شریعت کے حکم کے ساتھ انہوں (قوم سبت )نے یہ مذاق کیا کہ اس حکم کی اصل روح کو مسخ کردیا۔

بالکل ایسے جیسے جمعۃ المبارک کے بعد اسلام میں کام کرنے کی اجازت ہے اس سے پہلے نہیں ۔ہمارے ہاں اس کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ کہتے ہیں کہ جمعۃ المبارک کے دن کی چھٹی کا اسلام میں تصور نہیں ہے۔ ان کے لیے یہ بات کافی ہے کہ جمعہ سے پہلے چھٹی کرنے کا تصور ہے یا بعد میں۔ اگر بعد میں ہے تو پہلے کیوں کی جاتی ہے ۔اور جب اتوار کے دن چھٹی کا تصور نہیں ہے تو آپ کیوں کرتے ہیں ۔یہ بالکل اصحاب سبت والی دلیلیں لاتے ہیں ۔کچھ لوگ کہتے ہیں کہ یہ واقعہ سبت مخصوص تھا، اس قوم کے لیے اس کا اطلاق ہم پر نہیں ہے ۔ایسے سب افراد کے لیے عرض ہے کہ یہ واقعہ قرآن پاک میں موجود ہے ہماری نصیحت کے لیے عبرت کے لیے نشانی کے لیے ہمیں سمجھانے کے لیے اس لیے، اس واقعہ میں ہمارے لیے عبرت ہے سبق ہے۔ ﷲ تعالیٰ قرآن پاک میں اس بستی کے بارے میں فرماتا ہے کہ ’’اور (اے نبیؐ) ان سے اس بستی کے بارے میں پوچھو جو سمندر کے کنارے آباد تھی، جہاں سبت (سنیچر) کے معاملہ میں لوگ حد سے باہر جاتے تھے۔ سبت کے دن ان کی مچھلیاں پانی پر تیرتی ہوئی ان کے سامنے آجاتیں اور جب سبت کا دن نہ ہوتا تو نہ آتیں۔ اس طرح ہم ان کی نافرمانی کی وجہ سے انہیں آزمائش میں ڈالتے تھے اور جب ان میں سے ایک گروہ نے (نصیحت کرنے والوں سے) کہا تم ایسے لوگوں کو کیوں نصیحت کرتے ہو جنہیں اﷲ یا تو ہلاک کرنے والا ہے یا سخت عذاب دینے والا ہے؟ انہوں نے جواب دیا۔ اس لیے کہ تمہارے رب کے حضور معذرت کرسکیں اور اس لیے کہ یہ لوگ باز آجائیں۔
 

image


پھر جب وہ اس نصیحت کو بالکل بھلا بیٹھے جو انہیں کی گئی تھی تو ہم نے ان لوگوں کو بچالیا جو برائی سے روکتے تھے۔ مگر غلط کار لوگوں کو ان کی نافرمانی کی وجہ سے سخت عذاب میں پکڑ لیا۔ پھر جب وہ اس کام کو جس سے انہیں منع کیا گیا تھا پوری ڈھٹائی کے ساتھ کرنے لگے تو ہم نے کہا، ذلیل بندر بن جاؤ‘‘۔ (الاعراف)اس بستی میں تین قسم کے لوگ موجود تھے۔ایک وہ جو احکامِ الٰہی کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ دوسرے وہ جو خود تو خلاف ورزی نہیں کرتے تھے مگر اس خلاف ورزی کو خاموشی کے ساتھ بیٹھے دیکھ رہے تھے ۔ تیسرے وہ جن کی غیرت ایمانی حدود اﷲ کی اس کھلم کھلا بے حرمتی کو برداشت نہ کرسکتی تھی ۔او روہ اس خیال سے نیکی کا حکم کرنے اور بدی سے روکنے میں سرگرم تھے ۔اس صورتِ حال میں جب اس بستی پر اﷲ کا عذاب آیا تو قرآن مجید کہتا ہے کہ ان تینوں گروہوں میں سے صرف تیسرا گروہ ہی اس سے بچایا گیا۔ جمعہ بابرکت اور مسلمانوں کی عبادت کا دن ہے اور اِس طرح ہمارے بچے بھی نماز کی طرف راغب ہوں گے اور ہم اپنی نوجوان نسل کو مکمل اورپاکیزہ اسلامی ماحول مہیا کرسکیں گے۔

امت محمدیہ ملت ابراہیمی کی پیروی میں جمعہ کو تسلیم کرتی ہے، اس لیے اسلام نے جمعہ کے دن کاروبار کے معاملہ میں کسی طرح کی سختی نہیں رکھی ہے، البتہ صرف خطبہ و نماز جمعہ کے وقت میں معاش کمانے سے روک دیا ہے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد حلال روزی تلاش کرنے کی اجازت ہی نہیں بلکہ اس کی ترغیب بھی دی ہے۔لیکن یہ جمعہ ادا کرنے کے بعد کی بات ہے جمعہ سے پہلے کام کرنے کا نہیں کہا گیا ۔ہمارے ہاں عجیب بے تکی بات کی جاتی ہے کہ جمعہ سے پہلے کام کرو اور عین جمعہ کے وقت چھٹی کرو۔حالانکہ جمعہ کو عید کا دن کہا گیا ہے، اس دن نہانا ،اچھے کپڑے پہننے کا حکم ہے ۔مسواک کرنا اور جمعہ کی نماز کے لیے جامع مسجد جانے کا حکم ہے ۔جامع مسجد شہر کی مسجد جہاں آبادی زیادہ ہو ۔یہ سب تب ممکن ہے جب وقت ہوگا ۔وقت تب ہوگا جب قبل از جمعہ چھٹی ہو گی ۔بعد از جمعہ نہیں ۔
 

image


حضرت ابو ہریرہ اور حضرت حذیفہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا: اﷲ تعالیٰ نے ان لوگوں کو جو ہم سے پہلے تھے، جمعہ کے دن سے محروم کردیا۔ یہود کا دن ہفتہ اور نصاری کا دن اتوار مقرر ہوا۔ پھر اﷲ تعالیٰ نے ہم کو بھیجا اور جمعہ کے دن کے لیے ہم کو ہدایت دی۔ اس طرح جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دن مقرر ہوئے اور اس ترتیب کے لحاظ سے وہ (یہود و نصاری) قیامت کے دن ہمارے پیچھے رہیں گے۔ دنیا میں ہم سب سے پیچھے ہیں مگر قیامت کے دن سب سے پہلے ہمارا فیصلہ ہوگا‘‘۔ (صحیح مسلم،کتاب الجمعۃحدیث نمبر ۶۵۸)

دوسری بات جب آپ نے چھٹی کرنا ہی ہے تو اتوار کی بجائے جمعہ کو کیوں نہیں کرتے۔اتوار کی چھٹی کا بھی اسلام میں حکم نہیں ہے ۔رہی کاروبار کی بات تو اس پر قوم سبت کا واقعہ کافی ہے جو اوپر گزر چکا ہے ۔مال و دولت ،کاروبار ، جمعۃ المبارک کو کام کرنے سے دوسری دنیا سے کٹ جانے کا ڈر یہ سب ہماری آزمائش ہے ۔اِس میں کوئی شک نہیں کہ آج جن اسلامی ممالک میں جمعہ کو چھٹی ہوتی ہے اِن ممالک کی معیشت مستحکم ہے اور اِن کا اقتصادی ڈھانچہ بھی مضبوط ہے، نہ تو اِن کی ترقی رکی ہے اور نہ ہی یہ ممالک کسی بھی ترقی یافتہ مُلک سے معاشی ترقی سے پیچھے ہیں ۔

YOU MAY ALSO LIKE:

Friday ir in Arabic JUMMAH literally means congregation. It is a day when GOD has told every beliver to pray in congregation. Our PROPHET MUHAMMAD (PEACEBE UPON HIM) said Friday is the best day. ... In Islam, Friday is given the most importance than any other days of the week.