کیا مردوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں؟

آپ کو حیرت نہیں ہوتی کہ پوری دنیا میں خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے‘ بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے لیکن مردوں کا کوئی عالمی دن نہیں۔ کیا حرج ہے اگر ہم نے خواتین کا عالمی دن منایا تو مردوں کا بھی کل عالمی دن منا لیں؟ یہ عالمی دن طے کرنے والا جو کوئی بھی ہے مردوں کا ازلی دشمن لگتا ہے ورنہ کبھی اتنی بے انصافی نہ کرتا۔ مرد سے زیادہ بے بس اور جبر کا شکار دنیا میں کوئی مخلوق نہیں ‘ اس کے باوجود نہ ہمارا عالمی دن منایا جاتا ہے نہ ہمیں عورتوں کے برابر حقوق دیے جاتے ہیں۔

عام طور پر یہی سمجھا جاتا ہے کہ مرد بڑی آزادانہ اور خوشگوار زندگی گزارتے ہیں، لیکن بھائیو ! میں اور آپ ہی جانتے ہیں کہ ہم پر کیا کیا پابندیاں لگی ہوئی ہیں۔ ہم اپنی مرضی سے ٹی وی کا چینل نہیں تبدیل کر سکتے‘ بس میں کوئی ہمارے لیے سیٹ خالی کرنے کی زحمت نہیں کرتا‘ ہمارے لیے کہیں کوئی نہیں کہتا کہ ’مردوں کی عزت کریں‘۔ مرد عورت کو چھیڑے تو کیس بنتا ہے‘ عورت مرد کو چھیڑے تو مذاق بن جاتا ہے۔ عورت اسکرٹ پہن لے تو فیشن ایبل کہلاتی ہے، ہم نیکر پہن لیں تو بے شرم۔عورت آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے تو پر اعتماد کہلاتی ہے‘ ہم کریں تو لوفر کا لیبل لگ جاتا ہے۔ عورت ہنس کر بات کرے تو خوش اخلاق کہلاتی ہے‘ یہی حرکت ہم کریں تو شکاری کہلاتے ہیں۔

ہمیں بار بار طعنہ دیا جاتا ہے کہ یہ مردانہ معاشرہ ہے حالانکہ دوستو بزرگو! یہ سراسر زنانہ معاشرہ ہے۔ ہم مرد جس معاشرتی بے حسی کا شکار ہیں اس کے بارے میں لکھتے ہوئے میرا قلم کانپ رہا ہے‘ آنکھوں میں آنسو ہیں اور بہت بھوک لگی ہے۔آپ خود ہی سوچئے ، کیا ہم مرد آزاد ہیں؟

ہمیں تو ویگن خالی ہونے کے باوجود کوئی اگلی سیٹ پر بٹھانے کے لیے تیار نہیں ہوتا اور اگر کبھی خوش قسمتی سے یہ موقع مل بھی جائے تو ڈرائیور گھور کر کہہ دیتا ہے ’پرے ہوکر بیٹھو، گیئر بھی لگانا ہوتا ہے‘۔۔۔!!!

ہمارے لیے کوئی این جی او نہیں‘ کوئی دارالامان نہیں‘ کوئی مخصوص نشستیں نہیں‘ کوئی ادب و آداب کے قاعدے نہیں۔ ہمارا تو خوفناک ایکسیڈنٹ بھی ہوجائے تو ہمدرد لوگ ہمیں اُٹھانے کی بجائے اُس خاتون کی طرف لپکتے ہیں جسے خراش تک نہیں آئی ہوتی۔

ہم فیس بک پر اپنی تازہ تصویر لگا دیں تو جگتیں پڑنے لگتی ہیں‘ خاتون لگائے تو ماشاء اللہ‘ سبحان اللہ اور واہ واہ کی صدائیں بلند ہونے لگتی ہیں۔ ہم ہر قسم کے حالات کا ’’زنانہ وار‘‘ مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن کوئی ہم پر یقین ہی نہیں کرتا۔ ہم تو اتنے قابلِ رحم ہیں کہ عورتوں کی برابری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

کاش دنیا ہم سے بھی میٹھے لہجے میں بات کرے‘ کاش ہماری تصویر بھی تحریر سے زیادہ ہِٹ ہوجائے‘ کاش کوئی ہمارے شعروں کے بھی ڈیزائن بنا کر ہمیں گفٹ کرے‘ کاش کوئی ہمیں بھی ایزی لوڈ کرائے‘ کاش کوئی ہمارے لیے بھی کسی جگہ لکھ کر لگائے کہ مرد باپ‘ بیٹا ‘ بھائی اور شوہر ہوتا ہے۔ کاش ہمارے لیے بھی کوئی کما کر لائے ‘ ہمارے بھی کوئی ناز نخرے اٹھائے۔۔۔ لیکن نہیں! ہماری قسمت میں باس کی جھاڑیں ہیں، دوکاندار کے طعنے ہیں‘ گھر کے خرچے ہیں اور بچوں کی فرمائشیں ہیں۔

مرد ہونا کوئی آسان کام ہے؟ یہ مرد ہی ہے جو اپنی چھت بناتا ہے‘ یہ مرد ہی ہے جو رکشہ چلاتا ہے‘ یہ مرد ہی ہے جو صبح سے شام تک کولہو کے بیل کی طرح صرف اس لیے کام میں جتا رہتا ہے تاکہ گھر کا کرایہ ادا کر سکے‘ بچوں کے سکول کی فیس دے سکے۔ پھر بھی ہمارا کوئی دن نہیں منایا جاتا‘ حالانکہ ہمارا تو پورا ہفتہ منانا چاہیے۔جس کو دیکھو وہ خواتین کے حقوق کے لیے کمربستہ نظر آتا ہے‘ گویا ہم مردوں کو سارے حقوق حاصل ہوچکے ہیں۔

کس کس کو بتائیں کہ یار !ہم عورتوں سے زیادہ مجبور ہیں، آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا کہ کسی ناکے پر پولیس والوں نے عورت کی گاڑی روک کر اس کی تلاشی لی ہو۔ یہ صدمہ بھی ہم مردوں کو جھیلنا پڑتا ہے۔ہمیں تو فقیر اُس وقت تک منہ نہیں لگاتا جب تک ہمارے ساتھ کوئی عورت نہ بیٹھی ہو۔ ہم کدھر جائیں، کس سے فریاد کریں؟

عورتیں کھلے گلے پہن کر دفتر آئیں تو روشن خیال کہلاتی ہیں ، ہم گریبان کا ایک بٹن بھی کھول لیں تو باس دانت پیسنے لگت اہے’اوئے تینوں تمیز نئیں دفتر آن دی؟‘۔

کیا کریں، کدھر جائیں۔۔۔ یہ حق بھی عورت ہی کو حاصل ہے کہ وہ کسی بھی مرد پر کوئی بھی الزام لگا سکتی ہے، سارا زمانہ اس کی حمایت میں کھڑا ہوجاتا ہے، ہمیں کوئی ٹھڈا بھی مار جائے تو ہم شکایت نہیں کر سکتے کیونکہ ہم مرد ہیں۔

فیس بک پر آپ نے اکثر خواتین کا سٹیٹس پڑھا ہوگا جس میں وہ صاف صاف لکھ دیتی ہیں کہ ’اگر کسی نے مجھے ان باکس میں الٹا سیدھا میسج بھیجا تو میں اسے بلاک کر دوں گی‘۔ اور بلاک بھی ایسے لکھتی ہیں گویا ’ہلاک‘ کردیں گی۔ بندہ پوچھے بی بی اگر یہی حرکت تم کرو تو اس کی کیا سزا ہے؟۔۔۔

اصل میں خواتین کو بھی پتا ہے کہ وہ کس قدر اختیارات کی حامل ہیں۔ یہ مردوں کے برابر حقوق تو چاہتی ہیں لیکن وین میں مردوں کے برابر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں۔ یقین کیجئے انہیں مردوں سے ڈیڑھ دو سو گنا زیادہ حقوق حاصل ہیں لیکن چونکہ ان کا دن منایا جاتا ہے‘ چونکہ ان کی اہمیت ہے‘ چونکہ یہ شور مچانے کی اہلیت رکھتی ہیں لہٰذا ہم جیسے ’نمانے‘ مرد دبک جاتے ہیں ۔

آپ نے آج تک مختلف دفاتر میں یہی لکھا دیکھا ہوگا کہ ’خواتین کا احترام کریں‘۔کبھی یہ بھی دیکھا ہے کہ کہیں ٹوٹی پھوٹی عبارت میں مرد کے احترام کا بھی نوٹس لگا ہو؟ صرف اس لیے کہ مرد کا احترام سننے میں ہی بڑا مضحکہ خیز لگتا ہے۔

شادی کے وقت بھی یہ حق لڑکی والوں کا ہوتا ہے کہ وہ لڑکے کے دوستوں سے ملیں اور پوچھیں کہ موصوف کا کردار کیسا ہے؟ لڑکے والے کبھی لڑکی کی سہیلیوں سے رابطہ کرکے ایسا بیہودہ سوال نہیں پوچھتے۔

عورت اپنے شوہر کے لیے دو وقت کی روٹی بنائے تو معتبر ٹھہرتی ہے لیکن اُس مرد کے بارے میں کیا کہیں گے جو شدید گرمی میں جھلستے ہوئے تندور پر کھڑا روزانہ ہزاروں روٹیاں لگاتا ہے۔

لڑکیاں بال چھوٹے کروا لیں‘ جوگر پہن لیں‘ پینٹ پہن لیں۔۔۔ کوئی حرج نہیں، لیکن لڑکے کان میں بالی پہن لیں تو ابا جی جوتی اتار لیتے ہیں کہ’بے غیرتا!اپنے مامے تے ای گیا ایں ناں‘۔

میں کہنا یہ چاہتا ہوں کہ ہم مرد لوگ انتہائی شریف النفس‘ باکردار اور شرم و حیا کے پیکر ہوتے ہیں۔ جو لوگ اس بات پر دندیاں نکال رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔

حقیقت تو یہی ہے کہ مرد ہر طرف سے ٹھکرائی ہوئی مخلوق ہے۔

ہم گنجے ہوں‘ موٹے ہوں یا کالے۔۔۔ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم محنت کرتے ہیں اور خود دھوپ میں جل کر بھی اپنے بیوی بچوں کو سایہ فراہم کرتے ہیں۔ ہماری خوبصورتی ہمارے چہروں میں نہیں ہمارے دل میں ہوتی ہے۔

ہم عید پر بے شک اپنے لیے کوئی کپڑا نہ خریدیں لیکن بیوی بچوں کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کرلیتے ہیں۔
میری گزارش ہے کہ ہمیں بھی 100میں سے کم ازکم 33 نمبرضرور دیے جائیں اور کچھ ایسا ہمارے بارے میں بھی کہہ دیا جائے کہ جس سے ہمیں احساس ہو کہ ہم بھی کوئی حق رکھتے ہیں۔

کاش ہمارے لیے بھی کہیں تحریر ہو کہ۔۔۔ وجودِ ’مرد ‘سے ہے تصویر کائنات میں رنگ‘۔۔!!

Copied

YOU MAY ALSO LIKE: