عمران خان کا اجنبی سیاسی تہذیب

ولی خان اور ان کے ورکر میزبان تھے اور پشاور میں اپوزیشن جماعتوں کے انتخابی اتحاد کا جلسہ تھا ،ان جماعتوں کی مشترکہ صدارتی اُمیدوار فاطمہ جناح تھی جوں ہی فاطمہ جناح سٹیج پر آئی تو تمام کرسیوں پر سنیٹر لیڈرز براجمان تھے ۔ ولی خان بھی ایک کرسی پر بیٹھے ہوئے تھے جوں ہی فاطمہ جناح پر نظر پڑی تو بھاگ کر گئے فاطمہ جناح کے سر پر بھائیوں کی طرح دست شفقت رکھا ھاتھ سے پکڑا اور اپنی کرسی پر بٹھا کر خود ایک عام کارکن کی طرح کرسی کے پیچھے کھڑے ہو گئیے اور دیر تک کھڑے رھے کیونکہ سٹیج پر دوسری کرسی موجود نہ تھی.

ولی خان ،خان عبدالغفار خان کے بیٹے تھے جبکہ فاطمہ جناح قائداعظم محمد علی جناح کی بہن ۔

دونوں خاندانوں کے درمیان سیاسی اختلاف غضب کا تھا لیکن ذاتی احترام ایسا کہ ایک زمانے کو ششدر کر دیا تھا ۔

مسلم لیگ کے قیوم خان اور نیشنل عوامی پارٹی کے خان عبدالولی خان کے درمیان سیاسی تناؤ ھمیشہ انتھا کو چھوتا ہوا محسوس ہوا ، حتٰی کہ بابڑہ جیسے خونچکاں واقعات بھی اسی تاریخ کا حصہ بنے لیکن یہی قیوم خان جب ستّر کے عشرے میں بھٹو حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ اور مخلوط حکومت کا حصہ تھے تب ولی خان اور اس کےساتھی حیدرآباد ٹریبیونل میں پابند سلاسل تھے ،قیوم خان کے سخت سیاسی مخالف ولی خان کی اھلیہ بیگم نسیم ولی خان پارٹی کو متحرک کرنے گھر سے نکل آئی تھیں اور تحریک چلا رہی تھیں اس تحریک کو عوامی نیشنل پارٹی کے سخت جان ورکر عروج پر لے گئے اور بھٹو حکومت کو بہت حد تک پریشان کیا اس حوالے سے وزیر اعظم بھٹو نے پرائم منسٹر ھاؤس میں میٹنگ بلوائی تھی اسی میٹنگ میں بھٹو نے بیگم نسیم ولی کے بارے میں کچھ نازیبا الفاظ کہے سامنے بیھٹے ہوئے وزیر داخلہ قیوم خان کا چہرہ سُرخ ہوگیا اور اپنی کرسی سے اُٹھ کر بھٹو جیسے آدمی سے کہا زبان سنھبال کر بات کریں مجھے اختلاف ولی خان سے ہے بیگم نسیم میری بہن جیسی ہے تلخی اتنی بڑھی کہ بات طعنوں اور گالیوں تک پہنچی اور قیوم خان میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے ( اس واقعہ کے چشم دید گواہ قیوم خان کے سیکیورٹی افسر ذاکر خان زندہ ہیں اور پشاور میں مقیم ہیں۔) بعد میں قیوم خان نے اس " گستاخی" کی کیا قیمت ادا کی وہ ایک الگ کہانی ھے.

اکبر بگٹی بلوچ قوم پرستی کے سر خیل تھے جبکہ چودھری ظہور الہی مسلم لیگ سے وابستہ کٹر پاکستانیت کے علمبردار لیکن نظریاتی بعد کے باوجود دونوں میں ذاتی دوستی اور احترام کا ایسا رشتہ کے باید و شاید ۔ مچھ جیل سے عدالتی پیشی کے لئے کو ئٹہ لاتے ھوئے اکبر بگٹی نے اپنے دوست ظہور الہی کو ایک قاتلانہ حملے سے بچایا بھی اور دوست کی خاطر دشمنی بھی مول لی تھی.

افغان جنگ کے دوران اے این پی اور جماعت اسلامی نظریاتی محاذ پر شدت کے ساتھ ایک دوسرے کے مد مقابل تھے لیکن انہی دنوں جماعت کے امیر قاضی حسین احمد مرحوم تنظیمی دورے پر چارسدہ گئے توولی خان کو پیغام بھیجا کہ دوپہر کا کھانا آپ کے ھاں کھاؤں گا کھانے کے بعد دونوں گپیں ھانکتے اور قہقہے لگانے دکھائی دئیے ۔

نوابزادہ نصراللہ اور خواجہ خیر الدین جبکہ پیر پگاڑا اور شاہ احمد نورانی کی پارٹیاں اور سیاسی نظریات الگ الگ تھے لیکن باھمی دوستی اور احترام کا جذبہ ایک جیسا ۔

اسی طرح نوازشریف اوربے نظیر بھٹو ایک دوسرے کے سیاسی حریف تھے لیکن بے نظیر بھٹو پنڈی کی سڑکوں پر ایک شامِ الم میں ماری گئیں تو تھوڑی دیر بعد نواز شریف اس کے سرھانے کھڑا جیالوں کو گلے لگاتا اور آنسو بھاتا دکھائی دیا ۔

یہ تھی ھماری قابل فخر اور شاندار روایتوں سے مزین وہ سیا سی خیمہ جس میں اچانک عمران خان گھس آیا اور پھر کہاں کا ذاتی تعلق و دوستی اور کونسی تھذیب و شائستگی ، پھر تو بات اپنے ھاتھوں سے پھانسی دونگا اورچور ڈاکو لٹیرا سے ہوتی ہوئی گیلی شلواروں تک جا پہنچی صرف اسی پر ہی بس ہوتا تو ھم قلمی مو شکا فیوں کی ھنر مندی سے کام لیتے ہوئے حرف و لفظ کے معنی و مفھوم سے نا شناسی ، سادہ بیانی ، زبان کی پھسلن حتٰی کہ بلند فشار خون کے بہانے ٹانک کر اس ادھڑے اور بوسیدہ و بد رنگ سیاسی پوشاک کو بھی اطلس و کمخواب بنا دیتے لیکن خان صاحب اپنی نظرئیے و بیانئیے سمیت اس حد تک جا پہنچے کہ مشرقی تہذیب و تمدن ایک کرا ھت بھری اجنبیت کے ساتھ دیکھتا رہ گیا ۔

کبھی کبھی تو ایسا محسوس ھوتا ھے کہ سینکڑوں سالوں سے رواداری ھمدردی اور شائستگی سے معمور تہذیب کو خان صاب نے نہ صرف بے دردی سے مار ڈالا بلکہ اب اسکی لاش کو گلیوں کی جوھڑ میں کھنچتے ھوئے ان سیٹیوں اور تالیوں کا لطف اٹھا رھا ھے جو سفاکی اور بیگانگی کے ایک غول سے بر آمد ھو رھے ہیں.

بےنظیر بھٹو کی موت پر ان کے خاندان والوں سے عمران خان کی حاضری اور تعزیت تو درکنار ھمدردی کے دو بول تک نہیں کہے حالانکہ بے نظیربھٹو کے شدید سیاسی مخالفین سمیت تمام جماعتوں کے رھنما اپنے اپنے آنسو ان کی دھلیز پر چھوڑ آئے تھے ۔

پشاورکا بلور حاندان مظلومیت اور ھمدردی کا ایک سوگوار استعارہ ہے مدتوں اس خاندان کے مردوں کے پرخچے اُڑتے خواتین بیوہ ہوتیں اور بچے یتیم ہوتے گئے کون سنگدل ہو گا جس کی آنکھوں میں نمی نہ اُتری ھو یاجس نے موقع ملتے ہی اس خاندان کے ویران آنگن میں حاضری نہ دی ہو لیکن عمران خان ایسی ویران آنگنوں میں آنسوؤ ں کے سوغات بانٹنےوالےآدمی ہی نہیں اور وہ بھی ان کے ھاں جو اس کے جماعت کا حصہ نہیں ، اور تو اور اپنےسگے چچا زاد بھائی نجیب اللہ نیازی ( جوپنجاب اسمبلی کے ممبر تھے ) کی موت پر حاضری تودرکنار تعزیتی بیان تک سے گریز کیا کیونکہ مرحوم اور اس کا بڑا بھائی حفیظ
اللہ نیازی سیاسی مخالف تھے ۔

اورپھر اس حوالے سے کلثوم نوازکا معاملہ تو رونگھٹے کھڑے کر دیتاہے ۔

اُف خدایا!

تمھاری زمین پر ایسی سفاکدرندگی بھی پل رہی ہے؟

ایک بےضرر بلکہ غیر سیاسی خاتون اپنے خاندان پر اترے آزمائش و ابتلاء کے قھر آلود موسموں میں اور  غریب الوطنی میں کینسر سے ایڑیاں رگڑرگڑ کرمر رہی تھیں لیکن دوسری طرف سرِ شام ٹیلی وژن چینلوں پر زھریلے قہقہوں کے ساتھ عمران خان کے پیروکار پھیل جاتے اور موت سے بر سر پیکار آخری سانسیں لیتی مریضہ کو ڈرامہ باز کہہ کر اس کا مذاق اُڑاتے رھتے. ۔
بس بھی کروں خُدا کی قسم مزید لکھا نہیں جاتا۔
 

Hammad  Hassan
About the Author: Hammad Hassan Read More Articles by Hammad Hassan: 29 Articles with 19780 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.