سوشل میڈیا سے مراد انٹرنیٹ بلوگز، سماجی روابط کی ویب
سائٹس، موبائل ایس ایم ایس اور دیگر ہیں جن کے ذریعے خبریں اور معلوماتی
مواد کو فروغ دیا جاتا ہے۔ آج کے دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار
نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ روایتی میڈیا
سے تعلق رکھنے والے صحافی اور دیگر کاروباری افراد معلومات کو عوام تک
پہنچنے کے لیے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا سائٹس جیسے فیس بک اور ٹوئٹر، مائی
اسپیس، گوگل پلس ، ڈگ اور دیگر سے جڑے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا الیکٹرونک اور
پرنٹ میڈیا سے بھی زیادہ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ
عوام کا سوشل میڈسے منسلک ہونا ہے۔ اس الگ میڈیا میں خبروں اور معلومات کو
تلاش کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ معلومات کا ذخیرہ آپ تک خود بخود بذریعہ ای
میل اور انٹرنیٹ بلوگ پوسٹس پہنچ جاتا ہے، آپ کو صرف کسی بھی بلوگ یا سائٹ
میں اندراج کی ضرورت ہے۔ ایک چھوٹی سے چھوٹی خبر کو مقبول کرنے کے لئے کسی
بھی سوشل سائٹ میں صرف ایک پوسٹ شیئر کرنے کی ضرورت ہے پھر یہ خود بخود ایک
سے دوسرے اور دوسرے سے تیسرے فرد تک پہنچ جائے گی۔ انفورمیشن ٹیکنولوجی نے
انسان کو اتنا ترقی یافتہ بنا دیا ہے کہ انسان اپنا وقت ضائع کئے بغیر کہیں
بھی بیٹھے بیٹھے پوری دنیا سے سوشل میڈیا کے ذریعے میل جول رکھ سکتا ہے۔
|