غرور کا انجام

تحریر ، دِیا خان بلوچ،لاہور
ببلو نے ایک پیارا سا بلا پالا،جس کا نام اُس نے چینٹو رکھا۔چینٹو بھی ببلو کی طرح گول مٹول ساسفید رنگ کا بلا تھا،جس کی آنکھیں سبز رنگ کی تھیں،گلے میں سبز رنگ کا پٹا اور ساتھ میں سیاہ موتیوں کی مالا۔چینٹو ،ببلو کے لاڈ پیار سے بہت بگڑ چکا تھا۔اُسے اپنی سفید رنگت پر بہت ناز تھا جس کی وجہ سے وہ بہت مغرور ہوگیا تھا۔ببلو ہر روز اُسے پارک لے کر جاتااور وہاں اُس کے ساتھ خوب مزے سے کھیلتا ۔چینٹو کبھی تو ببلو سے ہار جاتا لیکن کبھی جیت جاتا ۔ببلو اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پارک میں بہت مشہور تھا،پارک میں موجود سب بچوں کی خواہش ہوتی کہ چینٹو اُ ن کے ساتھ کھیلے لیکن جب بھی کوئی بچہ چینٹو کے قریب آنے کی کوشش کرتا چینٹو غصے سے شور کرنے لگتا۔

ایک بار توچینٹو نے حد کر دی ،پارک میں دوڑ کے دوران اُ س نے ایک چھوٹے بچے کو زور سے ٹکر ماری۔ ٹکر لگنے سے بچے کو چوٹ آئی ،چینٹو تو ڈر کر ایک کونے میں چھپ گیا۔پھرجیسے ہی اُسے ببلو آتا ہوا نظر آیا وہ فوراً اُس کے پاس پہنچ کر اُس کے ارد گرد گھومنے لگا۔ببلو جانتا تھا کہ چینٹو کی وجہ سے بچے کو چوٹ آئی ہے لیکن وہ چینٹو کو سمجھانے کے بچائے اُسے جلدی سے گھر لے آیا۔

تھوڑ ا وقت اور گزرا تو سب بچوں نے چینٹو کو توجہ دینا کم کر د ی ۔اب کوئی بھی چینٹو کے پارک میں آنے کی خبر نہ لیتا۔بچے اپنے کھیل میں مصروف رہتے ۔کچھ دنوں سے اُن کے پارک میں ایک نیا بچہ آرہا تھا جس کا نام عزیر تھا، وہ اپنے ساتھ روئی کے گالوں جیسا بلا لاتا۔اس کا بلا بہت اچھا تھااُس کا ناجمپی تھا ۔جب کوئی بھی بچہ اسے پیار کرنے اُس کے قریب آتا تو وہ آرام سے ا ُس کے ساتھ لگ کر بیٹھ جاتا۔ اب تو کوئی بھی چینٹو کو اہمیت نہ دیتا ۔جس سے چینٹو اور بھی غصے کا اظہار کرتا۔وہ بچوں کو ڈرانے کے لیے غرانے لگتا۔بچے اب اُس سے ڈر نے لگے تھے جہاں چینٹو ہوتا وہاں کوئی بھی بچہ نہ جاتا۔

ایک بار ایسا ہوا کہ چینٹو کو سڑک پار کرنی تھی۔ببلو نے چینٹو کو سمجھایا تھا کہ وہ اُ س کا انتظار کرے وہ تھوڑی دیرتک واپس آجائے گا،لیکن چینٹو ببلو کی بات کو بھلائے سڑک کی طرف آگیا۔پہلے وہ مزے سے یہاں سے وہاں گھومتا رہا ،تب تک ہری بتی جلتی رہی اور تیز رفتار گاڑیاں گزر رہی تھیں۔چینٹو سرخ بتی کے جلنے کا انتظار کرنے لگا۔چینٹو کو سڑک کے کنارے دیکھ کر کچھ بچے اُسکے پاس آئے اور اُ س کی مدد کرنے کی کوشش کی تو اُس نے بچوں کوپنجے مارنے لگا،بچے چیختے ہوئے دور بھاگ گئے۔بچوں کو ڈرا کراُسے بہت مزاا ٓیا،اتنی دیر میں سرخ بتی بجھ چکی تھی اور سبز بتی پھر سے جلنے لگی تھی،لیکن چینٹو نے غور کیے بنا ہی سڑک پار کرنا شروع کر دی۔

تھوڑی ہی دیر میں وہ سڑک کے درمیان کھڑا تھا،اُس کے آس پاس زور زور سے ہارن بجاتی گاڑیاں گزر رہی تھیں ،شور سے گھبرا کر اُسے سمجھ ہی نہ آیا کہ وہ کیا کرے۔وہ نہ تو آگے کی بڑھ رہا تھا اور نہ ہی واپس جا رہا تھا۔تب ہی ایک گاڑی نے اُسے ٹکر ماری اور وہ اُچھل کر سڑک کنارے جا گرا۔بیہوش ہونے سے پہلے اُس نے ببلو کو اپنی طرف آتے ہوئے دیکھا تھا۔

چینٹو کی دائیں ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی، ببلو چینٹو کو ہسپتال سے گھر لے آیا ۔ببلو اب بہت اُداس رہنے لگا تھا اب تو وہ چینٹو سے باتیں بھی نہیں کرتا تھا۔چینٹونے بھی ببلو کا بدلا ہوا رویہ محسوس کر لیا تھا۔اگلے روز جب ببلو چینٹو کے پاس آیا تو وہ رونے لگا۔ببلو کو اپنے پیارے سے چینٹو پر بہت پیار آیا اس نے چینٹو کو گلے لگا لیا۔ببلو سوچ رہا تھا کہ اگر میں نے چینٹو کو سمجھایا ہوتا اور اسے بگاڑا نہ ہوتا تو میں آج ہم دونوں یوں اکیلے نہ ہوتے۔باقی سارے بچے تو پارک میں دانیال کے ساتھ بہت خوش ہیں ،بس ہم دونوں ہی۔۔۔ یہ سوچ کر ببلو خود بھی رونے لگا۔اتنے میں ببلو کے پاس اُن کے مالی بابا آئے اور بتایا کہ ببلو کے دوست آئے ہیں۔ببلو سوچنے لگا کہ اس کے کس دوست نے آنا تھا جب اُسے کچھ یاد نہ آیا تو وہ باہر آیا۔

باہر آنے پر جو منظر اُ س نے دیکھا ،اسے یقین ہی نہ آیا۔پارک میں کھیلنے والے سارے بچے ہاتھوں میں رنگ برنگے غبارے پکڑے،چینٹو کے لیے Get Well Soon کے کارڈ اُٹھائے کھڑے تھے ۔عزیر کے ساتھ اس کا بلا جمپی بھی آیا تھا ۔ یہ سب دیکھ کر ببلو بہت خوش ہوا،وہ اِن سب کو چینٹو کے پاس لے گیا۔

چینٹو کو بھی شیدید حیرت ہوئی لیکن سب بچے پیار سے اُس کے بال سہلاتے رہے۔آج چینٹو نے کسی بھی بچے نہ تو ڈرایا اور نہ نخرے دکھائے۔کیوں کہ آج اُسے سمجھ آگیا تھا کہ غرور کرنے سے صرف نقصان ہوتا ہے،جب کہ اگر سب کے پیار سے رہا جائے تو سب ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں بلکہ خوش بھی رہتے ہیں۔جس طرح آج چینٹو اِ ن سب بچوں کے ساتھ بہت خوش تھا۔
 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1141946 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.