حاجی محمد اقبال = ایک مثالی شخصیت

اُس دن جنازہ گاہ ہی نہیں بلکہ ارد گرد کی گلیاں بھی اپنی تنگ دامنی پر شکوہ کناں نظر آ رہی تھیں۔ٹریفک جام ہو گئی تھی۔لوگ ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے کہ کس شخصیت کا جنازہ ہے۔؟اتنا بڑا ہجوم پہلے کبھی یہاں نہیں دیکھا گیا۔ عزیز آباد ٗ کیا نی روڈ اور علامہ اقبال کالونی کی اس مشترکہ جنازہ گاہ میں پہلے بھی کئی بار نماز جنازہ میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ مگر آج عوام کا ہجوم تھا کہ اُمڈا چلا آرہا تھا ۔ بزرگ اور جوان ہی نہیں بلکہ نوجوان بھی بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کے لئے دوڑے چلے آ رہے تھے۔ جماعت اسلامی اور اس کی ذیلی و برادر تنظیموں کے عہدیداران ٗارکان و کارکنان ٗ تاجر ٗعلماء کرام ٗوکلا ٗاساتذہ اور اہل محلہ صف بندی کرکے اورکندھے سے کندھا ملائے کھڑے تھے۔ جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد کی رنج و غم میں ڈوبی ہوئی مگر توانا آوازکانوں سے ٹکرائی کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ ہمارے بھائی حاجی محمد اقبال کی ساری زندگی اﷲ کے دین کے نفاذ کی جدوجہد میں گزری ہے۔وہ سادگی اور درویشی کا نمونہ تھے۔ دُعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کی اگلی منزلیں آسان کرے۔ آمین۔ٹیچرز یونین کے صدر احسان صاحب نے کہا کہ میں مورگاہ سکول میں جب گیا تو ناواقفیت کے باوجود حاجی اقبال صاحب !نے سب سے پہلے خوش آمدیدکہا اور دوسرے اساتذہ اور سکول کے عملے سے تعارف کرایا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ تعلقات دوستی اور بھائی چارے میں تبدیل ہو گئے۔بیماری کے دوران میں ان کو ملنے آیا تو باتوں باتوں میں انہوں نے کہا کہ فلاں ہمارے سکول کے ساتھی بیمار ہیں ۔آپ میرے بچے کو لے کر ان کے گھر جائیں اور میری طرف سے بیمار پُرسی کریں ۔اس طرح کی ان کی سوچ اور اس طرح کا ان کا عمل تھا۔ایسے انسان اب ڈھونڈے سے نہیں ملتے۔ پھر امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی کی آواز سماعتو ں سے ٹکرائی ٗ وہ لاؤڈسپیکر پر اعلان کر رہے تھے کہ ساتھی آگے آگے آ جائیں ۔بعد میں آنے والے افراد کو بھی جگہ بنا کر دیں۔ صف میں کھڑے ہونے کے بعد جب ادھر اُدھر نظر دوڑائی تو یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ اس سے پہلے وہ ایک کھلی جگہ تھی ۔ اب جب دیکھا تو پوری جنازہ گا ہ پر سیمنٹ کی تیار سلیٹوں کی چھت ڈال کر اسے اُونچی دیواروں سے محفوظ بنا دیا گیا تھا۔ گویا گرمی ٗ سردی اور بار ش سے بچاؤ کا انتظام کر دیا گیا تھا۔بلاشبہ آج ہزاروں کا مجمع تھا مگر ایک شخص کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی تھی۔ایسے مواقع پر وہ سب سے زیادہ متحرک ہوتے تھے۔ لوگوں کی رہنمائی کرتے ۔ آنے والوں کو ان کی حیثیت اور مرتبے کے مطابق پروٹوکول دیتے تھے۔ صف بندی کراتے۔ بزرگوں کا خیال رکھتے اور ان کو مناسب جگہ تک پہنچاتے۔ میرا اُن سے تقریبا تین عشروں سے ایک دوست اور ایک بھائی کا تعلق اور رشتہ تھا۔ جماعت اسلامی کے چھوٹے بڑے پروگراموں میں وہ ہمیشہ نمایاں نظر آتے تھے۔کوئی جلسہ ٗ ریلی یا جلو س ہو توخود ہی اس کو منظم کرنے کا فریضہ ادا کرتے تھے۔ میں نے دیکھا کہ کوئی اجتماع ارکان ہو یا کوئی مخصوص اجلاس ہو تو وہ اس میں ضرور کھڑے ہو کر اپنی بات کرتے۔ کہیں سوال کرتے اور کہیں محاسبہ کرتے نظر آتے تھے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ اخلاص کا رشتہ بہت گہرا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ وہ جماعت اسلامی کی پالیسی کو لے کر چلتے اور دھڑلے سے بات کرتے تھے۔ جماعت اسلامی کے اند ہی نہیں بلکہ باہر گلی محلے اور سکول سے لے کر بازار تک ان کو جاننے والا ہر فردان کی سچا ئی اور اخلاص کی گواہی دیتا ہوا نظر آئے گا۔وہ اخلاص و مروت کا مجسمہ تھے۔ ان کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہ تھا۔ کھلے دل کے مالک اور محبت کرنے والی شخصیت تھے۔ ایک دن مجھے رات عشا کے وقت صدر بازار راولپنڈی میں مل گئے۔ ہمیشہ کی طرح تپاک سے ملے۔ حال احوال پوچھنے کے بعد کہنے لگے کہ میرا دل چاہتا ہے کہ آج آپ میرے ساتھ کھانا کھائیں۔میں نے کہا کہ اس تکلف کی کیا ضرورت ہے۔ میں ابھی گھر جا رہا ہوں۔کھانا تیار ہوگا۔آپ کا شکریہ ! پھر کسی وقت کھا لیں گے۔مگر وہ اصرار کر کے مجھے ایک معروف ہوٹل میں لے گئے ۔ یہ ان کی عظمت اور محبت کا عملی اظہار تھا۔

سماجی رابطوں کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اورمعروف ویب سائٹ facebook پربڑی تعداد میں مختلف دوست احباب اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے انداز میں اپنے پیارے بھائی اور تحریکی ساتھی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور رنج و غم کے اس موقع پر اپنے دلی جذبات کا اظہار بھی کیاہے۔چند تاثرات پیش خدمت ہیں۔

شمس الرحمان سواتی ۔صدر نیشنل لیبر فیدریشن پاکستان ٭جماعت اسلامی راولپنڈی کے رکن حاجی محمد اقبال وفات پا گئے ہیں۔ایک عظیم انسان ٗ غیر تمند مسلمان ٗدردمند و غم خوار ٗخیر خواہ دوست ٗنڈر و بے باک ٗبہادر و مخلص اور سادگی و درویشی جس کا خاصہ ٗہمہ وقت ہنستا مسکراتا ٗ اﷲ کا وہ مقبول بندہ اپنوں پرایوں کو سوگوار چھوڑ گیا۔ آئیے اُن جیسا بننے کی کوشش کریں۔

سید عزیر حامد ۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی ٭ جماعت اسلامی کے مخلص ٗ بے لوث ٗ انتھک ٗ دلیر ٗبے باک ٗبے مثال اور درد دل رکھنے والے بہترین کارکن تھے۔غلبہ اسلام کی جدوجہد میں ساری زندگی گزاری۔ اﷲ کریم ! جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔

رضوان احمد ۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب شمالی ٭ حاجی محمد اقبال ایمان و استقامت ٗسادگی و قناعت کا عملی نمونہ تھے۔وہ ہم سب کے لئے ایک روشن مثال ہیں ۔ انہیں جب بھی دیکھا ٗ تحریک کے مشن کو آگے بڑھانے کی لگن میں مصروف ہی دیکھا۔اﷲ تبارک و تعالیٰ ان کی سعی و جہد کو اپنی بارگاہ میں قبول کرے۔ آمین۔

خالد محمود مرزا ۔ امیر جماعت اسلامی پی پی 10 ٭ میرا بھائی ٗ میرا قائد ٗمثالی خاوند ٗمثالی باپ ٗ مثالی بھائی ٗ مثالی کارکن ٗمثالی استاد ٗمثالی منتظم ۔ حاجی اقبال صاحب کا راولپنڈی کینٹ کا تاریخی جنازہ ٗ جو دُنیا کے بجائے اﷲ کا بندہ تھا۔ایک مخلص انسان ٗدوسروں کا درد رکھنے والا ٗ حاجی اقبال جو ایک سکول ٹیچر ہو کر وہ کچھ دُنیا میں کر گیا۔ جو بڑے بڑے مالدار انسان نہیں کر سکتے اور اس کو وہ اعزاز ملا جس کی حسرت بہت سے لوگ کرتے ہیں۔اﷲ میرے بھائی حاجی اقبال صاحب کی اگلی ساری منزلیں آسان فرمائے۔ان کو کروٹ کوٹ جنت نصیب فرمائے ۔
سنے کون قصہ درد دل ،میرا غمگسار چلا گیا
جسے آشناؤں کا پاس تھا،وہ وفا شعار چلا گیا

محبت ٗ خلوص ٗ ہمدردی اور دوست نوازی کے سارے اوصاف کو جمع کر دیا جائے تو حاجی اقبال صاحب کی شخصیت کا خاکہ اُبھر کر سامنے آجاتا ہے۔میں یہ بات بلا مبالغہ کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اپنی زندگی میں حاجی صاحب جیسا اُجلا آدمی نہیں دیکھا۔تکلفات سے آزاد تصنع اور بناوٹ سے بے نیاز ۔ اپنے مسائل کو پس پشت ڈال کر دوستوں کے معاملات کو دل و جان سے حل کرنے کی تگ و دو میں رہنے والے۔سچ پوچھیں تو ایسے ہی لوگ ہیں جن کے بارے میں کہا گیا ہے ۔
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتا ہے

اﷲ تعالیٰ حاجی صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام دوستوں اور قرابت داروں کو حاجی صاحب کی جدائی کا درد سہنے کا حوصلہ عنایت فرمائے۔

Malik Muhammad Azam
About the Author: Malik Muhammad Azam Read More Articles by Malik Muhammad Azam: 48 Articles with 52012 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.