اے وطن تو نے پکارا تو لہو کھول اٹھا

ہمارا پیارا وطن پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس کا ادراک صرف اورصرف محبت وطن طبقہ ہی کر سکتا ہے ایک طرف دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے تو دوسری جانب دگرگوں معاشی صورت حال ، پاکستان سے محبت کرنے والے اس صورت حال پر افسردہ و پریشاں ہیں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو ریاست اور ریاستی اداروں کو طعن و تشنیع کانشانہ بنائے ہوئے ہے اور ان کا ہدف تنقید قانون نافذ کرنے والے ادارے بالخصوص فوج ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی فوج کا شماردنیاکی بہترین افواج میں ہوتا ہے اور پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسی آئی ایس آئی دنیا کی نمبر ون سیکرٹ ایجنسی ہے اپنے مخصوص جغرافیائی محل وقوع اور سی پیک منصوبے کی بدولت پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اس لئے دشمنان پاکستان چاہے وہ اندرونی ہوں یا بیرونی انہیں پاکستان کی تعمیر و ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی اور وہ پاکستان کو داخلی و خارجی ہر دو محاذ پر کمزور کرنے کے لیے سازشوں کے جال بچھاتے رہتے ہیں۔بلاشبہ فوج کسی بھی ملک کی سلامتی،بقا اور استحکام کی ضامن سمجھی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک دشمن عناصر کا پہلا ہدف ہماری بہادر افواج ہیں ان عناصر کی کوشش ہے کہ فوج پر قوم کا بھروسہ اور اعتماد اٹھ جائے اس لیے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے فوج کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں کبھی سیاسی چھتری تھامے پی ٹی ایم کے پلیٹ فارم سے بے سروپا و نام نہادنعروں کے ذریعے اور کبھی بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر معصوم اور بیگناہ شہریوں کا خون بہا کر اور کبھی پاک افواج پر بارودی سرنگوں اور خود کش دھماکوں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کو عملی جامہ پہناتے رہتے ہیں سلام ہے ہماری مسلح افواج کی جرأت و بہادری کو کہ بیش بہا قربانیاں دینے کے باوجود بھی وہ اندرونی و بیرونی دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہے سر حدوں کی حفاظت ہو یا سوات،شمالی و جنوبی وزیرستان،سندھ پنجاب ہو یا بلوچستان یا پھر خیبر پختونخواہ کا علاقہ ،خیبر سے کراچی اور مکران کے ساحل سے لے کر واہگہ تک پاکستان کی بہادر افواج وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہے یہی نہیں پاک بحریہ بھی اپنی سمندری حدود کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکس و مستعد ہے وطن کی سلامتی و بقاکی خاطرپاک فضائیہ بھی اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے رواں برس27فروری کو پاکستان میں دراندازی کرتے ہوئے دوبھارتی جہازوں کو مارگرانے اور ایک پائلٹ کی گرفتاری پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت و بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے اورقوم اپنے بہادر سپوت اسکواڈرن لیڈرحسن صدیقی پر بلاشبہ فخر کرتی ہے۔دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن ردالفساد میں جہاں فوجی جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں وہیں فوجی افسر بھی پیچھے نہیں گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے خرکمر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3افسران سمیت 4 فوجی شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ،میجرمعیز مقصود کا تعلق کراچی،کیپٹن عارف اللّہ لکی مروت اور نائب حوالدارظہیراحمدشہید کا تعلق چکوال سے تھاآئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران شمالی وزیرستان میں مختلف واقعات میں10سیکورٹی اہلکار شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں یہ تمام تر واقعات گزشتہ ماہ پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے فوجی چیک پوسٹ پر حملے کا تسلسل ہیں ادھر گزشتہ ہفتے سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مادروطن کے دفاع کے لیے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کی نا صرف بھرپور صلاحیت رکھتی ہے بلکہ ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے کانفرنس کے شرکا ء نے ملک کی خدمت کے لیے تمام کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا یہاں اس با ت کاذکر ضروری ہے کہ جس طرح ہماری مسلح افواج دفاع وطن کے لیے ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے بھر پور تیاری رکھتی ہے وہیں پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیزکی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی اور وطن کی سلامتی و استحکام کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔
اے وطن تو نے پکارا تو لہو کھول اٹھا
تیرے بیٹے تیرے جانباز چلے آتے ہیں

Ajmal Bhatti
About the Author: Ajmal Bhatti Read More Articles by Ajmal Bhatti: 21 Articles with 18564 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.