علم عرفان و ہدایت کا چرغ

تحریر: ام محمد عبد اﷲ
تا حد نگاہ پھیلا ایک چٹیل میدان تھا۔ دریا، پہاڑ، کھائی، ٹیلے، سمندر، جنگل کچھ بھی نہ تھا۔ نہ کوئی نشیب نہ فراز۔ فقط ایک چٹیل میدان اور آگ اگلتا آسمان۔ کوئی جائے پناہ نہ تھی۔ برہنہ بدن، حسرت و یاس لیے ایک ہجوم تھا جو چیخ رہا تھا چلا رہا تھا۔ تڑپ اور سسک رہا تھا۔ لیکن آہ و فغاں سننے والا کوئی نہ تھا۔ اسی بھڑکتی آگ اور شعلوں کی حدت سے بے دم ہوتے وہ ہجوم کے بیچوں بیچ آہستہ آہستہ چلنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ایک ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کے ساتھ ہی منظر بدل سا گیا تھا۔

یہ معصوم بھولے بھالے نوعمر بچے تھے۔ کستوری کی مہک ان کے چاراطراف بکھری ہوئی تھی۔ بمثل خورشید نور کے تاج تھے جو انہوں نے سروں پر پہن رکھے تھے۔ آج جب سب بے لباس تھے۔ ان کا لباس اور آن بان دیدنی تھی۔ خوشی اور نور ان کے چہروں سے پھوٹ رہا تھا۔ لیکن ابھی کہاں۔ معزز اور اطاعت گزار نورانی فرشتے انہیں سلامتی اور بلند درجات کی خوشخبریاں سنا رہے تھے کہ اچانک منادی کرنے والے نے صدا لگائی۔ سانحہ پشاور اور سانحہ قندوز کے مجرموں کو بھیڑ میں سے الگ کر لیا جائے کہ آج بدلے کا دن آن پہنچا ہے۔ مجرموں کی چیخ و پکار، دہکتے شعلوں کی حدت، آسمان کی سرخی غرض ہر چیز میں یکدم اضافہ ہوا تھا۔ بھڑکتے الاؤ کی شدت سے بے حال ہوتے انہوں نے پلٹ کر دیکھا۔ آتش فشاں جیسی آگ تھی جو بس انہیں چھونے کو تھی۔ وہ ڈر کے مارے آگے کو دوڑنا شروع ہوئے تو دو کرخت چہروں والے فرشتوں نے انہیں آلیا۔

سانحہ قندوز اور سانحہ پشاور کے مجرموں کو پکڑا جائے۔ نہیں نہیں میرا ان سانحات سے کوئی تعلق نہیں۔ میں تو ایک عام سا پاکستانی تھا۔ میں دہشت گرد نہیں تھا۔ یہ دہشت گرد نہیں تھا۔ اس کو پروردگار عالم نے چار بچوں کی نعمت سے سرفراز فرمایا۔ جب پشاور میں امت کے معصوموں کا لہو بہایا گیا۔ جب قندوز میں حفاظ کے قرآن خون سے تر تھے۔ اس وقت اس کے گھر میں قرآن پاک الماری میں سجا تھا اور اس کے بچے موبائل پر گیم کھیلنے اور ٹی وی پر کارٹون دیکھنے میں مصروف تھے۔ اس نے اپنی غفلت سے چار امتی ضائع کر دیے۔ اس کے لیے آگ ہے آگ۔ پیچھے دہکتی ہوئی آگ تھی۔ دائیں بائیں آگ تھی۔ آگے آگ تھی۔ اے میرے رب۔ آج شدت سے رب یاد آیا تھا۔

آہ میرے بچو! آہ میری رعیت! آہ میں نے تمہیں دنیا میں کیا سکھایا۔ ان کے بیوی اور بچے سوالیہ نشان بنے انہیں چاروں جانب سے گھیرے ہوئے تھے۔ نہیں نہیں کی تکرار کرتے احمد صاحب ہڑا بڑا کر اٹھ بیٹھے تھے۔ دیوار گیر گھڑی رات کے ڈھائی بجا رہی تھی۔ قریب ہی پرسکون نیند سوئی ہوئی ان کی رعیت ۔ میری بیوی، میرے بچے، میرے گھر والے۔ کیسا استحقاق تھا ناں اور یہ استحقاق کچھ تقاضے کرتا تھا۔ معاشی سہولیات سے بلند تر تقاضے، تعلیم و تربیت کے تقاضے، نفع بخش علم و عمل کے تقاضے۔ جس کے سر پر ایسی بھاری ذمے داری رکھی ہو وہ کیونکر سو پائے گا۔ وہ اٹھ گئے تھے، رات کا پچھلا پہر، ہر طرف پھیلا سکوت، ستاروں سے جھلملاتا آسمان۔ میرا رب آسمان دنیا پر ہے۔ مجھے پکار رہا ہے۔ ایک خیال روشنی بن کر ذہن میں کوندا۔ روز پکارتا ہے۔ جب تم سوئے ہوتے ہو۔ کسی نے کان میں گویا سرگوشی کی۔ ایک آنسو رخسار پر ڈھلک آیا تھا۔ ’’اے اﷲ تو ہی میرا رب ہے اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں‘‘۔
وضو مضطرب اعضا کو سکون بخش رہا تھا۔ میری رعیت۔ انہوں نے خود کلامی کی۔ ’’زینب اٹھیے‘‘۔ گہری نیند ہی میں زینب نے کروٹ بدل لی تھی۔پانی کا ایک نرم سا چھینٹا۔ انہوں نے آنکھیں کھول کر شوہر کی جانب دیکھا۔ ہمارا رب آسمان دنیا پر ہمیں پکار رہا ہے۔ روز پکارتا ہے آج اٹھ جائیے۔ انہوں نے جیسے التجا کی کہ اگر وہ نہ اٹھیں تو آگ تو بس ان کے پاؤں تلے دہک ہی رہی تھی۔ تہجد کے نوافل میں وہ قرات کر رہے تھے۔ زینب ان کے ہمراہ تھی۔ زینب! رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں شب قدر ہے اور اسی شب کی مبارک و منور ساعتوں میں اﷲ تعالی کے مقرب فرشتے جبرائیل علیہ السلام اﷲ تعالی کا یہ پیغام تمام نوع انسانی کے لیے لے کر ہمارے پیارے و محترم نبی آخر الزماں محمد صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے تھے۔ ’’پڑھو اپنے رب کے نام کے ساتھ جس نے پیدا کیا۔ جمے ہوئے خون کے ایک لوتھڑے سے انسان کی تخلیق کی۔ پڑھو اور تمہارا رب بڑا کریم ہے۔ جس نے قلم کے ذریعے سے علم سکھایا اور انسان کو وہ کچھ سکھایا جو وہ نہ جانتا تھا‘‘۔

آئیے زینب مل کر اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں۔ ان پر اﷲ تعالی سے معافی مانگیں۔ اپنی اصلاح کریں۔ قرآن پاک اور اسوہ رسول حسنہ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم سے رہنمائی اور اکتساب فیض کے لیے کوئی پروگرام ترتیب دیں۔ ’’آئیے زینب کہ قرآن پاک کا ہم پر حق ہے کہ اسے پڑھیں، سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔ ہم اس گھر کے، ان بچوں کے نگراں اور ذمے دار ہیں۔ میں اس گھر کا نگراں اور جوابدہ ہوں۔ جوابدہی کے خوف سے زباں لڑکھڑا سی گئی تھی۔ خوف آنکھوں سے جھلک رہا تھا۔ آپ ان بچوں پر نگراں اور جواب دہ ہیں‘‘۔ زینب بنا پلکیں جھپکائے یک ٹک انہیں دیکھے جا رہی تھیں۔

یہ گھر جہاں خاندان رہتا ہے ناں بہت بابرکت جگہ ہے۔ کیوں نہ ہم قرآن پاک سے عملی تعلق کی بحالی کا پروگرام اپنے گھر سے شروع کریں۔ کبھی میں نگران بنوں اور آپ معاون۔ کبھی آپ نگران اور میں معاون ہم دونوں مل کر اپنے اور اپنے بچوں کو قرآن کے نور سے، تعلیمات نبوی صلی اﷲ علیہ و آلہ وسلم کے نور سے منور کرنے میں لگ جائیں کے اس دن جب کہیں جائے اماں نہ ہوگی۔

جب سانحہ پشاور اور سانحہ قندوز کے مجرموں کو کٹھہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ جب ہر طرف زمین آگ اگل رہی ہوگی آسمان آگ برسا رہا ہو گا اس روز، اس روز۔ وہ دونوں ہچکیوں سے رونے لگے تھے۔ مالک! آقا اس روز ہمارا شمار قرآن سیکھنے اور سکھانے والوں میں کرنا۔ آمین تم میں سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور سکھایا۔ کرن سورۃ العلق کی تلاوت کر رہی تھی۔ کاشف ترجمہ پڑھ کر سنا رہا تھا۔ ابا جان بچوں کو بتا رہے تھے۔ اﷲ تعالی نے اپنی ہر مخلوق کو حسب ضرورت علم عطا کیا۔ جیسے مچھلی کو تیرنے کا علم، پرندوں کو اڑنے کا علم۔ فرشتوں اور جنات کو بھی علم عطا ہوا لیکن انسان کو بہت زیادہ علم عطا کر کے تمام مخلوقات پر فضیلت عطا کی گئی۔ اﷲ تعالی کا عطا کردہ یہ علم جسے علم الاسماء کہا جاتا ہے کی بدولت ہی انسان کو اﷲ کا نائب او مسجود ملائک ہونے کا شرف ملا۔امی اور بابا جانی بچوں کو سورۃ العلق کی تفسیر سکھا رہے تھے۔ ننھے اذہان علم کی قدر وقیمت سمجھنے لگے تھے۔

ہمیں حکم ربانی ہے کہ سیکھیں، وہ علم جو منتشر گروہوں کو ملت واحدہ میں بدلتا ہے، جو اضطراب کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں سکون کی کرنیں بکھیرتا ہے۔ وہ علم جو تفکر کائنات کی دعوت دے کر ستاروں پر کمند ڈالتا ہے۔ نافع تخلیقات اور ایجادات کی راہیں کھولتا ہے۔ وہ علم جو خالق کی رضا اور مخلوق کے لیے امن و سلامتی بنتا ہے۔ اے ہمارے رب! ہم اس قابل نہیں کہ قرآن پاک پڑھنے اور پڑھانے کا حق ادا کر سکیں لیکن تیری رحمت پر نظر رکھتے ہوئے ہم اس فریضہ عظیم کو ادا کرنے کا ارادہ کر چکے اور ہم نے تجھ پر توکل کیا اور تو ارادوں کو پورا کرنے والا، راہ ہدایت دکھانے والا، اس پر چلانے والا اور منزل تک پہچانے والا ہے۔ ہم نے تجھ پر بھروسہ اور تجھ پر توکل کیا۔ تو ہماری نیتوں کو خالص اور ہمارے اعمال کو قبولیت بخش دے۔ ہمارے ہر گھر کو اصحاب صفحہ کا چبوترہ بنا دے۔ بے شک ہم تیرے ہیں۔ تیری جانب ہی ہمیں پلٹنا ہے۔ ہمیں، شہداء اور ان کے لواحقین کو اجر و ثواب عطا فرما۔ آمین ثم آمین
 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1142587 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.