کام کی شروعات کے لئے پانچ اقدامات

اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہمارے ملک کے نوجوان چاہے تعلیم یافتہ ہوں یا کم پڑھے لکھے مگر صلاحیتوں سے بھر پور ہوتے ہیں ۔ ان کو صرف صحیح رہنمائی اور کسی حد تک مواقع کی ضرورت ہے ۔ ان میں سے اکثریت ان نوجوانوں کی ہے جو زندگی میں کچھ کرنے کے بارے میں کشمکش کا شکار ہیں۔

مجھ سے اکثر یہ سوال پوچھا جاتا ہے کہ مجھے یہ کرنا ہے ، وہ کرنا ہے ، بہت کچھ کرنا ہے مگر کچھ سمجھ نہیں آتی کہ کیسے کروں، کہاں سے شروع کرو ؟ تو اس کا جواب میں آپ سب احباب کے استفادہ کے لئے یہاں لکھ رہا ہوں ۔ امید ہے کہ میں کسی حد تک آپ کی کنفیوزن دور کر پانے میں ضرور کامیاب ہوں گا، ان شاءاللّه ۔

تو میرے پیارے نوجوانوں یہ بھی بہت اچھی اور قابلِ ستائش بات ہے کہ آپ کے اندر ایسی سوچ پیدا ہوتی ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر کے اس زندگی میں کچھ کرنے کو بےتاب ہو ۔ تو اب آپ نے بس کرنا یہ ہے کہ درج ذیل پانچ اقدامات کو اچھے سے سمجھ کر ان پر ترتیب وار عمل کریں ۔

1: ایک لسٹ تیار کیجئے ۔
پہلا اہم کام یہ کرو کہ جو کچھ بھی کرنا چاہتے ہو اسے اپنی سوچوں سے لفظوں میں منتقل کرو ۔ اپنے سب کاموں کو کسی جگہ لکھو ۔چاہے وہ 500 مختلف کام ہی کیوں نہ ہوں۔ اپنے ذہن میں ہر وقت پلنے والے ہر خیالی کام کو حقیقت میں لانے کے لئے انہیں الفاظی شکل دو ۔

2: ملتے جلتے کاموں کی علحیدگی
دوسرا کام جو انتہائی سمجھ داری سے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ اپنی بنائی گئی لسٹ میں سے اب بہت ملتے جلتے یا کسی حد تک ایک جیسے کاموں کو اکھٹا کرنا ہے اور علحیدہ لکھتے جانا ہے۔

3: موجودہ وسائل کا استعمال
تیسرے سٹیپ میں اب یہ چیک کرو کہ وہ کون کون سے کام ہیں جو آپ اپنے موجودہ وسائل و حالات کے اندر رہ کر کر سکتے ہو ۔۔ یا جن کا آپ کو پتا ہے کہ کچھ عرصہ تک اس کام کے لئے مزید وسائل میسر آ سکتے ہیں ۔ یا والا کام آپ نے نہایت ایمان داری اور سمجھ داری سے کرنا ہے۔ ہوائی تکے نہیں لگانے بلکہ جوش و جذبات کو ایک سائیڈ پر رکھ کر ظاہری وسائل کو دیکھتے لسٹ بنانی ہے۔

4: صرف کوئی ایک کام
چوتھے سٹیپ میں اب آپ صرف ایک کام ایسا منتخب کرو جو آپ فوری شروع کر سکتے ہو۔ آج ، کل ، یا ہفتہ کے اندر اندر ۔ وہ کام کہ جس کو مستقل مزاجی سے کر پاؤ۔ یہ نہیں کہ تھوڑے دنوں بعد ہی ختم کر کے کسی دوسری طرف چل پڑو ۔

5: مکمل دلجمعی سے شروعات
اب آخری سٹیپ میں اس منتخب کردہ ایک کام پر مکمل فوکس رکھتے اک روٹین و پلان ترتیب دو اور اس پر " عمل" کرنا شروع کر دو ۔ شروع میں قدرے مشکل ہو گی مگر اپنی منزل کو دل میں اور نظر کو آج کے پلان پر رکھتے آگے بڑھتے جاؤ بس ۔

حرفِ آخر یہ یاد رکھو دوستو کہ بہت کچھ کرنے کے لئے پہلے کسی ایک کام سے شروع کرو ۔ اس کو مکمل کرو گے تو اندرونی خوشی کے ساتھ بھرپور جوش و جذبہ حاصل ہو گا جو آپ کی لسٹ میں موجود باقی کاموں کو پورا کرنے کے لئے ہمت و حوصلہ کا باعث بنے گا ۔
 

Mian Jamshed
About the Author: Mian Jamshed Read More Articles by Mian Jamshed: 111 Articles with 170827 views میاں جمشید مارکیٹنگ کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی فیلڈ کے علاوہ مثبت طرزِ زندگی کے موضوعات پر بھی آگاہی و رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی Jamshad.. View More