پاکستان کے ساتھ کیا ہورہا ہے؟

اسلامی جمہوریہ پاکستان ایک حصول ایک خواب تھا لیکن ایک مرد مجاہد کی انتھک محنت اور غیر متزلزل جد و جہد کی بدولت نہایت قلیل وقت میں(قلیل وقت اس لی کہ قوموں کی تاریخ میں ایک دو عشرے کوئی طویل عرصہ نہیں سمجھا جاتا) تعبیر بن کر دنیا کے نقشے پر رونما ہو گیا۔

یہ وہ خواب تھا جسے حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال نے دیکھا اور اس کے خدو خال 1930ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں اپنے تاریخی صدارتی خطاب بمقام الہ آباد میں واضح کیے۔

1930 تا 1940 تک کے دس سالہ سیاسی اور تحریکی سفر میں ہندوستان کے مسلمان یہ طے کرنے میں کامیاب ہو گئے کہ ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے حصول کے بغیر ان کی زندگی اجیرن ہو جائے گی اور انہیں جدید جمہوری نظام کے تحت ہندو اکثریت کے غلام بن کر زندگی بسر کرنا ہو گی۔اور یہ وہ نظام ہے جس کے بارے میں حکیم الامت نے واضح کر دیا تھا کہ:
جمہوریت اک طرز حکومت ہے کہ جس میں
بندوں کو گنا کرتے ہیں تولا نہیں کرتے

گویا مملکت خدادا پاکستان ایک ایک ریاست متوقع تھی جہاں اسلامی طرز حکومت ہو گا۔ اسی لیے پاکستان کا وجود ناگزیر تھا۔ کیونکہ مسلمان اپنے مذہبی، لسانی، معاشرتی اور سیاسی تشخص کو برقرار رکھنا چاہتے تھے اور اسی تشخص کی بات علامہ اقبال نے اپنے صدارتی خطاب میں کی جسے بنیاد بنا کر بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی جد و جہد کا آغاز کیا اور پھر دنیا کے بڑے بڑے سیاسی پنڈتوں نے دیکھا کہ اس با اصول انسان نے جلد ہی مسلمانوں کا صحیح معنوں میں رہنما بن کر ان ان کے لیے ایک آزاد خطۂ ارض حاصل کرلیا۔

آج کچھ نا سمجھ اور تاریخ سے نابلد نئی نسل کو تحریک و تاریخ پاکستان سے واقف کرانے کے بجائے ان میں تحریک پاکستان کے اکابر کے خلاف زہر بھر رہے ہیں۔

سیاستدان جن کا کام ملکی تعمیر و ترقی ہونا چاہئے وہ ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں اور پاکستان میں گزشتہ عشرے سے اور خصوصا پچھلے پانچ چھے سال سے ایک طوفان بد تمیزی برپا ہوا ہے ، جس میں گالم گلوچ ایک معمولی چیز بن کر رہ گئی ہے۔خدا جانے یہ گالم گلوچ کا کلچر پاکستان کو کہاں لے جائے گا؟۔۔۔
(جاری ہے)
 

Afzal Razvi
About the Author: Afzal Razvi Read More Articles by Afzal Razvi: 118 Articles with 173704 views Educationist-Works in the Department for Education South AUSTRALIA and lives in Adelaide.
Author of Dar Barg e Lala o Gul (a research work on Allama
.. View More