کشمیر۔۔۔قومی یکجہتی وقت کا تقاضا

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کر رہا ہے۔ کلسٹر بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے۔بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا۔ کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔ شہریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ عالمی برداری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔ کلسٹر ٹوائے بم شہریوں کے خلاف تباہ کن ہتھیار ہے۔ اس بم سے بچوں‘ گھروں کو خصوصی طورپر نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پر کھلونوں کی شکل میں بکھر جاتا ہے۔ اس بم سے 40 فیصد بچے نشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹر ٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔ کلسٹر ٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے۔ یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے کلسٹر بم کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جو جنیوا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا جنیوا کے کلسٹر ایمونیشن کنونشن کے تحت عام شہریوں پر کلسٹر بم کا استعمال ممنوع ہے کیونکہ اس کے غیرمسلح افراد پر مہلک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پاک فوج کے مطابق بھارت کا جنگی جنون تمام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے جو بھارتی آرمی کے اصل کردار اور اخلاقی قدر کو کھول کر دنیا کے سامنے لاتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال قابل مذمت ہے کوئی ہتھیار کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ ہر پاکستانی کے خون میں کشمیر دوڑتا ہے ہماری رگوں میں کشمیریوں کی سپورٹ شامل ہے کشمیریوں کی جدوجہد ایک سیاسی جدوجہد ہے اور جائز ہے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ انشاء اﷲ کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوگی۔ مسئلہ کشمیر پرپاکستان اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کلسٹر ایمونیشن کا استعمال بھارتی جنگی جنون کا غماز ہے عالمی برادری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان پر ایل او سی پار کارروائی نعشوں کو تحویل سے لینے کا الزام بھارتی پراپیگنڈا رہے،سیاسی رہنماؤں نے آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال کو وحشیانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا مودی آگ سے کھیل رہا ہے ، دشمن کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا بھارت کلسٹر بم گرا کر کھلے عام جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، ہوش کے ناخن لے اور ریاستی دہشت گردی فوری بند کرے ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری بلایا جائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ،مودی امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کا مثبت جواب دے۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا عالمی برادری کو امن کیلئے آگے آنا ہو گا، پاکستان دیرینہ تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ،بھارت 70 سال سے جاری کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش قبول کرے۔وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ،مودی سرکار جان بوجھ کر کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے حملے کر رہی ہے ، بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے ، وہ فوج کی تعداد بڑھا کر مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتا، اسے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے سامنے جھکنا پڑے گا۔چیئر مین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مثبت خارجہ پالیسی کی بدولت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا اور خطے کو جنگ کی طرف لے جا رہا ہے ،عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم بڑھ گئے ،معصوم بچوں اور انسانوں کا قتل مودی سرکاری جنونیت ظاہر کرتا ہے ،بھارتی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا آزاد کشمیر میں کلسٹر بموں کا استعمال بھارت کی طرف سے اشتعال دلانے کی کوشش ہے ،مودی سرکار کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے عالمی معاہدوں کی دھجیاں اڑا رہی ہے ، جسے عالمی برادری مسلسل نظر انداز کر رہی ہے ، دنیا اگر امن کی خواہاں ہے تو اسے بھارت سے متعلق اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا اقوام متحدہ عالمی قانون اور اپنی قراردادوں کے تحت فوری نوٹس لے ، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی نہ رکوائی گئی تواقوام متحدہ کا جواز ختم ہو کر رہ جائیگا، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنا جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کو دعوت دینے کی حماقت ہے ،حکومت پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلائے اورسنگین صورتحال پر اعتماد میں لے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا نہتے شہریوں پر کلسٹر بم استعمال کر کے بھارت نے اپنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ، کوئی کشمیری اور کوئی پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی ٓزادی سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں ، ہر پاکستانی کشمیریوں کی آزادی کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا،بھارتی جارحیت کیخلاف ہم سب مسلح افواج کیساتھ ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کشمیریوں کی آواز کو بموں سے دبایا نہیں جاسکتا،ان کی صدا مزید بلند ہورہی ہے۔ جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا بھارتی فوج کلسٹر بم گرا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے ، عالمی برادری نوٹس لے۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ،بھارت کی جانب سے تیس ہزار اضافی فوجیوں کی تعیناتی ،سیاحوں کو نکالے جانے اور قابض افواج کی غیر معمولی نقل و حرکت پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی ،کابینہ اور آل پارٹیز کانفرنس کانفرنس بلانے کا اعلان جبکہ حریت قائدین کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔ امرناتھ یاترا کے یاتریوں کو واپس بھجوانے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ وادی میں ہندومسلم فسادات کروانا چاہتا ہے ،لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے عمل سے یہ بات ثابت ہوئی کہ بھارت کیلئے معصوم جانوں کی کوئی اہمیت نہیں اس نے اپنی فوج کو عام شہریوں کو مارنے کا کھلا اختیار دے رکھا ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشیدکا کہنا ہے کہ مودی بنیادی طورپر دہشت گرد لیڈر ہے،مودی سری نگر میں اسرائیلی طرز کا سٹرکچر لانا چاہتا ہے،کشمیریوں کو یہ بات کسی طور پر قبول نہیں۔و آئندہ 15روز میں سری نگرکے حالات کوبہت کشیدہ ہوتے دیکھ رہاہوں، بھارتی وزیراعظم بنیادی طور پر ایک دہشتگرد ہے ،مودی نے ایک مسلمان کو بھی سیٹ نہیں دی اور کسی مسلمان سے ووٹ نہیں مانگا، مودی سری نگر، لداخ براہ راست دہلی کے زیرانتظام لانا چاہتا ہے،ان کا کہناتھا کہ مودی اسرائیلی طرز کا سٹرکچرلانا چاہتا ہے ،کشمیریوں کو یہ بات کسی طور پر قبول نہیں ،شیخ رشید نے کہا کہ مودی کو سب سے بڑی تکلیف عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان کامیاب مذاکرات سے ہوئی ،صدرٹرمپ نے بھارت کو بے نقاب کیاہے،بھارت کی امریکا میں زبان کچھ اور ہے اور بھارت میں کچھ اور،انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری طاقت ،جوش ، ولولے سے پاک فوج کیساتھ کھڑے ہونا ہے، نوجوان کشمیریوں پرہونیوالے مظالم کیخلاف ہرفورم پرآواز اٹھائیں۔
 

Muhammad Shahid Mehmood
About the Author: Muhammad Shahid Mehmood Read More Articles by Muhammad Shahid Mehmood: 114 Articles with 80162 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.