صبح خیزی کے فائدے۔۔ ایک نسخہء اکسیر

ھم موٹاپے کی وجہ سے پہلے ھی فیصلہ کر چکے تھے کہ صبح خیزی کے مزے لوٹیں گے۔ مگر" میٹھاپے" اور دوستوں کے اصرار نے خالی پیٹ دوڑ لگانے پر مجبور کر دیا۔اگرچہ ایک عرصہ اس دشت کی سیاحی میں گزارے ھیں مگر ذھنی عیاشی نے طویل خلا پیدا کر دیا۔ایک زمانے میں ممتاز مفتی نے ڈرا دیا تھا کہ یہ بھی ایک نشہ ھے جس سے لوگوں کے دل اور اپنی ٹانگوں میں درد ھوتا ھے۔سکول میں استاد صبح کی سیر اور سحر خیزی کے فائدے پڑھاتے تھے تو غصہ آتا تھا کہ جوانی دیوانی میں سونے بھی نہیں دیتے اور نہ ھی کوئی سونے کے فوائد پڑھاتا ہے۔اوپر ھماری پیاری اماں جان سر پر ھوتی تھیں کہ سورج نکل آیا تو معاف نہیں کیے جائیں گے۔نماز رہ گئی تو پورا دن لعنت ملامت میں گزرتا تھا۔تب باوجود خواہش کے سو نہیں سکے۔اب حالات نے پہلے ہی جگا رکھا تھا اوپر سے "موٹاپہ اور میٹھاپہ " پھر صبح خیزی کا ذریعہ بن گیا ہے۔دوستوں کی طرف سے صبح یا شام کی قید نہیں تھی مگر ھم اپنے تئیں گردشی چکر کے صرف صبح کے ہی قائل ہیں باقی تو کاہل ھی ھیں ھم۔

اب کی جو صبح خیزی شروع کی تو زمانہ بدلا پایا ماشاءاللہ صنف لطیف کی لطافت بھی موجود ھوتی ھے میں دائیں موڑوں تو مستنصر حسین تارڑ اور بائیں موڑوں تو ممتاز مفتی بن جاتا ھوں،عمران+ باجوہ کہتا ہے کہ فاسد مادوں کے اخراج سے میرے دونوں مسئلے حل جائیں گے لیکن کہیں فاسد مادوں کے اخراج کے دوران " فاسق مادے" نہ پیدا ھو جائیں۔جسم بچاتے بچاتے روح بھی پرواز کر گئی تو جنت میں حوروں کے ساتھ بے قصوروں کا کیا ھو گا۔یہ بات تو ماننے والی ھے کہ مرد وزن کی اس اجتماعی گردشی دوڑ نے ماحول کو بدل دیا ہے۔تیز چلتے ہوئے کوئی سلام کرے تو مشکل سے ھی آواز نکلتی ہے۔ھم ذرا رک کہ جواب دینے میں عافیت سمجھتے ہیں۔البتہ صبح خیزی اب لطف اندوزی میں بدل گئی ہے۔جس سے روز معانقہ ھوتا ھے۔ھم دونوں بے خبر دوڑتے رہتے ہیں۔خبر نہ مجھے کسی کی نہ اسے۔جان ھے تو جہان ہے کہ اصول پر سفر اور سفر نامہ جاری رہے گا۔

Sardar Khursheed Akhtar
About the Author: Sardar Khursheed Akhtar Read More Articles by Sardar Khursheed Akhtar: 89 Articles with 68552 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.