احتساب یا انتقام

ایک بہت ہی مشہور کہاوت ہے کہ دنیا مکافات عمل ہے آپ کسی کی راہ میں پتھر رکھیں گے وہ پہاڑبن کر آپ کے آگے آئے گا۔ہم آجکل دیکھ رھے ہیں 126 دن دھرنا دینے والے، ملک میں آگ لگانے کی ترغیب دینے والے ، بجلی کے بل جلسہ گاہ میں پھاڑنے والے کسی اور کے دھرنے اور مارچ سے کتنے پریشان ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت کا اصل مسئلہ 2018 کے الیکشن سے پہلے کی عمران خان اور اُن کے وزراء کی بہت بڑی باتیں اور وعدے ہیں۔وہ گو گو کے نعرے جو پاکستانی سیاست میں اُن کا تحفہ ہے سود سمیت عوام اُن کو واپس کر رہی ھے۔

عمران خان جب الیکشن جیت کر آئے پاکستان کی عوام خصوصی طور پر نوجوان بہت پُر امید تھے اُن کو اس بات کا یقین تھا کہ عمران خان نیا پاکستان بھی بنائیں گے اور چورں سے مُلک کا لوٹا ہوا پیسہ بھی واپس لیں گے۔مُلک میں نیا معاشی نظام متعارف ہو گا، جہاں امیر امیر تر نہیں ہو گا اور غریب غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہو گا۔ٹیکس کا نظام شفاف ہو گا پاکستان بیرونی ممالک سے قرضہ نہیں لے گا ، علاج اور تعلیم ہر امیر غریب کو یکساں میسر آئے گا ۔

لیکن یہ سب باتیں باتیں ہی رہیں حالات بدتر سے بد تر ہو گئے۔مُلک میں تاجر ہڑتال کر کے بیٹھے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کا آزادی مارچ سڑکوں پر ہے۔ڈاکٹرز ہسپتال بند کر کے سراپا احتجاج ہیں ۔ لیکن عمران خان کی نہ تو تقریر بدلی اور نہ ہی سیاست کا طریقہ، تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی احتساب کا نعرہ لگایا اور اس بات میں کوئی شک نہیں احتساب جمہوریت کا لازمی جزو ہے عوام میں عمران خان کا احتساب کا نعرہ بہت مقبول ہوا اور عوام نے بھرپور ساتھ بھی دیا لیکن خان صا حب احتساب میں اتنا آگے نکل گئے کہ اُسی عوام کو احتساب انتقام لگنے لگ گیا اور اُس انتقام کے نتیجے میں ریاست پاکستان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آیا۔نواز شریف کو 8 ہفتوں کی ضمانت مل گئی اور میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں وہ ایک پیسہ دئیے بغیر ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے۔پیچھے رہ جا یئں گے مولانا فضل الرحمٰن وہ اسلام آباد پہہنچنے سے پہلے ہی اپنا مقصد حاصل کر چکے ہیں۔فضل الرحمٰن جن کی سیاسی حثیت آج سے ایک سال پہلے کچھ بھی نہیں تھی اور اُن کے نمائندے بھی بہت کم ٹی وی پر دیکھائی دیتے تھے لیکن پچھلے ایک ماہ سے ہر طرف میڈیا پر چھائیے ہوئے ہیں۔ اسلیے میرے خیال کے مطابق وہ سیاسی طور پر زندہ ہو چکے ہیں اور ایسے وہ اپنا مقصد حاصل کر چکے ہیں۔

حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور عمران خان کے وزیر اور مشیر پتہ نہیں کون سی کارکردگی دیکھا رہے ہیں کہ وہ مطمن بیٹھے ہیں میڈیا ہاؤسز کو آزادی مارچ کو کوریج دینے سے بہی منع کر دیا ہے ۔مولانا فضل الرحمٰن کتنے لوگ لے کر آ رھے ہیں اور کتنے دن اسلام آباد کتنے دن بیٹھیں گے اس سب سے پہلے اس بات کا تعین ضروری ہے کہ وہ کیوں اور کس کے کہنے پر آ رھے ہیں۔اس سوال کے جواب میں ہمیشہ وہی طاقتیں زہن میں آتی ہیں جو عمران خان کو انگلی پکڑ کر لائی تھیں کیونکہ اُن کی مرضی کے بغیر کوئی نہ تو اسلام آباد آ سکتا ہے اور نہ ہی دھرنہ دے سکتا ہے۔اور عمران خان نے اگریہ سال انتقام کے سیاست کی بجائیے عوام کی فلاح اور اُن کی خوشحالی کے لیے کچھ کیا ہوتا تو ایسے دھرنے خود بخود ٹھس ہو گئے ہوتے باقی ابھی بھی وقت ہے سنبھل جائیں۔
 

Ali Sultan
About the Author: Ali Sultan Read More Articles by Ali Sultan: 22 Articles with 14612 views I am basically from a village in the vicinity of Jhelum. came to Lahore in 2005 to pursue my career and goals.i am enthusiastic writer, keen observer .. View More