پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی کم و
بیش ایک ماہ سے اپنے مطالبات کے حق میں جاری ہڑتال اور جمعہ کے دن سے
ایمرجنسی میں کام بند کرنے کے بعد مریضوں کو کیسی کیسی مشکلات درپیش ہیں یہ
بستر مرگ پر تڑپنے والے ہی بتا سکتے ہیں تاہم اس ہڑتال کے دوران جو مشاہدے
میں آیا ہے وہ یہی ہے کہ ڈاکٹر اور حکومت دونوں ہی اپنی اپنی ہٹ دھرمی پر
قائم عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے انہیں مزید بڑھاوا دے رہے ہیں ۔ کبھی
مذاکرات کا لالی پاپ اور کبھی کچھ مطالبات کے ماننے کی باتیں جہاں حکومتی
سطح پر دوغلی پالیسی کا ثبوت ہیں تو وہیں مخصوص گروپوں کی جانب سے ایمرجنسی
میں کام بند کروانے کے لیے تشدد کے استعمال نے مسیحائی کے دعوے کرنے والوں
کی بے رحمی کا بھی پول کھول دیا۔ سردست نہ تو حکومت پنجاب اپنے رویئے اور
موقف میں لچک دکھانے کے لئے تیار ہے اور نہ ہی ینگ ڈاکٹرز اپنی بات سے
پیچھے ہٹتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ اب تو ان جونیئرز کے ساتھ ساتھ بعض سینئرز
نے بھی اپنے مفادات کے لئے پس پردہ ہڑتال کی حمایت کردی ہے جس کے بعد ٹیچنگ
ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ دوردراز کے دیہی مراکز میں بھی بند کردیا گیا ہے جس
کے بعد عوامی مشکلات کا انداز لگانا کچھ زیادہ مشکل نہیں۔
ڈاکٹروں کی ہڑتال جائز ہے یا ناجائز ؟یہ بحث اپنی جگہ اور اس کا فیصلہ کرنے
کا اختیار صرف اور صرف صوبائی حکومت کے پاس ہے البتہ گزرے تیس بتیس روز میں
اس ہڑتال اور اس کے جواب میں حکومتی آنکھ مچولی کا سب سے زیادہ نشانہ تڑپتے
چیختے مریض ہی بنے ہیں ۔ تادم تحریر اس غیر منطقی تحریک کے دوران علاج کی
سہولتیں نہ ملنے پر کم از کم بیس ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے اور یہ ان
علاقوں کے اعدادو شمار ہیں جہاں تک میڈیا کی رسائی ہے البتہ دور دراز
علاقوں میں کیا صورتحال ہے اس کا شاید اندازہ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ آخر وجہ
کیا ہے؟ کیوں گلیمر کی حیثیت اختیار کرنے والے پیشے سے وابستہ لوگ اس حد تک
مایوس ہیں؟ کیوں انتظامیہ کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کے لیے انہوں نے
ایک ایسا طریقہ اختیار کر لیا ہے جس سے عام انسان کو گونا گوں مشکلات کا
سامنا کرنا پڑ رہا ہے؟کیوں مریضوں اور تیمارداروں کو ذہنی عذاب میں مبتلا
ہونا پڑ رہا ہے؟ دراصل ریاست کے مختلف اسپتالوں میں کام کر رہے ؟ یہ وہ
سوالات ہیں جو موجودہ حالات میں زبان زد عام ہیں لیکن ان کا جواب نہ تو
ہڑتال کرنے والوں کے پاس ہے اور نہ ہی ان کو مراعات کا دانہ ڈالنے والوں کے
پاس کہ دونوں ہی فریق اپنی اپنی جگہ سیاست کے قیدی بنے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں
کے شروع میں سامنے آنے والے مطالبات اگرچہ بڑی حد تک قابل عمل اور جائز تھے
لیکن جیسے جیسے ان کے جواب میں حکومت عدم توجہی دکھاتی رہی ویسے ویسے ینگ
ڈاکٹرز اس معاملے سے سیاسی استفادہ حاصل کرنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا
بنتے گئے۔حکومت کا موقف ہے کہ چھ ماہ قبل ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں پچاس
فیصد اضافے کے بعد معاوضہ بڑھانے کا جواز نہیں بنتا جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا
ہے کہ حکومت نے انہیں ڈی گریڈ کر کے Pay Band 2ndمیں رکھا ہوا ہے جس سے ان
کی اور ایک چپڑاسی کی تنخواہ میں کوئی فرق نہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ وہ رسک
الاؤنس کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں ہر وقت مہلک امراض (جیسے ایڈیس،
سوائن فلو وغیرہ) میں مبتلا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔
تنخواہوں کے معاملے کے پیش نظر ڈاکٹروں کا مطالبہ بڑی حد تک جائز تھا لیکن
صوبائی حکومت مسلسل کوتاہی دکھاتی رہی اور جب پانی سر سے گزر گیا تو
مذاکرات کا ڈھنڈورا پیٹا جانے لگا ۔ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ صوبائی حکومت
ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹروں کو اعتماد میں لے کر عام اور غریب مریضوں کو کسی
پریشانی میں مبتلا نہ ہونے دیتی لیکن حکومت کا ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ حد
تو یہ ہے کہ ڈاکٹروں کو دھمکی آمیز لہجے میں مشورے ہڑتال ختم کرنے کے مشورے
دیئے جارہے ہیں ۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہسپتالوں کو تمام ضروریات
مہیا رکھ کر ڈاکٹروں کے تمام مسائل حل کر کے انہیں کسی بھی مشکل صورتحال کا
مقابلہ کرنے کے لیے ہر دم تیار رکھتی۔ مگر افسوس تو اس بات کا ہے کہ دوسروں
کو زندگیاں بخشنے والے خود اپنی مانگوں کو لے کر حکومتی کارندوں کے ضمیر کو
جھنجوڑنے کی ناکام کوشش کر تے رہے ہیں جو کہ اب بھی جاری ہے اور یہی عاقبت
نا اندیشی معاملے کو سلجھانے کے بجائے مزید الجھا رہی ہے۔ سب سے عجیب منطق
تو خود سیکرٹری ہیلتھ سعید الہٰی کی ہے جو یہ کہتے ہیں ڈاکٹروں کے مطالبات
جائز ہیں مگر ہڑتال ناجائز ہے، اور تو اور ڈاکٹر سعید الٰہی بھی ہڑتالی
ڈاکٹروں کو برا بھلا بھی کہہ رہے ہیں اور یہی طرز عمل معاملے کو سیاسی رنگ
دیکر کر خراب کرنے کی سب سے بڑی وجہ ہے اور محض سیاسی مخاصمت ہی کے سبب
پنجاب حکومت عوامی مشکلات کو بھی بھلا چکی ہے۔
جب معاملہ اس قدر سیاسی ہوچکا ہو تو سیاسی مفادات حاصل کرنے والوں کا میدان
میں کودنا لازمی ہوتا ہے اور اس معاملے میں بھی ایسا ہی ہوا ہے، ینگ ڈاکٹرز
ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو جو پہلے ہی صوبائی حکومت کے رویئے سے نالاں
تھے کو سیاسی مفاد پرستوں نے اچک لیا ہے اور اب وہ اسی ایشو کو بنیاد بنا
کر شہاز حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے تیار دکھائی دیتے ہیں اور اسی مقصد
کے لئے انہوں نے ڈاکٹروں کو استعما ل کرنے کے ساتھ ساتھ بعض اطلاعات کے
مطابق پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی احتجاج کی راہ دکھانا شروع کر دی ہے۔یہ تو
مانا جاسکتا ہے کہ بقول شخصے محبت، جنگ اور سیاست میں سب جائز ہے لیکن اس
بات کی کسی بھی طور حمایت نہیں کی جاسکتی کہ حکومتی ہٹ دھرمی کا فائدہ اٹھا
کر سیاسی مفادات کے لئے ہزاروں انسانوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی
جائیں۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایسا ہو رہا ہے اور اس میں اس حساس ترین معاملے
پر حکومتی رویئے کو ہدف تنقید بنانے والے خود ہی پیش پیش دکھائی دینے لگے
ہیں۔
اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ڈاکٹری جیسے پیشے سے وابستہ افراد کا یوں سیاسی
بن جانا بھی انتہائی معیوب ہے لہٰذا یہاں یہی کہا جاسکتا ہے کہ حق پر مبنی
جدو جہد کے باوجود ڈاکٹروں کو بھی عوامی مشکلات کااحساس کرنا چاہیے،مطالبات
منوانے کے لئے احتجاج ان کا حق ضرور ہے لیکن بہتر یہ ہوگا کہ وہ ایسا طریقہ
کار اپنائیں جس سے کم ازکم عوام متاثر نہ ہو سکیں۔اگر ایسا نہیں ہوتا تو
تھوڑی بہت عوامی ہمدردیاں جو ڈاکٹرز کے ساتھ ہیں وہ بھی جلد ختم ہوجائیں گے
اور ہڑتالیوں اور حکومت کے درمیان کوئی فرق باقی نہیں رہ جائے گا اور حکومت
سے نالاں عوام اپنے مسیحاؤں سے بھی متنفر ہوجائیں گے۔ |