آج کل ڈرامہ عہد وفا سب ہی کی توجہ کا مرکز ہے جس میں
زارا نور عباس رانی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو انتہائی شوخ اور چلبلی سی
لڑکی ہے اور جس کا تعلق پنجاب کے ایک زمیندار گھرانے سے دکھایا گیا ہے
خوبصورت رنگین کپڑوں میں ملبوس رانی جو کہ اپنی ٹوٹی پھوٹی انگریزی اور
منفرد سوچ کے سبب ہر گھر کا پسندیدہ کردار بن چکا ہے ان کے حوالے سے ہر
کوئی جاننا چاہتا ہے آج ہم آپ کو ان کی زندگی کے کچھ ایسے پہلوؤں سے روشناس
کروائيں گے جو کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں-
|
|
زارا نور کا بچپن
زارا نور جو کہ 22 مئی 1990 میں لاہور میں پیدا ہوئيں ان کے والد ایک فیوڈل
لارڈ اور ریٹائڑ آرمی آفیسر تھے جب کہ والدہ اسما عباس ایک اداکارہ تھیں
انہوں نے ابتدائی تعلیم بیکن ہاؤس سے ادا کی اس کے بعد اعلیٰ تعلیم امریکہ
میں فلم پروڈکشن کے حوالے سے حاصل کی ۔ ان کے والد انتہائی قدامت پرست
انسان تھے جو اس بات کے بالکل بھی خواہاں نہ تھے کہ ان کی بیٹی اداکاری کے
شعبے میں آئے ۔ مگر اپنی والدہ اور خالہ بشریٰ انصاری کو دیکھتے ہوئے اسما
عباس اس بات کی خواہشمند تھیں کہ وہ اداکاری کے شعبے میں اپنا نام کمائيں ۔
بچپن میں انہیں رات دس بجے کے بعد گھر سے باہر رہنے کی اجازت نہ تھی اور ان
کے والد اور بھائی ہمیشہ ان پر پابندیاں عائد کرتے رہے-
پہلی شادی اور طلاق
والد کی شدید ترین مخالفت اور اداکاری کے شوق کے درمیان لٹکتی ہوئی زارا نے
امریکہ پہنچ کر اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے جیون ساتھی کے طور پر ایسے
فرد کا انتخاب کر لیا جس کو ان کی اداکاری کے شوق پر کوئی اعتراض نہ تھا اس
طرح انہوں نے سوچا کہ وہ شادی کے بعد اپنے کیرئیر کو توجہ دے پائيں گی مگر
ان کا انتخاب غلط ثابت ہوا اور انہوں نے جلد ہی طلاق کا فیصلہ کر لیا -
|
|
کیرئير کا آغاز
طلاق کے بعد پاکستان واپس آکر زارا نور نے 2016 میں اپنے کیرئيڑ کا آغاز
ڈرامہ دھڑکن سے کیا مگر جس ڈرامے نے انہیں شناخت دی اس کا نام خاموشی تھا
جس میں انہوں نے ایک بے بس اور لاچار لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو اپنے
گھر والوں کی معاشی حالات کو سدھارنے کے لیے قربانی دیتی ہے اس ڈرامے کی
شہرت کے بعد زارا نور نے پھر پلٹ کر نہیں دیکھا یہاں تک کہ بی بی سی نے
انہیں مستقبل کی سپر اسٹار کا نام دے ڈالا ۔ اس کے بعد انہوں نے ڈرامہ لمحے
کیا مگر ان تمام ڈراموں میں ان کا کردار ایک کمزور اور روتی بسورتی عورت کا
تھا-
مگر اس کے بعد فلم چھلاوا اور پرے ہٹ لو میں ان کی اداکاری نے سب کو چونکا
دیا یہاں تک کہ ڈرامہ عہد وفا کی رانی کی صورت میں وہ ایک بالکل مختلف
کردار میں نظر آئيں-
دوسری شادی
سال 2017 میں زارا نور کی شادی عدنان صدیقی کے بھانجے اسد صدیقی سے ہوئی جو
کہ خود بھی طلاق یافتہ تھے مگر ان کی محبت اور اعتماد نے زارا کے کردار کو
ایک نئی روشنی اور اعتماد دیا اور اپنے موٹاپے اور پھیلے ہوئے جسم کے سبب
احساس کمتری میں مبتلا زارا اب ایک نئے اعتماد کے ساتھ سب کے سامنے آئيں-
|
|
عادات
زارا کی عادات کے حوالے سے اسد صدیقی جو ان کے شوہر بھی ہیں کا کہنا تھا کہ
زارا کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ زندگی میں بار بار سرپرائز دینے کی
عادی ہیں اور بہت فلمی انداز میں محبت کرتی ہیں اور جواب میں ایسی ہی محبت
کی خواہشمند ہوتی ہیں -
زارا میک اپ کرنے کی بہت شوقین ہیں اور ان کو فضائی سفر سے ماضی کے کسی
حادثے کے سبب بہت ڈر لگتا ہے ۔ زارا کی برائی کے بارے میں بتاتے ہوئے اسد
کا یہ کہنا ہے کہ وہ کوئی بھی کام وقت پر نہیں کر سکتی ہیں ان کے پلان تیزی
سے تبدیل ہوتے ہیں اور وہ جو کہتی ہیں اس پر عمل پیرا ہوں گی یا نہیں اس کی
کوئی گارنٹی نہیں ہوتی ہے -
خوبصورت اور دلنشین زارا عباس کا اپنے بارے میں یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے
اپنی کامیابی کے لیے اپنی ماں یا خالہ کا نام استعمال نہیں کیا اس کے بجائے
انہوں نے سخت ترین محنت کے ذریعے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی ہے اور یہ
کامیابیاں صرف شروعات ہیں وہ اس شعبے میں کچھ بڑا کر کے نام کمانے کی
خواہشمند ہیں-
|