|
ابرار الحق تو جو بھی گانا گاتے ہیں وہ متنازعہ ہوجاتا ہے۔۔۔چاہے وہ اس میں
دنیا کے سارے رنگ شامل کردیں لیکن دوسروں کے رنگ اڑ جاتے ہیں۔۔۔جب انہوں نے
گایا بلو دے گھر تو نا جانے کتنے گھروں میں یہ بحث چھڑ گئی کہ ابرار نے
ہماری بلو کو چھیڑا ہے۔۔۔بڑی ہی مشکل سے وہ جان چھڑاتے تو نچ پجابن نچ پر
انگلی اٹھ جاتی۔۔۔آخرابرار الحق پورے پنجاب کی عورتوں کو ناچنے کا کیوں کہہ
رہے ہیں۔۔۔کیا انہیں بالکل احساس نہیں اس بات کا۔۔۔ابرار الحق کا ماننا ہے
کہ وہ کسی بھی بری نیت یا سوچ کے ساتھ گانے نہیں بناتے لیکن پھر بھی وہ
گانے کسی نا کسی طرح کٹہرے تک پہنچ جاتے ہیں۔۔۔
کچھ عرصہ قبل ان کا ایک گانا ’’نی پروین تو بڑی نمکین‘‘ پر بھی آواز اٹھی
اور کافی عرصے وہ اس مشکل سے نکلنے کے لئے ہاتھ پیر مارتے رہے۔۔۔اور اب ان
کی نئی ویڈیو چمکیلی کو لے کر اعتراض اٹھ گئے ہیں۔۔۔اس ویڈیو میں مہوش حیات
اور وی لوگر شاہ ویر جعفری کو لیا گیا ہے اور یہ گانا اسی مہینے ریلیز ہوا
ہے۔۔۔شاہ ویر جعفری اس گانے میں دولہا بنے ہیں اور مہوش ان کی دلہن اور یہ
ایک شادی کا گانا ہے۔۔۔اس گانے میں رسم و رواج کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہوش
حیات دلہن کے روپ میں اپنے دلہا کو لینے آتی ہیں اور ایک طرح سے بارات میں
دلہن کی اپنے دوستوں کے ساتھ آمد ہوتی ہے برخلاف اس کے کہ دولہا کی آمد
ہوتی۔۔۔
|
|
اس گانے کی ویڈیو کو مردوں اور خواتین دونوں کے لئے شرمناک اور ہتک آمیز
کہا جارہا ہے۔۔۔
ابرار الحق پر سول کورٹ لاہور میں پیٹیشن دائر کی گئی ہے کہ ان کے گانے
چمکیلی پر بین لگایا جائے کیونکہ اس گانے کی وجہ سے مردو خواتین کی ذلت کی
گئی ہے۔۔۔ابرار الحق کے لئے یہ ان کی میوزک ویڈیوز کے حوالے سے چوتھا کیس
ہے اور جب ان سے کورٹ کے باہر یہ سوال کیا گیا کہ انہیں کیسا لگ رہا ہے تو
انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں اس سے پہلے بھی چار بار آچکا ہوں
اور اب میں اس کا عادی ہوچکا ہوں۔۔۔
یہ ویڈیو اب تک سوشل میڈیا پر 3 ملین سے زیادہ ویوز حاصل کرچکی ہے اور اس
کی مقبولیت میں صرف گانے کی وجہ سے نہیں بلکہ مہوش حیات کے انوکھے انداز کی
وجہ سے اضافہ ہورہا ہے۔۔۔اس کی ویڈیو ایک دن میں بنائی گئی اور گانے کو سن
کر ایسا لگتا ہے کہ شادیوں میں ڈانس کے لئے ایک نئے گانے کا اضافہ ہوچکا
ہے۔۔۔وکیل نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ پیمرا اس گانے کی ویڈیو کو بند کرنے
کا فوری نوٹس لے۔۔۔
|
|
لیکن ابرار الحق کافی مطمئن نظر آئے اور ان کے خیال میں اس ویڈیو میں ایسا
کچھ نہیں کہ جسے ہتک آمیز سمجھا جائے اور کورٹ تک پہنچا دیا جائے۔۔۔
|
|