آپ نے گھبرانا بالکل نہیں

روٹی کپڑا اور مکان ،قرض اتاروملک سنوارو،پہلے پاکستان اور اب نیا پاکستان کی تبدیلی سرکار کے کھوکھلے نعروں کے حامل ہمارے ماضی اور حال کے حکمرانوں اورا ن کی سیاسی جماعتوں پی پی پی ،پی ایم ایل این ،ق لیگ ،پی ٹی آئی ،ایم ایم اے سب نے ملک اور قوم کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا ،ایساہی حال ڈکٹیٹروں نے ملک کا کیا لیکن جو حال عوام کا پی ٹی آئی کی تبدیلی سرکار نے تبدیلی کے نام پر کیا ،اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اوپر سے عمران خان چند گنے چنے لوگوں کے اجتماع میں اکثر فرماتے ہیں کہ آپ نے گھبرانا ہرگز نہیں ہے ،حالات بہتر ہوجائیں گے حالانکہ ہر آنے والے دن کے ساتھ حالات دگرگوں ہوتے جارہے ہیں ۔کپتان جنہوں نے 1992 میں پہلی مرتبہ پاکستان کو کرکٹ کا ورلڈ کپ جتوایا جس طرح پہلے گھن گرج کے ساتھ اپنا منشور اور نظریہ اجتماعات میں پیش کرتے تھے اب ان کی ڈیڑھ سال کی ناقص کارکردگی کے بعد ان کی تقاریر میں نہ وہ لب ولہجہ رہا اور نہ ہی عوام کا جم غفیر کیونکہ ان کے پاس کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ ہے ہی نہیں ۔وہ گزشتہ دنوں پشاور میں میڈیکل کالجز ایسوسی ایشنز کی ایک تقریب سے خطاب فرمارہے تھے ،انہوں نے وہی پرانا نعرہ اصلاحات کا رونا رویا فرمایا کہ حکومتیں پانچ سال پورے کرنے آتی ہیں ۔ہم اصلاحات کا مشن پورا کرنے آئے ہیں اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔رہنے دو کپتان آپ سیاست کی گیم بری طرح ہار چکے ہیں آپ کے کریڈٹ میں کچھ بھی نہیں رہا ،آپ کی کارکردگی تو پاکستان کی کرکٹ ٹیم سے بھی بری رہی ہے وہ کم از کم 2019 میں ہوم گراؤنڈ پرسری لنکا کو ٹسٹ میں شکست دے کر ایک کامیابی حاصل کرسکی لیکن آپ نے تو ڈیڑھ سال میں سوائے شکستوں ،یوٹرن کے سوا کچھ حاصل نہیں کیا اوپر سے آپ فرماتے ہیں کہ جس شعبے میں اصلاحات کی کوششیں کی جاتیں ہیں وہ شعبہ مزاحمت شروع کردیتا ہے ۔انہوں نے تاجروں اور سیاستدانوں کی مثال دی حالانکہ تبدیلی سرکار کے خلاف ہر شعبہ ،ادارہ آہ وبکاء کررہا ہے لیکن کپتان کہتے ہیں آپ نے گھبرانا بالکل بھی نہیں ہے ۔بجلی ،گیس کی لوڈشیڈنگ اور ان کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے نے عوام کو سوچنے سمجھنے اورکاروبار کرنے کی صلاحیت سے محروم کردیاہے ،گھروں کے چولہے سخت سردی کے ایام میں ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں ،مہنگائی نے عوام کے لئے دووقت کی روٹی کا حصول ناممکن بنادیا ہے ،بڑھتی ہوئی بے روزگاری ،صنعتوں کی بندش نے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے ،ہماری پڑھی لکھی نسل روزگار کے حصول کے لئے ملک چھوڑرہے ہیں ،تاجر ہاتھوں پرہاتھ رکھ کر بیٹھے ہیں عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے لیکن ہمارا کپتان کہتا ہے کہ آپ نے گبھرانا بالکل بھی نہیں ہے ۔یہ جنگ عوا م ہی جیتیں گے حالانکہ تبدیلی سرکار کے دورمیں اب تک کرپشن ،بے روزگاری مہنگائی ،اقرباپروری ،بدامنی ،بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ ،انتقامی سیاست ہی کی جیت نظرآتی ہے۔اوپر سے اپنوں کو نوازے کے لئے نیب قوانین میں ترامیم کرکے نیا پنڈورا باکس کھول دیاگیاہے ، جسے سرکردہ اپوزیشن لیڈروں اکرم درانی ،ایاز صادق ،مریم اورنگزیب وغیرہ نے نہ صرف مسترد کردیا ہے بلکہ ان ترامیم کو سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کردیاگیاہے تبدیلی سرکار کی اپنے دور حکومت میں جو سب سے بڑی ناکامی ہے ،وہ ہے کرپشن ،احتساب کے خاتمے میں مکمل ناکامی بلکہ انہوں نے تو نیب زدہ ،کرپٹ وزراء کو اپنی ٹیم کا ہی حصہ بنادیا جس کے باعث ادارے بے لگام گھوڑے بن چکے ہیں ۔افسر شاہی کا مکروہ دھندہ ،کاروبار سرچڑھ کر بو ل رہا ہے لیکن کپتان کہتاہے کہ آپ نے گھبرانا بالکل بھی نہیں ہے ۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں چالیس روپے کی دوائی پانچ سو سے لے کر دوہزارروپے میں فروخت ہورہی ہے ۔189 ادویات کی قیمتوں میں کمی ایک ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں ،غریب کے لئے علاج کروانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے ۔ادویات کی قیمتوں میں بیش بہا اضافے نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی چاندی جبکہ عوام کی بیماریوں ،اموات میں اضافہ کردیا ہے لیکن ہمیں درس دیا جارہا ہے کہ آپ نے گھبرانا بالکل بھی نہیں ہے ۔ہم نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ سبزیاں جو کہ متوسط طبقہ کی خوراک ہے کی قیمتیں کم ہونے کو نہیں آرہی ہیں ،ہری مرچ ،دھنیا ،آلو ،ٹماٹر ،پودینہ ،کدو ،ٹنڈے ،بینگن ،ساگ ،مٹر ،پیاز سب کے نرخ آسمان کو چھورہے ہیں لیکن ہمیں پھر بھی کہا جارہا ہے کہ آپ نے گھبرانا بالکل بھی نہیں ہے ہم نے او آئی سی جیسی نااہل اسلامی ممالک کی تنظیم کے مقابل ترکی ،ملائیشیا ،ایران اور دیگرا سلامی ممالک کی جانب سے ایک موثر اسلامی ممالک کے فورم میں اہم کردار اداکرنے کا موقع ہاتھ سے کھو کر اپنے ان دو دوست ممالک ترکی اور ملائیشیا کو ناراض کردیا جنہوں نے ہماری ہر موقع پر کشمیر کاز وغیرہ میں کھل کر حمایت کی حالانکہ ہم واحد اسلامی ایٹمی طاقت اور دنیا کی ساتویں بڑی فوج کے حامل ملک ہونے کے ناطے اس فورم کو لیڈ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں لیکن ہم نے گھبرانا بالکل بھی نہیں ہے ،تبدیلی سرکار نے عوام کو جو سبز باغ دکھائے وہ سب کے سب ایک خواب ثابت ہوئے ،عوام تبدیلی اوریوٹرن سرکار جن کی اقتدار کی ڈور کسی اور کے ہاتھ میں ہے انتہائی عاجز آچکے ہیں وہ ان سے جلد از جلد چھٹکارہ چاہتے ہیں لیکن ہماری اپوزیشن کی قیادت بھی بیماروں ،لٹیروں ،نیب زدوں ،قرض خوروں کے ہاتھوں میں ہے جن کے دامن بھی کرپشن سے بھرے پڑے ہیں کوئی امیدبرنہیں آتی کوئی صورت نظر نہیں آتی لیکن اس کی لاٹھی بے آواز ہے اس نے یہ ملک ہمیشہ قائم ودائم رکھنے کے لئے بنایا ہے وہ اس کی حفاظت کے لئے اسباب پیدا کرے گا لیکن اس کے لئے ہمیں اس کی طرف رجوع کرناہوگا۔
 

Sohail Azmi
About the Author: Sohail Azmi Read More Articles by Sohail Azmi: 183 Articles with 157664 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.