مجھے فخر ہے اپنے جاہل سندھی وزیراعلیٰ پر کیونکہ اسے
میری فکر ہے۔ کرونا وائرس جیسی وبا کے سندھ میں داخل ہوتے ہی آج تک روزانہ
لگاتار اجلاس اور موثر اقدامات کرنے والے مراد علی شاہ نے لوگوں کے دل میں
گھر کرلیا۔
پہلے دن سے تادم تحریر جس طریقے سے وزیراعلی سندھ نے حالات کی سنگینی کو
سمجھا اور بے باک اقدامات اٹھائے پورا سندھ ان کے ہر اقدام کو سراہتے ہوئے
اپنے وزیراعلی کے ساتھ کھڑا ہے۔
سکھر ہو یا کراچی یا سندھ کا کوئی اور شہر قرنطینہ مراکز کے قیام سے لے کر
ان میں داخل مریضوں کی دیکھ بھال کے بیڑے کو جس احسن اور منظم طریقے سے
چلایا جارہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ہو یا شدید ترین
مخالف آج ہر لب پر ایک ہی نعرہ عام ہے "شاباش وزیراعلی سندھ"۔ آج ان لوگوں
پر بھی سکتہ طاری ہے جو سندھ کے صحت کے نظام پر فتوے صادر کرتے نہیں تھکتے
تھے۔
دوسری طرف میرے کپتان کو ملکی معیشت کی فکر کھائے جارہی ہے جس کی تباہی کی
سب سے بڑی وجہ وہ خود ہے۔ دنیا بھر بشمول سندھ کی حکومتیں اپنے لوگوں کی
فکر میں ہر ممکن قدم اٹھانے سے گریز نہیں کررہی اور میرے کپتان قوم سے خطاب
کر کے انہیں ہاتھ دھونا سکھا رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب اس بات کو لیکر شدید
کرب کی کیفیت میں ہیں کہ "کرونا وائرس کاٹتا کیسے ہے"؟ ان کی سنجیدگی کا
اندازہ لگانے کے لیے اتنا کافی ہے کہ لاہور جیسے درالخلافہ میں کرونا وائرس
کا ایک مریض صرف اس وجہ سے جان کی بازی ہار گیا کہ اسپتال میں وینٹیلیٹر کی
سہولت مہیا نہیں تھی۔
مجھے سندھ کا باسی ہونے پر فخر ہے کیونکہ میرا وزیر اعلی مراد علی شاہ ہے
جو اپنے لوگوں کی فکر میں ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے۔
میرا ہر فیصلہ غلط سہی مگر میرے کپتان کو ووٹ نہ دینا زندگی کا ایک ایسا
فیصلہ بن گیا جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہیگا۔
آج اٹھارویں ترمیم پر انگلیاں اٹھانے والے یا تو بغلیں جھانک رہے ہیں یا
آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔
یہ اٹھارویں ترمیم ہی ہے جس نے آج اہل اور نااہل کا فرق واضح کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی تقریر بھی ان کی سیاسی بلوغت پر انگلیاں اٹھانے والوں
کہ منہ پر زوردار طمانچہ تھی۔
میں بلاول بھٹو زرداری کی قومی یکجہتی کی ضرورت کی اپیل کی مکمل حمایت کرتا
ہوں اور امید کرتا ہوں کہ کچھ وقت کے لیے سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ
کر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
آخر میں بس یہی کہنا بچا ہے کہ مجھے اپنے "جاہل سندھی" وزیراعلی پر فخر ہے❤
تحریر: جمشید عالم خان۔
|