|
ہر ماں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد کو زندگی میں کسی بھی قسم کی
تکلیف نہ ہو اور اس کو ہر قسم کی اور خوشی اور کامیابی ملے- مگر بعض اوقات
بچے اپنے ماں باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دنیا کے اس سفر میں کامیابیاں
حاصل کرنے کے لیے اسی راستے سے گزرنے کو ترجیح دیتے ہیں جس پر ان کے ماں
باپ نے قدم رکھے تھے- ایسی ہی کہانیاں شوبز سے جڑی ماں بیٹیوں کی بھی ہے جو
کہ خود ساری زندگی اس شعبے میں کام کرتی رہیں- مگر ان کی خواہش ہوتی ہے کہ
ان کی بیٹیاں اس شعبے میں آنے کے بجائے تعلیم حاصل کر کے دوسرے شعبوں میں
نام پیدا کریں-
1: صبا فیصل اور سعدیہ فیصل
پاکستان ڈراموں کے کسی بھی چینل پر ماں کے کردار کے لیے ڈائریکٹرز کا
پسندیدہ انتخاب صبا فیصل ہی ہوتا ہے اور اس کا سبب صبا فیصل کا نہ صرف اپنے
کام کے ساتھ ایمانداری ہے بلکہ اس میں ان کی محنت اور کامیابیوں کا بھی بڑا
ہاتھ ہے ۔ انہوں نے اتنی کامیابیوں کے باوجود غرور اور فخر کو اپنے قریب
نہیں بھٹکنے دیا اور یہی سبق اپنی اولاد کو بھی دیا ہے- ان کی بیٹی سعدیہ
فیصل جو کہ ایک باصلاحیت اداکارہ اور ماڈل کے طور پر پہچانی جاتی ہیں
اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین بیوی اور ماں بھی ہیں- اور یہی
درحقیقت صبا فیصل کی تریبت کی خصوصیت ہے جنہوں نے صرف ڈراموں میں ہی بہترین
ماں کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ حقیقی زندگی میں بھی اس کردار کو بہترین
انداز میں نبھایا ہے-
|
|
2: فاطمہ آفندی اور فوزیہ مشتاق
فوزیہ مشتاق اپنے پورے کیرئیر میں سپورٹنگ رول ادا کرتی رہیں اور ان کی یہ
خواہش تھی کہ ان کی بیٹی فاطمہ شوبز میں آنے کے بجائے اپنی تعلیم پر توجہ
دے اور تعلیم کے میدان میں کوئی کارنامے انجام دے سکے- مگر فاطمہ کی خوش
نصیبی ہے کہ اپنی والدہ کے بر عکس ان کو اپنے کیرئير کے آغاز ہی میں مرکزی
کردار ملے اور وہ لیڈنگ ایکٹرس کے طور پر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو
سکیں- اس کے ساتھ ساتھ اپنی والدہ کی تریبت کے زیر اثر ہی اپنی خانگی زندگی
بھی بہت کامیابی کے ساتھ گزار رہی ہیں- ان کے شوہر کا تعلق بھی شوبز سے ہے
اور وہ دو خوبصورت بچوں کی ماں بھی ہیں-
|
|
3: صبا حمید اور میشا شفیع
صبا حمید کا نام شوبز کے حوالے سے کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے انہوں نے
اپنی ساری زندگی شوبز کے لیے وقف کر دی ہے- جوانی میں مرکزی کردار ادا کرتے
کرتے کب سپورٹنگ کرداروں میں آنا شروع ہو گئیں کسی کو پتہ ہی نہیں چلا- مگر
ان تمام حالات میں انہوں نے اپنے کردار کی مضبوطی کا جو درس اپنی بیٹی کو
دیا میشا شفیع اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں- علی ظفر والے معاملے کے بعد اپنی
خاندان کے ساتھ کینیڈا شفٹ ہونے کے بعد بھی میشا شفیع نے شوبز کو نہیں
چھوڑا ہے اور وقتاً فوقتاً نظر آتی رہتی ہیں-
|
|
4: دیبا اور مدیحہ رضوی
اداکارہ دیبا اپنی جوانی میں فلموں کی مشہور ترین ہیروئين رہ چکی ہیں- ان
کے حصے میں آنے والی شہرت ان کی بیٹی مدیحہ رضوی کے حصے میں تو نہیں آسکی
مگر اس کے باوجود مدیحہ دھیمی رفتار سے اپنے کام کے ذریعے اپنی جگہ بناتی
جا رہی ہیں- اور اس بات کا کریڈٹ ان کو دیا جا سکتا ہے کہ انہوں نے کامیابی
حاصل کرنے کے لیے اپنی ماں کے نام کے بجائے اپنے کام کا استعمال کیا ہے-
|
|
5: اسما عباس اور زارا نور عباس
شوبز کی دنیا کی کامیاب ترین ماں بیٹی کا خطاب اگر ان دونوں کو دیا جائے تو
کچھ غلط نہ ہوگا- اگرچہ دونوں ماں بیٹی کی زندگیاں حادثات سے بھرپور ہیں
مگر اس کے باوجود انہوں نے شوبز میں اپنے سفر کو رکنے نہ دیا اور ہر قسم کے
حالات میں اپنے اس سفر کو جاری رکھا- یہی وجہ ہے کہ اب اسما عباس سپورٹنگ
رول میں بہت زیادہ کام کر رہی ہیں تو ان کی بیٹی اسما عباس لیڈنگ رول میں
اپنی کامیابیوں کے جھنڈے فلم اور ٹی وی دونوں ہی شعبوں میں گاڑھ رہی ہیں-
|
|
6: عصمت طاہرہ اور اشنا شاہ
عصمت طاہرہ جنہوں نے شوبز کے شعبے کا انتخاب اپنے بچوں کو پالنے کے لیے کیا
تھا ان کی خواہش تھی کہ ان کی بیٹی اس شعبے میں نہ آئیں تو بہتر ہے- مگر
اشنا شاہ کو بھی اپنی ماں کو دیکھ کر اس شعبے میں آنے کا جوش چڑھا- جس کے
لیے انہوں نے نہ صرف اپنے گھر والوں کی مخالفت مول لی بلکہ اپنی ماں کی
ناراضگی کا بھی سامنا کیا- مگر اب اشنا شاہ کا یہ کہنا ہے کہ چونکہ انہوں
نے اس شعبے میں کامیابیاں حاصل کر لی ہیں تو رفتہ رفتہ ان کے تعلقات بھی
اپنی ماں سے بہتر ہونا شروع ہو گئے ہیں-
|
|
7: حمیرا علی اور ایمان علی
اداکار عابد علی نے پہلی شادی حمیرا کے ساتھ لو میرج کی تھی جن سے ان کی
تین بیٹیاں بھی تھیں ایمان علی ان ہی میں سے ایک تھیں- مگر والد کی دوسری
شادی کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہنے لگی تھیں اور انہوں نے ماڈلنگ اور
اداکاری کے شعبے کا انتخاب کیا تھا- حمیرا علی نے اگر اداکاری کے میدان میں
اپنی صلاحیتوں کا استعمال کیا تھا تو اس کے مقابلے میں ایمان علی نے
کامیابی حاصل کرنے کے لیے گلیمر کو سیڑھی بنایا ۔ اب ایمان علی شادی کے بعد
شوبز سے دور ہو چکی ہیں اور ایک پر سکون خانگی زندگی گزار رہی ہیں-
|
|