لذت مطالعہ/ مطالعے کی عیاشی

انسان کچھ عرصے کے لیے غم دوراں اور جاناں دونوں سے بےفکر ہو. گھر میں سکون کا سماں ہو، آپ کے کمرے میں کوئی نہ ہو مگر کبھی کھبی یک سالہ بیٹی آپ کی خاموشیوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے کے لیے آن واحد کے لیے سر پر کھڑی لو، اور مسکراہٹیں بکھیرتے ہوئے اپنی اماں کیساتھ اگلے لمحے رفو چکر ہو، کھڑکی سے دھوپ کی کرنیں آپ کے کتابوں کی شیلف اور پلنگ پر پڑ رہی ہوں. کھڑی کے بالکل سامنے انگور کی بیلیں لٹک رہی ہوں. کھلے گلاب خوشبو بکھیر رہے ہوں، اور ہمیشہ سرسبز رہنے والے درخت بینائیوں کو محظوظ کررہے ہوں. گلاب کی پنکھڑیوں کیساتھ مختلف سبزیوں کی کیاریاں آپ کا منہ چڑا رہی ہوں، گولڈ میری کی پتیاں اچانک لہک کر پورے صحن کو مشک و بو سے معطر کررہی ہوں. دیوار پر لگی آکاش کی لمبی بیل حسن و جمال کر بڑھوا دے رہی ہوں.

بیوی کے ہاتھوں بنی دودھ پتی کڑک چائے بڑے سے مگ میں سامنے سے بھینی بھینی خوشبو بکھیر رہی ہو، آپ دیار (خوشبودار لکڑی) کے پلنگ میں بیٹھے ہوں، سامنے دیار کی ٹیبل پر چائے اور موبائل رکھا ہوا ہو، مستقل مطالعہ کی چار پانچ کتابوں کے درمیان کاغذ لگے ہوں،
آپ کے ہاتھ میں علامہ اسد کی معروف زمانہ کتاب
The Road to Mecca
یعنی "شاہرہ مکہ" ہو، آپ صفحہ نمبر 113 پر پہنچ چکے ہوں، کچی پنسل سے ہر صفحہ پر کچھ نہ کچھ حاشیہ چڑھا رہے ہوں، ساتھ چائے کی چسکیاں بھی لے رہے ہوں.. مطالعہ کی اس لذت بلکہ عیش کو محسوس کیا جاسکتا ہے، بیان کرنا مشکل ہے.یہ مطالعہ کا جادوائی منظر ہی ہوسکتا ہے... اس ساحرانہ کیفیت کا حظ اتنا عظیم تر ہوتا کہ دنیا کی کوئی حظ اس کے سامنے ہیچ ہوتی. کیا جنت میں بھی مطالعے کا سماں ہوگا یا پھر حور وغلمان پر گزارا کرنا پڑے گا؟ تو
احباب کیا کہتے ہیں؟
 

Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 446 Articles with 433651 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More