اس وقت جہاں پوری دنیا میں کرونا وائرس نے تباہی مچارکھی
ہے ، امریکہ جیسا سپرپاور ملک بھی اس وائرس کے آگے بے بس دکھائی دے رہا ہے
وہاں اس وائرس نے جنوبی ایشیائی ملک بھارت اور پاکستان وغیرہ کو بھی اپنی
لپیٹ میں لے لیا ہے ، بھارت میں اس وقت کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ
رہے ہیں اور اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے وہ محض اس لئے کیونکہ
مودی اس وقت بجائے اپنے ملک پر توجہ کے جنگی جنون پر توجہ دیے ہوئے ہے اس
کے علاوہ وہ بھارتی اور کشمیری مسلمانوں کو بھی نقصان پہنچانے میں پیش پیش
ہے ، بہرحال پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کافی حد تک کنٹرول میں ہے ،
اموات کی تعداد کافی کم ہے ، وہ صرف اس لئے کیونکہ ہمارے ہیروز اس وقت فرنٹ
لائن پر کھڑے ہوکر اپنی جان کا نظرانہ دے رہے ہیں ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب
بھی وطن عزیز پر کوئی مشکل آئی قوم کے جانباز پاک آرمی نے جواں مردی اور
بہادری سے ملک کو مشکل حالات سے نکالا ،پھر چاہے وہ جنگ ہو یا پھر کوئی
قدرتی آفت پاک فوج ہمیشہ سے ہی صف اول پر نظر آئی ۔آج ایک بار پھر ان مشکل
حالات میں پاک آرمی کرونا وائرس کے خلاف صف اول پر موجود ہے ،جہاں پوری
دنیا ایک عالمگیر وباء کی لپیٹ میں ہے وہیں پاکستان کو بھی اس وباء نے اپنا
نشانہ بنایا ہوا ہے۔ملک کو اس مشکل گھڑی سے نکالنے کے لیے قوم کے دلیر اور
باہمت پاک آرمی کے جوان سمیت ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ وباء سے براہ راست
لڑنے کیلئے فرنٹ لائن پر موجود ہیں ۔قوم کے یہ مسیحا وائرس کے خلاف جنگ
کرنے اور اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ثابت قدمی کے ساتھ اس مرض کو شکست
دینے اور عوام کو اس سے بچانے کے لئے گوشہ ہیں۔پاک آرمی کے جوان ،ڈاکٹرز
اور دیگر طبی عملہ تقریباً 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود اپنے فرائض سر انجام دے
رہے ہیں ہیں ۔اس وقت پاک آرمی نہ صرف کرونا وائرس کے خلاف لڑرہی ہے بلکہ اس
کے ساتھ ساتھ ہمہ وقت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھی فرنٹ لائن پر موجود ہے
جہاں پاک آرمی کے جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی حفاظت کیلئے
قربانی دے رہے ہیں ۔دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کی جانب سے وقفے وقفے سے
پاک فوج اور سکیورٹی اداروں پر حملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، ایل اوسی
پر بھارتی گولاباری اور مسلسل فائرنگ ملک کو دوبارہ غیرمحفوظ اور دہشتگردی
کی بھینٹ چڑھانے کی سازشوں کے سلسلے کی کڑی ہے اور یہ سازشیں پاکستان کے
ازلی دشمن بھارت کی جانب سے چلی جارہی ہیں ۔ بلوچستان میں پاک ایران سرحد
کے قریب دہشت گردوں کی آمدورفت روکنے کیلئے ایف سی کی پٹرولنگ کرنے والی
گاڑی کو گزشتہ روز ریموٹ کنٹرول کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعہ میں
ایک میجر اور پانچ جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر
کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد سے 14 کلو میٹر
کے فاصلے پر بلیدہ نامی علاقے سے معمول کا گشت کرکے واپس آرہی تھی کہ اسے
سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ اس گشت کا مقصد مکران کے
اس انتہائی دشوار گزار علاقے میں دہشت گردوں کی آمدورفت کے ممکنہ راستوں کی
نگرانی کرنا تھا جس کے دوران مذموم عزائم رکھنے والے دہشت گردوں نے گشت پر
مامور ایف سی کے افسروں اور جوانوں کو نشانہ بنایا جس میں میجر ندیم عباس
بھٹی،نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور،لانس نائیک خضرحیات،سپاہی ساجد اور
ندیم نے جام شہادت نوش کیا ، اﷲ شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے آمین
۔دفاع وطن اور ملک و ملت کے تحفظ کے جذبے سے سرشار عساکر پاکستان نے کٹھن
سے کٹھن حالات میں بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے کبھی کسی ہلکی سی
غفلت کا بھی مظاہرہ نہیں کیا اور آج کے نازک حالات میں جبکہ پورا ملک کرونا
وائرس کی لپیٹ میں ہے،عساکر پاکستان اس موذی وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور
متاثرین کی بحالی و امداد کے کاموں میں بھی حکومت اور عوام کا بھرپور ہاتھ
بٹا رہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مکار دشمن بھارت کے عزائم کو بھانپ کر دفاع
وطن کی ذمہ داریاں بھی ہمہ وقت چوکس رہ کر نبھا رہی ہیں۔ ہمارے دیرینہ دشمن
بھارت کو بھی اس صورتحال میں ہی پاکستان کی سلامتی کیخلاف اپنی مذموم
سازشیں پروان چڑھانے کا نادر موقع ملا چنانچہ اس نے پاک افغان سرحد اور پاک
ایران سرحد پر فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تربیت یافتہ دہشت گرد پاکستان میں
داخل کرکے ملک کے مختلف علاقوں میں خودکش حملوں اور دہشت گردی کی دوسری
مذموم وارداتوں کا سلسلہ شروع کر دیا جس کیلئے بطور خاص کابل انتظامیہ نے
بھارت کی بھرپور معاونت کی۔پاکستان کی سلامتی کے درپے سفاک بھارت کی اس سے
بڑی ننگ انسانیت سوچ اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے اپنے عوام کو
بچانے کا سوچنے کے بجائے اس نازک صورتحال کو بھی پاکستان کی سلامتی کمزور
کرنے کیلئے استعمال کررہا ہے جو کہ ہمیشہ سے ہی اس کا خواب رہا ہے اور اس
نے جہاں کنٹرول لائن پر پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کا سلسلہ برقرار
رکھا ہوا ہے ۔اب بھارت نے پاکستان کی سلامتی دہشت گردی کے ذریعے کمزور کرنے
کی سازشوں کو بھی دوبارہ عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے جو کہ کبھی پورا
نہ ہوگا۔بھارت یہ بات اچھی طرح سے سمجھ لے کہ عساکر پاکستان دفاع وطن کیلئے
اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں اس لئے بھارت کو اس کی ہر سازش پر عساکر
پاکستان کے ہاتھوں ہر بار کی طرح اس بار بھی ہزیمت اٹھانی پڑے گی۔
|