خواب اور سانپ

خوابوں کی پہچان نہ صرف ہمیں دوسروں کی پہچان عطا کرتی ہے! بلکہ ہمارا اپنے اوپراعتماد بھی بحال کرتی ہے۔ “ڈاکٹر شاکرہ نندنی“

نیند اور خواب کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ زندگی کے ایسے اسباق جو ہم کھلی آنکھوں سے دیکھ کر بھی نہیں سمجھ پاتے وہ بند آنکھوں میں خواب کی صورت ہماری روح پر القا ہوتے ہیں۔

خوابوں کو پڑھنے کے لیے بصارت نہیں بصیرت درکار ہے جو بصارت کی طرح ہر انسان کو یکساں طورپرعطا ضرورہوتی ہے، بات صرف اُس کی پہچان کی ہے۔ جس طرح انسان اپنے آپ کو عطا کردہ بصارت کی نعمت کو جان کر اُس کی حدود خلا سے بھی آگے لے گیا ہے اسی طرح بصیرت کی کرنیں بھی زمان و مکاں کی قیود سے آزاد ہیں ۔ خواب میں سانپ اکثر دکھائی دیتے ہیں۔ عام زندگی میں انسان شاید ہی کبھی سانپوں کے قریب جاتا ہو یا سانپ اس کے قریب آتے ہیں۔

حال میں انسانوں کی ہمہ ہمی اور اُن کی اذیت کا ڈنگ اتنی مہلت ہی نہیں دیتا کہ سانپوں کا خیال بھی ذہن میں آئے بہرحال شاید سانپوں سے یہی قربت، یہی دوری ہے جو انہیں ہمارے خوابوں میں آنے پرمجبورکردیتی ہے۔ سانپوں کے ان گنت رنگ اوراتنی ہی اقسام ہیں۔ انسانوں کی طرح ایک جیسے ہوتے ہوئے بھی لاتعداد بہروپ بدل کر بدل کر ہمارے خوابوں میں سفر کرتے ہیں۔

ہم میں سے تقریباً ہر شخص زندگی میں ایک بارتو سانپ کو خواب میں ضرور دیکھتا ہے۔ کبھی زندگی کے تجربات اتنے تلخ یا پھر اتنے شیریں ہوتے ہیں کہ خواب میں سانپ کے ملنے یا نہ ملنے کا شائبہ تک نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ خوابوں سے باتیں کرنا بھی ہر کسی کے بس کا روگ نہیں۔ بےخبری کی نیند اتنی گہری اتنی مکمل بھی ہو سکتی ہے یا ہوتی ہے کہ اکثر اوقات خواب ہوا کے جھونکے کی طرح چھو کر گزرجاتے ہیں اورپتہ بھی نہیں چلتا۔

خواب عملی زندگی میں ایک الارم کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن بہت کم لوگوں کو اِس کا ادراک ہوتا ہے۔ سانپوں کو خواب میں دیکھنا اُن کی قسموں کی طرح بہت سے مختلف معنی رکھتا ہے۔

جیسے خواب میں سفید رنگ کا سانپ نظر آنا بُزرگی کی علامت ہے تو سُرخ رنگ کامیابی کی۔ کالا سانپ دکھائی دینا دولت ملنے کی نشانی ہے۔ پیلا یا بھورا سانپ البتہ دُشمن سے واسطہ پڑنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ عام طورپر اسی طرح کے سانپ خوابوں میں دکھتے ہیں لیکن ایک نیلے رنگ کا سانپ بھی ہوتا ہے جو بہت کم کسی کو خواب میں نظر آتا ہے۔ یہ آسمان کی علامت لیے بصیرت یعنی وژن کو ظاہر کرتا ہے اوراس کا دکھائی دینا اچھا سمجھا جاتا ہے۔ سانپوں کی اچھائی یا برائی کی تعبیروں سے قطع نظرخصلت کے اعتبار سے سانپ کی فطرت ہمیشہ نقصان پہنچانے کی رہی ہے، اس لیے سانپ کا خواب میں دکھائی دینا کسی مشکل راستے کی نشاندہی کرتا ہے۔

آخری بات !!!
خوابوں کی پہچان نہ صرف ہمیں دوسروں کی پہچان عطا کرتی ہے! بلکہ ہمارا اپنے اوپراعتماد بھی بحال کرتی ہے۔
 

Dr. Shakira Nandini
About the Author: Dr. Shakira Nandini Read More Articles by Dr. Shakira Nandini: 203 Articles with 212136 views I am settled in Portugal. My father was belong to Lahore, He was Migrated Muslim, formerly from Bangalore, India and my beloved (late) mother was con.. View More