للن کی اُردیزی

للن نے کلن سے فون پر کہا یار مجھ سے جمن کا نمبر مکس ہوگیا ہے ۔ ذرا بھیج دو ۔
کلن بولا آج کل فون سارے نمبر خود ہی یاد رکھتا ہے اس لیے مکس کیسے ہوگیا؟
للن نے جھنجھلا کر کہا مجھے پتہ ہے لیکن میرے فون کی میمری ڈیلیٹ ہوگئی ہے ۔
اوہو ، انسانوں کی طرح فون کی یادداشت کا چلا جانا دلچسپ ہے ۔ اس کو بجلی کے دوچار جھٹکے دو تو لوٹ آئے گی۔
مائی فرینڈ کلن بجلی تو فون کی غذا ہے۔ اس لیے کرنٹ سے اس کو شاک نہیں لگتا ۔
یہ تمہاری غلط فہمی ہے للن ۔ تم ایسا کرو کہ اس کو سیدھے 240وولٹ کا تار چھوا دو اور دیکھو کیا ہوتا ہے؟
میرے گھر کو ہاتھرس سمجھ رکھا ہے۔یوپی پولس کی طرح اپنے فون کی چتا نہیں جلا سکتا۔ اس طرح میمری کے ساتھ اس کی ڈیڈ باڈی بھی جل جائے گی ۔
تمہارا فون چونکہبہکی بہکی حرکتیں کرنے لگا ہے اس لیے ضروری ہے اور اگر تم بھی وہی کروگے تو تمہیں بھی ۰۰۰۰۰۰۰
تو کیا مجھے بھی بجلی کا شاک دوگے ۔ اگر الکٹرک شاک سے کسی کا دماغ درست ہوتا ہو تو یوگی جی دو۔
ارے بھائی دماغ اگر ہو تو درست بھی ہوسکتا ہے ۔ وہاں تو اوپری کمرہ خالی ہے یعنی بیرو میٹر کے اوپری حصے کی طرح خلا پایا جاتا ہے ۔
للن بولا میں نہیں مانتا کیونکہ اسپیس میں پریشر نہیں ہوتا اور یوگی جی تو فی الحال زبردست پریشر میں ہیں ۔
یہ تمہیں کس نے بتایا ؟ ٹھوک دو والے یوگی تو ہمیشہ دوسروں پر دباو بنانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں ۔
کوشش تو کرتے ہیں لیکن پریشر بنتا نہیں ہے ۔ ابھی کہہ رہے ہیں کہ کچھ لوگ اتر پردیش میں ریشیل رایٹ کی کانس پی ریسی کررہے ہیں ۔
ارے یہ تو بڑے شرم کی بات ہے ۔ ان کے پاس پولس اور جاسوسی کا نظام ہے انہیں رونے دھونے کے بجائے اسے بے نقاب کرنا چاہیے ۔
جی ہاں یہ دراصل ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا والا معاملہ ہے جب سچویشن کنٹرول سے باہر نکل جائے تو دوسروں کو بلیم کرنا ان کی پرانی ہیبٹ ہے؟
کلن بولا اس کے باوجود آج تک والے ان کو سب سے مقبول وزیر اعلیٰ قرار دیتے ہیں حیرت ہے؟
ارے بھائی تم نے یوگی کو درمیان میں لاکر بات کا بتنگڑ بنادیا۔میں نے کہا نا جمن کانمبر مکس ہوگیا ہے ، اس سے ارجنٹ کام ہے۔ فاسٹ ۰۰۰۰فاسٹ ۔
اچھا اب سمجھا کہ جمن کا نمبر تم سے کھوگیا ہے۔ اس کو انگریزی میں مکس ہونا نہیں مس ہونا کہتے ہیں ۔
کیا ! میں نے تو سنا ہے دوشیزہ کو انگریز مس کہتے ہیں ؟ اور میری بیٹی تو اپنی بڑھیا ٹیچر کو بھی خوش کرنے کے لیے مس ہی کہتی ہے۔
جی ہاں للن لیکن دوشیزہ کے ساتھ غائب ہوجانے کو بھی مس ہوجانا کہتے ہیں ۔
ارے بھائی میں نہ تو کسی مس کے ساتھ غائب ہوا ہوں اور نہ ایسی ڈ یرنگ کرسکتا ہوں ۔ تم میری مسز کو توجانتے ہی ہو ، سن لے گی تو شامت آجائے گی۔
کلن بولا ٹھیک ہے، جانتا ہوں کہ تم یہ جرأت نہیں کرسکتے لیکن یہ بھی تو کہہ سکتے ہو جمن کا نمبر کھوگیا ہے یا غائب ہوگیا ہے۔
ارے ہاں آل از سیم ۔ اب مجھے انگلش ٹیوشن دینے کے بجائے اپنا کام یعنی میرا یہ کامکویکلی کرو ۔ اوکے ۔
یہ سب ایک نہیں ہے؟ انگریزی میںمکس ملاوٹ کرنے کو کہتے ہیں ۔ جیسے تم اپنے ہر جملے میں بلاوجہ انگریزی کے الفاظ گھسا دیتے ہو۔
خیر ابتم نمبر سینڈ کرتے ہو کسی اورسے ریکویسٹ کروں ؟ اتنی دیر میں تو میری جمن سے بات بھی فنش ہوچکی ہوتی ۔
انگریزی میں سینڈ ریت کو بھی کہتے ہیں تو کیا میں نمبر ریت میں ملا کر بھیجوں ؟
یار سمجھ میں نہیں آتا کہ آج صبح صبحمیرا کس کٹ حجت سے پالا پڑگیا ۔ دیکھواب چیٹ کو اور لانگ کروگے تو میں میڈ ہوجاوں گا ۔
دیکھو بھائی سیانہ آدمی تو پاگل ہو سکتا ہے لیکن جو پہلے ہی پاگل ہو وہ پاگل نہیں ہوسکتا ۔
تو کیا میں کریزی ہوگیا ہے ۔ اپنی زبان کوکنٹرول میں رکھو ۔ یو گوٹ اِٹ ؟
تمہارا دماغ درست ہوتا تو تم میرے بجائے گوگل میں محفوظ رابطے سے اپنے سارے فون نمبر اتار لیتے ۔ مجھے زحمت نہیں دیتے ۔
ارے بھائی آئی نو دِس۔ مجھے سب پتہ ہے لیکن میرا آج کا ڈیٹا پیکیج ختم ہوگیا ہےاس لیے ڈاون لوڈ نہیں کرسکتا ۔تمنمبر بھیجو۔
ابھی بھیجتا ہوں بابا۔ لاک ڈاون میں بور ہوگیا تھا اس لیے دو بات کرلی توتم برا مان گئے ۔
ٹھیک ہے نیور مائنڈ۔ جلدی کرو ۰۰۰۰۰کویک ۔
پانچ منٹ بعد پھر سے کلن کے فون کی گھنٹی بجی تو اس نے پوچھا اب کس کا نمبر چاہیے؟
ارے اسی فولش جمن کا۔ میں نے جمن شیخ کا نمبر مانگا اور تم نے جمن سنگھ کا نمبرسینڈ کر دیا ۔
اچھا! تم نے تو صرف جمن کہا میں نے جمن سنگھ سمجھ لیا ۔
لیکن تمہیں بھی تو سوچنا چاہیے کہ جمن سنگھ اتنا رِچ آدمی ہے وہ مجھ سےلون کیوں لے گا اور میں اس سے ریٹرن کرنے کے لیے کیوں کہوں گا؟
جی ہاں لیکن تم نے یہ کب بتایا کہ قرض واپس مانگنے کے لیے جمن کو ڈھونڈ رہے ہو؟ یہ بتاتے تو میں جمن شیخ کا نمبر دیتا۔
ارے بھائی کامن سینس بھی تو کوئی چیز ہے ۔ اگر جمن سنگھ کا نمبر درکار ہوتا تو احترام سے مسٹر جمن کہتا صرف جمن تھوڑی نا بولتا ؟
کیا مطلب کل کو میں کنگال ہوجاوں گا تو تم میری عزت کرنا چھوڑ دوگے ؟
دیکھو کلن ایسا ہے کہ تم اگر ملی نیئر ہوجاوگے تب میں تمہارا ریسپیکٹ نہیں کروں گا ۔
اچھا وہ کیوں ؟ کیا میں جمن سنگھ سے بھی گیا گزرا ہوں؟
اس راسکل کا نام نہ لو ۔ تم تو میرے بچپن کے فرینڈ ہو۔ فرینڈشپ میں کوئی فار میلٹی تھوڑی نا ہوتی ہے؟
خیر جمن سنگھ سے تم اتنے ناراض کیوں ہو؟
کہا نا ، میں نے اسے جمن شیخ سمجھ کر اپنا لون ریٹرن کرنے کے لیے کہا تو وہ فیوریس ہوگیا ۔
اچھا تو آواز سے تم اس کو پہچان نہیں سکے؟
ارے بھائی ایک تو میرے فون کا اسپیکر خراب ہے۔ سیکنڈلی صرف ہیلو سننے سے کیسے پتہ چلے کہ یہ شیٖخ ہے یا سنگھ ہے؟
ارے ہاں تو پہلے خیریت معلوم کرتے۔ اپنے آپ سمجھ میں آجاتا کہ سامنے کون ہے؟ یہ بھی کوئی انسانیت ہے کہ فون اٹھایا اور برس پڑے۔
یار ٹرولی اسپیکنگ ! وہ اپنا جمن میری نرمی کا اایڈوانٹیج لے کر ایک سال سے ٹال مٹول کررہا ہے۔ اس بار میں ٹف ہوکر پوچھا تو رانگ نمبر لگ گیا۔
وہ تو ٹھیک ہے للن میاں لیکن اپنے مدرسے کےاس ساتھی کے ستارے فی الحال گردش میں ہیں۔ ورنہ وہ شریف آدمی ہے۔
آئی نو کلن لیکن کیا کروں غصہ آگیا تھا اور اللہ میاں نے اس کا پنشمینٹ میں بھی دے دیا ۔ اب دوبارہ ایسی مسٹیک نہیں کروں گا ۔
ٹھوکر کھا کر سنبھلنے والا سمجھدار ہوتا ہے۔ میں ابھی نمبر بھیجتا ہوں ۔ اس کو میرا سلام کہہ دینا ۔
تھینک یو کلن ، گاڈ بلیس یو ۔
 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2130 Articles with 1501593 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.