ﷲ کی محبت کا حصول

تحریر: عشاء مقبول، لاہور
انسان میں کئی طرح کی محبتیں بھردی گئی ہیں، خود لے کر اپنی اولاد اور پھر مال تک وہ تمام محبتیں ہیں جو ہر کسی میں موجود ہیں۔ اس کے بعد اگلا درجہ ہے اپنے ساتھ کے رشتوں سے محبت کرنا اور پھر اس سے محبت کرنا جو دکھائی نہ دے۔ ان تمام اقسام کی محبتوں کے معیارات اور درجے بھی الگ ہیں، مگر ان سب پر جو محبت فوقیت رکھتی ہے وہ اس ذات کی ہے جس نے انسان کو بنایا پھر ا س کے بھیجے ہوئے پیغام دینے والے سے محبت کرنا اور اس کے پیغام سے محبت کرنا۔

سوال یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ سے ہی سب سے زیادہ محبت کیوں کی جائے؟ اﷲ تعالیٰ کی اطاعت کیوں ضروری ہے؟ اگر ہم کائنات اور کائنات میں موجود چیزوں کو دیکھے تو ہمیں اس کے بنانے والا کا خیال آتا ہے کہ یہ سب چیزیں کس نے بنائی اتنا منظم نظام کائنات کا کون چلا رہا ہے کوئی ایسی ہستی موجود ہے جو اس نظام کو چلا رہی ہے اﷲ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور ہم اس کی نعمتوں کا شکر ادا نہیں کرسکتے، بے شمار احسان ہم پر ہیں ہم نہ چاہتے ہوئے بھی اسے نظر انداز نہیں کرسکتے کوئی ہم پر جب احسان کرتا ہے تو ہم اس کے ساری زندگی احسان مند رہتے ہے تو اس ہستی کے ہم شکر گزار اور احسان مند کیوں نہ ہو اور اس سے محبت کیوں نہ کی جائے جس کے ہم پر بے شمار احسانات ہے ہمارا وجود اس کی مثال ہے ۔ قرآن مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے ’’اور اﷲ کے احسانات کو گننا چاہو تو تم نہ گن سکو گے۔‘‘ (ابرہیم)

محبت کو دیکھا جائے تو وہ دو طرح کی ہوتی ہے ایک محبت حسی و جبلی ہوتی ہے۔ جیسے ماں کو اپنے بچے سے ہوتی ہے اور ایسی محبت جانوروں میں بھی پائی جاتی ہے اور ایک محبت عقل کی بنیاد پر ہوتی ہے جو انسان کے ساتھ خاص ہوتی ہے جو عقل کی رہنمائی فرماتی ہے ۔ مومن کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ صرف اﷲ کی ذات سے محبت ہونی چاہیے ۔ ارشاد ربانی ہے، ’’وہ لوگ جو ایمان لائے وہ سب سے زیادہ اﷲ سے محبت رکھتے ہیں‘‘ (البقرہ)

اﷲ نے ہمارے اوپر بے شمار احسانات کیے ہیں جن کو گنا نہ ممکن ہے، مگر کچھ احسانات وہ ہیں جن کو دیکھ کر ہمیں محسوس ہوگا کہ اﷲ سے سب سے زیادہ محبت کیوں کی جائے۔ اس نے ہمیں زندگی جیسی انمول نعمت عطا کی، ہمیں عقل و شعور عطا کیا جو ہمیں دیگر مخلوقات سے ممتاز کرتا ہے، زندگی کے ساتھ ساتھ اس زمین میں رہنے کے تمام اسباب عطا کیے، خلافت ارضی عطا کی، ہماری رہنمائی کے لیے انبیاء کرام اور پیغمبر اور رسول بھیجے، ہم پر اپنے پیارے نبی (صلی علیہ وآلہ وسلم)کے ذریعے اپنی آسمانی کتاب بھیجی جو نہ صرف دنیا میں ہماری رہنمائی کریں گی بلکہ اخرت میں بھی ہماری شفاعت کا ذریعہ بنے گی، وہ مشکلات میں ہماری مدد کرتا ہے ہماری فریاد سنتا ہے اور ہمیں بے سہارا نہیں چھوڑتا ، وہ ہمارے حق میں بہت مہربان اور سدا رحم کرنے والا معاف کرنے والا ہمارے گناہوں پر پردہ پوشی کرنے والا ہماری توبہ قبول کرنے والا ہے۔

ان احسانات کا مطلب ہے کہ ہم بھی اﷲ سے محبت کریں، اس کے بتائے ہوئے طریقوں پر زندگی گزاریں ، اس کی بندگی کے حقوق کو ادا کریں۔ اﷲ تعالیٰ کی محبت کے کچھ طریقے وتقاضے ہیں ایسی چیزیں جو اس کو نا پسند ہے اسے نہیں کرنا چاہیے جو اسے پسند ہے اس پر عمل کرنا چاہیے اسی طرح ہم اس کی محبت کے مستحق بن سکتے ہیں ۔

جس سے محبت کی جاتی ہے اس کی پسند اور نا پسند کا خیال رکھا جاتا ہے۔ اﷲ کی محبت کا یہ تقاضا ہے جو چیز اسے نا پسند ہے اسے نہیں اختیار کرنا چاہیے جو پسند ہے اسے اختیار کرنا چاہیے جیسے کہ اﷲ کو جو چیزیں نہ پسند ہے چند یہ ہیں۔ہمیں صرف اﷲ ہی کی عبادت کرنی چاہیے شرک نہیں کرنا چاہیے اور ہر قسم کے شرک سے بچنا چاہیے کیونکہ شرک ایک ایسا عمل ہے جو اﷲ کو انتہائی نا پسند ہے۔ اس کی بابت اﷲ پاک نے قرآن میں ارشاد فرمایا ’’آپ (صلی علیہ وآلہ وسلم) کہہ دیجئے کہ اگر تم اﷲ سے محبت رکھتے ہوتو میری اتباع کرو پھر اﷲ تم سے محبت کریں گا‘‘۔

اﷲ کی محبت کیسے حاصل کی جاسکتی ہے، اس کی ہمیں قرآن سے بہتر رہنمائی ملتی ہے۔ اﷲ پاک نے ارشاد فرمایا،
’’بے شک اﷲ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے‘‘۔
’’بے شک اﷲ تقویٰ کرنے والوں کو پسند کرتا ہے‘‘۔
’’بے شک اﷲ پاکیزگی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے‘‘۔
’’بے شک اﷲ توبہ کرنے والوں کو پسند کرتا ہے‘‘۔
اور کچھ اخلاق ایسے ہیں جو اﷲ تعالیٰ پسند نہیں کرتا جیسے کہ
’’' بے شک اﷲ زیادتی کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا'‘‘
’’ بے شک اﷲ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا‘‘
’’بے شک فضول خرچی کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا‘‘

مختصراً ہم یوں کہہ سکتے ہیں ہمیں وہ اخلاق اپنانے چاہیے جس سے ہم اﷲ کی محبت کی مستحق بن سکتے ہے جیسے اﷲ پسند فرماتا ہے اور ان اخلاق کو ترک کرنا چاہیے جو اﷲ کو نا پسند ہے اس طرح ہم اﷲ کی محبت حاصل کرسکتے ہے ایک مومن ہونے کی حیثیت ہمیں ان تمام معاملات پر عمل کرنا چاہیے ہم عارضی محبت کی خاطر وہ کام کرتے ہیں جو کہ کسی کام کے نہیں اور ایک ایسی محبت جو دائمی ہے ہمارے لیے نجات کا باعث ہے دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہے اس پر عمل کرنا چاہیے اور صحیح حقدار سے محبت کرنی چاہیے اس کی باتوں احکامات پر عمل کرنا چاہیے جو ہمیں بن مانگے عطا کرتا ہے اور ہم پر اپنا رحم و کرم کرتا ہے۔
 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1024550 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.