مقامِ نزول:
امام مجاہد ،حضرت قتادہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا اور جمہورمفسرین
کے نزدیک سورۂ دَہر مدینہ مُنَوَّرہ میں نازل ہوئی ہے اور بعض مفسرین نے
کہا ہے کہ یہ سورت مکہ مُکَرَّمَہ میں نازل ہوئی ہے اور بعض مفسرین کے
نزدیک اس سور ت کی کچھ آیتیں مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہیں اور کچھ آیتیں
مدینہ منورہ میں نازل ہوئی ہیں ۔( خازن، تفسیر سورۃ ہل اتی، ۴/۳۳۷)
رکوع اور آیات کی تعداد: اس سورت میں 2رکوع، 31آیتیں ہیں ۔
’’دَہر ‘‘نام کی وجہ تسمیہ:
لمبے زمانے کو عربی میں دہر کہتے ہیں ،نیزسورئہ دہر کاایک نام سورئہ انسان
بھی ہے اور یہ دونوں نام اس کی پہلی آیت سے ماخوذ ہیں ۔
قارئین :
کلام مجید کے مفاہم اور مطالب کو بھی جاننے کی کوشش کیجئے ۔تاکہ ہمیں معلوم
ہوسکے کہ ہم پرکیا لازم ہے کن چیزیوں میں ہمارے بقا،فلاح اور کامیابی ہے ۔آئیے
:سورۃ دہر کے بارے میں جانتے ہیں کہ اس سورۃ میں ہمارے لیے کس قسم کی
معلومات اور پیغام موجود ہے ۔
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں آخرت کے اَحوال بیان کئے گئے ہیں
اور اس سورت میں یہ مضامین بیان ہوئے ہیں ،
(1)…اس سورت کے شروع میں انسان کی تخلیق کی ابتدا کے بارے میں بیان کیا گیا
اور یہ بتایاگیا کہ اس کا امتحان لینے کے لئے اللّٰہ تعالیٰ نے اسے سننے
والا اور دیکھنے والا بنایا ہے۔
(2)…انسانوں کی دو قِسمیں بیان کی گئیں کہ بعض انسان شکر گُزار ہیں اور بعض
نا شکرے ہیں ،شکر کرنے والوں کی جزا جنت ہے اور نا شکری کرنے والوں کی سزا
جہنم ہے۔
(3)…نیک مسلمانوں کی جزاجنت کے اَوصاف بیان کئے گئے اور ان کے وہ اعمال
بتائے گئے جس کی وجہ سے وہ اس جزا کے مُستحق ہوئے۔
(4)…یہ بتایاگیا کہ نبی ٔاکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَ پر قرآنِ مجید تھوڑا تھوڑا کر کے نازل کیا گیا نیز آپ صَلَّی
اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو کفّار کی طرف سے پہنچنے
والی ایذاؤں پر صبر کرنے کی تلقین کی گئی۔
(5)…دنیا کی فانی نعمتوں سے محبت کرنے اور آخرت کی ہمیشہ باقی رہنے والی
نعمتوں کو تَرک کرنے کی مذمت اور کفر و عناد پر وعیدبیان کی گئی۔
(6)…اس سورت کے آخر میں بتایاگیا کہ قرآنِ مجید تمام انسانوں کے لئے
نصیحت ہے تو جو چاہے اس سے نصیحت حاصل کر کے اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف
راہ اختیار کرے۔
اے پیارے اللہ !!تو ہمیں اخلاص کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق عطافرما۔ہمیں
دنیا کی محتاجی اور آخرت کی شرمندگی سے محفوظ فرماآمین ۔
نوٹ: ہم ایک ادارے کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں ۔آپ پیاروں کی خصوصی شفقت
اور دعا کی ضرورت ہے ۔آپ ہم سے 03462914283پر رابطہ کرسکتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
|