رپورٹر للن نے اپنے واٹس ایپ پر چیف ایڈیٹر کا پیغام
دیکھا ’فوراً جاکر کلن چکرورتی کا انٹرویو کرو‘
للن سوچ میں پڑگیا یہ کلن چکرورتی کون ہے؟ پھر اس نے جواب دیا ’سر شاید آپ
نے غلطی سے متھن کے بجائے کلن لکھ دیا؟‘
فون بجا اور ایڈیٹرنے ڈانٹا تمہارا دماغ خراب ہے؟ میری غلطی نکالتے ہو ۔
متھن تو اے بی پی کے انٹرویو سے بھاگ چکا ہے ، اس کو کون دیکھے گا؟
اچھا ! مجھے نہیں معلوم ۔ یہ کب ہوا؟
تم کو سونے سے فرصت ملے تو کچھ پتہ چلے۔ کبھی کبھار اپنے حریفوں کا چینل
بھی دیکھ لیا کرو۔
معذرت چاہتا ہوں سر لیکن یہ کلن چکرورتی کون ہے؟ اور کہاں ملے گا؟؟
پھر وہی بات ؟ تم نے ۲۴ پرگنہ میں بم دھماکے کی خبر بھی نہیں دیکھی ہوگی ۔
اس لیے نہیں جانتے کہ کلن چکرورتی کون ہے؟
سر جب سے الیکشن کا اعلان ہوا ہر روز کہیں نہ کہیں دھماکہ ہوجاتا ہے۔ اس
لیے کس کس کو یاد رکھیں ۔
اب زیادہ باتیں نہ بناو پردھان جی نے کہہ دیا ہے بنگال میں کمل نہیں کھلا
تو کشمیر بن جائے گا۔
ارے سر ان لوگوں نے ابھی سے کشمیر بنادیا ہے خیر یہ کلن چکرورتی کہاں ملے
گا یہ بتائیں؟
یہ بم پھینکنے سے نہیں بم بناتے ہوئے زخمی ہوا ہے؟ اس لیے ذرا ہٹ کر خبر ہے
فوراً سرکاری اسپتال میں جاکر انٹرویو کرو ۔ زبان نہ چلاو کیا سمجھے؟
ٹھیک ہے سرمعافی چاہتا ہوں ، ابھی بھاگتا ہوں ۔
للن نے اسپتال میں پہنچ کر کلن سے ملنے کی خواہش کی تو نرس نے منع کردیا
مگر تیمار دارجئے شری رام کا نعرہ لگانے لگےتو اسے اجازت مل گئی۔
کلن کو دیکھ کر للن نے سلام کیا ۔
کلن بولا لال سلام ۔
للن بولا ارے یہ کیا ؟ تم اشتراکی تو نہیں ہو؟ ؟مجھے بتایا گیا تھا کہ
زعفرانی ہو؟؟؟
ارے بھائی غلطی ہوگئی ۔ بچپن سے سنتے سنتے عادت ہوگئی ہے اس لیے بول دیا ۔
چلو جئے شری رام ۔ اب پوچھو کیا پوچھنا ہے؟
پہلے تو آپ بچپن سے لال سلام کی عادت کے بارے میں بتائیے پھر آگے بات
کریں گے ۔
دیکھیے ایسا ہے کہ ہمارا خاندانی پیشہ بم بنانا ہے ۔
اچھا کب سے آپ لوگ اس دھندے میں ہیں ؟
یہ تو نہیں معلوم لیکن میرے دادا نیتا جی سبھاش چندر بوس کی آزاد فوج میں
یہی کام کرتے تھے ۔
ارے بھائی وہ تو آزادی کی جنگ تھی لیکن اب تو ملک آزاد ہوگیا ہے۔
بھائی آزادی اور غلامی کا پیٹ سے کیا تعلق ؟ بھوک تو پہلے بھی لگتی تھی اب
بھی لگتی ہے؟
وہ تو ٹھیک ہے لیکن اس کا بم سے کیا تعلق ؟
اوہو پیٹ بھرنے کے لیے کوئی نہ کوئی دھندہ تو کرنا ہی پڑتا ہے، جیسے تم
خبروں کا شور کرتے ہو ہم بم دھماکے کرتے ہیں ۔
اوہو! سمجھ گیا لیکن میں تو لال سلام کی بات پوچھ رہا تھا ۔آپ بات کہیں
اور لے گئے ۔
جی نہیں تم میرے خاندانی پیشے کی بات کررہے تھے ،خیر آزادی کے بعد میرے
دادا کانگریس کے لیے بم بنانے لگے ۔
کانگریس کا بم سے کیا تعلق ؟
ارے بھائی اپنے مخالف اشتراکیوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے انہوں نے اپنی
خدمات پیش کردیں ۔
بہت خوب اس کے بعد کیا ہوا؟
اس کے بعد کانگریس پارٹی کمزور ہوگئی تو میرے بڑے بھائی نے اشتراکیوں کی
خاطر بم بنانا شروع کردیا ۔
مطلب ؟ تمہارے بھائی نے اپنے والد سے شہزادہ سلیم کی مانند بغاوت کردی ؟
جی نہیں اس میں بغاوت کی کیا بات ؟ کیا تم کبھی کسی جھنڈوں کی دوکان میں
گئے ہو۔
جی ہاں کیوں نہیں ؟ بلکہ میرے محلے میں ایک بہت بڑی جھنڈے کی دوکان ہوا
کرتی تھی ۔ ہم لوگ صبح و شام اس کے سامنے سے گزرتے تھے۔
تو کیا وہاں صرف کسی ایک پارٹی کا پرچم بکتا تھا ؟
جی نہیں سبھی پارٹی کے رنگ برنگے جھنڈے وہاں بکتے تھے لیکن وہ تو اس کا
دھندا تھا ۔
اور بم بنانا ہمارا دھندا ہے اس لیے ہم کسی ایک پارٹی تک محدود کیوں رہیں
اور آپ لوگ بھی تو سبھی پارٹیوں سے پیسے لے کر ان کی خبریں دکھاتے ہو۔
ارے بھائی میں لال سلام کے بارے میں پوچھتا ہوں تو آپ اِدھر اُدھر نکل
جاتے ہو؟
میں نہیں نکلتا ۔ یہ بتاو کہ مغل اعظم کا ذکر کس نے کیا تھا؟
جی ہاں میں نے کیا تھا ۔ غلطی ہوگئی خیر وہ لال سلام کا کیا قصہ ہے؟
ارے بھائی بتا تو دیا ۔ میرا بڑا بھائی جب اشتراکیوں کے لیے بم بناتا تھا
تو اس وقت میں نے ہوش سنبھالا اور تب سے یہ میرے دماغ پر یہ نقش ہوگیا ۔
ٹھیک ہے سمجھ گیا مگرتم یہی کام سنگھ پریوار کے لیے کیسے کرنے لگے؟ تمہاری
خاندانی روایت کے مطابق تو تمہیں ممتا کے لیے یہ کام کرنا چاہیے تھا۔
دادا ایسا ہے کہ میرا منجھلا بھائی ممتا دیدی کے لیے بم سازی کرتا ہے۔ یہ
لوگ اسی کے پاس آئے تھے تو اس نے مجھے ان کے حوالے کر دیا ۔
اچھا اب سمجھا یعنی تم تینوں بھائی تین الگ الگ جماعتوں کے لیے یہ کام کرتے
ہو۔
جی نہیں میرا بڑا بھائی بستر کے جنگل میں نکلسلوادیوں کی خدمت کررہا ہے ۔
منجھلا اور میں اپنے آبائی پیشے کو آگے بڑھارہے ہیں ۔
اور تمہارے والد ؟
ان کا کانگریس کی طرح سورگ باس ہوگیا۔
کلن کے ہاتھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی لیکن زبان قینچی کی مانند چل رہی تھی
۔ للن نے پوچھا آپ کی طبیعت ٹھیک ہے؟
کلن نے جواب دینے کے بجائے الٹا سوال کردیا ، آپ اسپتال میں بھرتی کیوں
نہیں ہوجاتے؟
میں ! اسپتال میں !! ارے بھائی میری طبیعت ٹھیک ٹھاک ہے؟
مطلب، آپ کو پتہ ہے کہ جس کی طبیعت ٹھیک ہو یہاں داخل نہیں ہوتا پھر بھی
آپ مجھ سے اسپتال میں یہ سوال کررہے ہیں ؟
ہاں بھائی پھر غلطی ہو گئی میرا مطلب ہے درد وغیرہ تو نہیں ہورہا ہے؟
پہلے تو بہت ہورہا تھا لیکن مورفین کا انجکشن اور ہنومان چالیسا کے پاٹھ سے
درد چلاگیا۔
ہنومان چالیسا ۔ یہ بنگالی بھاشا میں کب سے آگیا؟ میں نے تو نہیں سنا ؟؟
ارے بھائی بنگالی میں نہ سہی سنسکرت میں تو ہے ۔ اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟
ہنومان چالیسا سنسکرت میں نہیں اودھی زبان میں لکھا گیا ہے لیکن کیا آپ
لوگوں کو سنسکرت آتی ہے۔
نہیں آتی تو کیا ہوا ۔ اب کہہ دیا تو کہہ دیا زیادہ بال کی کھال نہ نکالو۔
پہلے یہ بتاو کہ تم کس چینل سے آئے ہو؟
جی، میں سی بی این سی سے آیا ہوں ؟
اچھا! امریکہ کا سی این بی سی ۔ بہت خوب ہمارے دھماکے کی آواز بہت دور تک
پہنچ گئی ؟
جی نہیں سرِ ، آپ نے غلط سنا میں سی این بی سی نہیں بلکہ سی بی این سی سے
آیا ہوں ۔
یہ کیا الٹ پھیر ہے میں اس نام کے کسی چینل سے واقف نہیں ہوں ۔
وہ ایسا ہے نا سر کہ ہمارا چھپن بھوگ نیوز چینل ذرا نیا ہے لیکن آپ بہت
جلد اس کے بارے میں جان جائیں گے ۔ سی این بی سی بھی ہمارا حوالہ دینے لگے
گا
اچھا لیکن یہ کیا نام رکھ دیا تم لوگوں نے؟ چھپن بھوگ تو مٹھائی کی دو کان
ہے ۔
جی ہاں سر یہ انہیں سیٹھ چھپن بھوگی کا چینل ہے ۔
لیکن کیا تم لوگوں کو کوئی اچھا سا نام نہیں ملا جو یہ رکھ دیا ؟
ارے سر نام میں کیا رکھا ہے ہمارے بنگال کا سب سے بڑا اخبار آنند بازار
پتریکا ہے۔ اب بازار کے نام پر اخبار ہوسکتا ہے تو ۰۰۰۰۰
کلن پریشان ہوکر بولا وہ تو ٹھیک ہے لیکن چھپن بھوگ کچھ عجیب سا لگتا ہے ۔
ویسے تمہارے سیٹھ کو اس دھندے کا خیال کیسے آیا؟
وہ کیا ہے سر کہ آنند بازار میں سب سے بڑی مٹھائی کی دوکان چھپن بھوگ ہی
ہے۔ اس لیے انہوں نے الیکشن کے موسم میں نیا کاروبار شروع کردیا۔
ارے بھائی وہ تو ٹھیک ہے لیکن کہاں مٹھائی و نمکین اور کہاں میڈیا ؟ ان
دونوں میں کیا مشترک ہے؟اچھا یہ بتاو آپ پہلے کیا کرتے تھے ؟
میں چھپن بھوگ کی مٹھائی اور نمکین بناتا تھا آج کل تازہ گرم خبریں بناتا
ہوں ۔
ارے کمال ہوگیا ؟ میں تو سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایک حلوائی بھی نامہ
نگار ہوسکتا ہے۔
دیکھیے صاحب ایک چائے والاوزیر اعظم اور اناج بیچنے والا وزیر داخلہ ہوسکتا
ہے تو حلوائیوں نے ایسا کون سا گناہ ررکھا ہے جو ۰۰۰۰
جی ہاں بھائی غلطی ہوگئی۔ میں دلآزاری کے لیے معذرت چاہتا ہوں ۔
جی ، کوئی بات نہیں لیکن یاد رکھیے ہم اپنی لذیذ اور چٹپٹی خبروں سے بہت
جلد ذرائع ابلاغ پر چھا جائیں گے ۔
کلن نے سوچا بات تو درست ہے ۔ پھر بولا سب ٹھیک ہے لیکن اپنے سیٹھ سے کہنا
نام بدل دے۔ یہ چھپن بھوگ چینل کچھ ٹھیک نہیں لگتا ۔
اچھا صاحب کیا آپ کو اے بی پی نیوز کا پورا نام پتہ ہے ؟
جی نہیں ۔ میں نے تو کبھی معلوم کرنے کی کوشش بھی نہیں کی ۔
وہی آنند بازارپتریکا ، اسی طرح سی بی این سی کا پورانام بھی کسی کو پتہ
نہیں چلے گابلکہ لوگ سی این بی سی سمجھ کر بہت زیادہ دیکھیں گے ۔
جی ہاں یہ مائیک پر تمہارا لوگو بھی بالکل ویسا ہی ہے۔ میری نیک خواہشات
تمہارے ساتھ ہیں ۔
کلن دا آپ بھی کمال کے آدمی ہیں ، انٹرویو دینے کے بجائے خود میرا ہی
انٹرویو لے لیا ۔
ہاں ہاں تو میں نے منع کب کیا ؟ اگر کچھ پوچھنا ہے تو پوچھو؟
مجھے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ آپ سنگین معاملے میں پکڑے گئے ہیں لیکن آپ کے
چہرے پر ڈر دکھائی نہیں دیتا کیا بات ہے؟
ارے بھائی جب سیاںّ بھئے کوتوال تو پھر ڈر کاہے کا؟
میں نہیں سمجھا ؟ آپ تو سوال کے جواب میں پہیلی بجھواتے ہیں ۔ ہمارے
ناظرین کو صاف صاف بتائیے ؟
کون جانے کس نے تمہیں رپورٹر بنادیا مجھے تو لگتا ہے تم عقل سے بالکل ہی
پیدل ہو؟
کیسی بات کرتے ہیں صاحب مجھے کل ہی ریپبلک بھارت سے آفر آئی تھی ۔ ان
لوگوں نے مجھے بڑی تنخواہ پر اپنا چیف رپورٹر بنانے کی پیشکش کی ہے۔
دیکھو ارنب کے ساتھ سنبھال کر جانا ۔ وہ ادھو سے بھاگ کر یہاں آیا ہے لیکن
الیکشن کے بعد ممتا اسےتڑی پار یعنی بنگلا دیش بھیج دے گی۔
جی ہاں اسی لیے میں سی بی این سی میں ٹکا ہوا ہوں کل کو چینل بند بھی
ہوجائے تو مٹھائی کی دوکان میں لوٹ جاوں گا۔
کلن نے حیران ہوکر پوچھا تم چہرے سے بیوقوف لگتے ہو لیکن آدمی عقلمند ہو۔
شکریہ سر لیکن میں پوچھ رہا تھا کہ آپ کو ڈر کیوں نہیں لگتا ؟
دیکھو ایسا ہے کہ جلد ہی یہ کیس این آئی اے اپنے ہاتھ میں لینے والی ہے
پھر اس کی خصوصی عدالت میں مجھے ضمانت مل جائے گی ۔
اچھا تو کیا اس کے بعد آپ پھر سے اپنابم سازی کا کاروبار شروع کردیں گے ؟
جی ہاں لیکن بنگال میں نہیں بلکہ مجھے کسی اور ریاست میں بھیج دیا جائے گا
جیسے تمل ناڈو یا کیرالہ وغیرہ ۔
لیکن وہاں بم وغیرہ کی کیا ضرورت؟
ارے بھائی جہاں ہماری پارٹی ہے وہاں اس کی ضرورت ہے تم سمجھتے کیوں نہیں ؟
جی ہاں سر سمجھ گیا ۔ میں دعا کرتا ہوں کہ آپ جلد از جلد صحتیاب ہوکر پھر
سے اپنے کام میں لگ جائیں لیکن جہاں بھی رہیں ہمیں یاد رکھنا ۔
آپ کی دعاوں اور نیک خواہشات کا شکریہ۔
للن نے کیمرے کی طرف دیکھ کر کہا ہاں تو ناظرین ہم الیکشن کے بعد کلن
چکرورتی سے پھر ملیں گے ۔ اس وقت تک اجازت دیجیے
کلن نے ہنس کر کہا الیکشن کے بعد خالی ہاتھ مت آنا ۔
جی ہاں سر اگلی بار میں آپ کے لیے چھپن بھوگ کی مٹھائی ضرور لاوں گا۔ آپ
سے بات کرکے بہت مزہ آیا ۔ خدا حافظ ۔ |