آمری تہذیب
موئن جو دڑو کی ہم عصرہے
رفیع عباسی
آمری زیریں سندھ کا ایک چھوٹا سا گاؤں ہے، جو جام شورو کے ضلع میں کیرتھر
کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے۔اس کا شمار وادی سندھ کی قدیم ترین
تہذیبوںمیں ہوتا ہے۔یہ قصبہ آ ج بھی دریائے سندھ کے مغربی کنارے پر دریاسے
ایک میل کی دوری پر ہے۔کراچی سے اس فاصلہ 175 میل ہے۔ 4.10ایکڑ پر مشتمل یہ
ٹیلہ 1929ء میں این سی موجمدار نے دریافت کیا۔ فرانسیسی آرکائیولوجیکل مشن
اور پاکستان آرکائیولوجی ڈپارٹمنٹ نے مذکورہ علاقے کی 1959ء تا 1962تک
کھدائی کی۔ ااس کے تین ٹیلوں سے ملنے والے برتنوں اور ٹھیکریوں سے اندازہ
ہوتا ہےکہ سب سے اوپر والے حصے سے جو ظروف برآمد ہوئے ہیں ، وہ ٹھٹھہ اور
ملتانی طرز کے ہیں۔ آمری کی قدیم بستی دو ٹیلوں پر مشتمل ہے جو موجودہ
آمری گائوں کے قریب شمال میں واقع ہے۔ ان میں سےایک ٹیلہ چالیس فٹ جب کہ
دوسرا 13فٹ بلندہے۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ قدیم دور میں یہ گاؤں چوبیس ایکڑ
رقبے پر محیط ہوگا۔قدیم آثار کے ماہرین کے مطابق ، یہ بستی پانچ مرتبہ
آباد ہوئی ۔ سندھ کی قدیم تہذیب کے محقق ڈاکٹر رفیق مغل کی تحقیق کے مطابق
آمری گاؤں 3540 سغے قبل بسا تھا۔ کھدائی کے دور ان جو برتن ملے ، ان میں
سے 82 فیصد ہاتھ سے بنے ہوئے ہیں۔برتنوں پر جو تصاویر منقش کی گئی ہیں ان
کی ہیئت ہندسوں کی شکل کی ہے۔ یہ تصاویر انتہائی بھدی ہیں ۔ کھدائی کے دوان
تانبے کےچند ٹکڑے بھی دستیاب ہوئےہیں۔ ٹوٹے ہوئے بلیڈ، پتھر کے گولے، کچھ
مٹی کے بنے موتی ،گھونگھوں کی بنی چندچوڑیاںبھی ملی ہیں۔ کچی اینٹوں سے
تعمیر کی گئی دیواریںبازیاب ہوئی ہیں، جن میں بعض جگہ لکڑی کے ستون لگائے
گئے ہیں۔ بعد میں یہی فن تعمیر موئن جو دڑوکے اناج گھر وںکی تعمیر میں
استعمال کی گیا۔ ان میں سےبعض عمارتیں تہہ خانوں کے اوپر بنی ہوئی ہیں۔
اآمری تہذیب کا زمانہ مختلف ادوار پر مشتمل ہے۔ قدیم آثار کے ماہرین کے
مطابق آمری کے تیسرے زمانے سے مستطیل شکل کیعمارتوں کے کھنڈر ملے ہیں، جن
میں چھوٹے چھوٹے کمرے بنے ہوئے ہیں۔ ان کی دیواروں میں کھڑکیاں اور دروازے
بھی نہیں ہیں۔ صرف ایک گھر میں دو کمروں کے درمیان دروازے کی جگہ چھوڑ ی
گئی ہے۔ ان کی دیواریں پانچ سے چھ فٹ اونچی تھیں۔
ان قدیم آثار سےمغلیہ دور کے سکے بھی برآمد ہوئےہیں۔ کھدائی کے دوران
وہاں سے بھٹیاں ملیں اور چند برتن بھی ملے، جو کتھئی رنگ کے ہیں۔ قدیم
آثار کے ماہر،موجمدارنے اس حوالے سے لکھا کہ ’’جب ہم ڈھیری نمبردوکی
کھدائی کرنے لگے تو وہاں سے معدنیات کے ٹکڑے ملے ۔ایک ٹیلے ی کی چوٹی پر
مسلمانوں کا قبرستان تھا۔ لہٰذا ہمیں بے حد احتیاط سےکام کرنا پڑا۔جب دوسری
جگہ کھدائی کی گئی تووہاں تقریباً ایک فٹ کی گہرائی میں ایک پتھر کی عمارت
کے کھنڈر ات ملے ،جن کے مشرقی جانب چھوٹے کمروں کی بنیادیں نظر آنے لگیں۔
دیواروں کی تہوں سے کھدائی کے دوران گومڑیوں یا بجری کے ڈھیر صاف کیےگئے،
جو بنیادوں میںاستعمال کیےگئےتھے۔ جب کالی مٹی کی ایک تہہ دوبارہ نمودار
ہوئی اور اس کے ساتھ ہی مختلف رنگ کے ظروف بھی دریافت ہوئے۔یہاں سےمختلف
اقسام کے ظروف، پیالے اور گلاس دریافت ہوئے۔ آمری کے آثار سے اندازہ ہوتا
ہے کہ یہ دو مختلف تہذیبوں پر مشتمل ہے جن میں سے ایک، موئن جودڑو کی ہم
عصر ہے۔
|