سرمگیں سکون

ہمارے ہاں اکثر لکھاری مسائل تو بڑے شد و مد سے بیان کرتے ہیں ،تنقید بھی خوب مہارت سے کرتے ہیں لیکن ان کا مثبت او رتعمیری حل پیش نہیں کرتے خصوصاً آج کل نوجوان نسل کو پیش آمدہ مسائل جو ان کی زندگیوں کو تاریک تر کردیتے ہیں وہ دراصل ہیں کون سے اور ان کااسلامی اور اخلاقی حل کیا ہے یہ سب آپ کو کتاب''سرمگیں سکون ''میں ملے گا۔

اس کتاب کی مصنفہ درصدف ایمان نے ہمارے معاشرتی مسائل پر نا صرف نہایت عمدہ اسلوب اپنایاہے بلکہ خامیاں کہاں ہیں،کیسے پیدا ہوتی ہیں،نتائج کیا نکلتے ہیں اور ان سے بچا کیسے جاسکتا ہے اس سب پر نہایت سیر حاصل گفتگو کی ہے،ان کے پختہ قلم نے جابجا قرآن و احادیث کے حوالے دیکر اپنے مافی الضمیر کو ایک مضبوط سند فراہم کردی ہے۔

در صدف ایمان کے بارے میں زیادہ تو نہیں جانتا مگر سر مگیں سکون پڑھنے کے بعد اندازہ ہوا ،کہ آپ ایک بہترین لکھاری ہیں ،اور معاشرے کی اصلاح کے لئے قلمی جہاد اورمعاشرے کی فلاح و بہود کے لئے مصروف عمل ہیں ۔سرمگیں سکون کا ہرموضوع منفر د ہے ۔ اور ہر موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے،تمام موضوعات کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ،قاری کی آسانی کے لئے دور حاضر کے تمام اہم مسائل کو ایک جگہ اکھٹا کر دیا گیا ہے ۔ نہ صرف اکھٹا کیا گیا بلکہ ان مسائل کا حل بھی بتایا گیاہے۔جو کہ یقینا قابل تحسین ہے۔ اگر میں یہ کہوں تو بے جا نا ہوگا کہ سمندر کو کوزے میں بند کر دیا گیا ہے ۔ سر مگیں سکون دو حاضر کے زندہ مسائل پر یہ ایک فکر انگیز اور پُر اثر کتاب ہے ۔

آپ کتاب شروع کریں منفرد انداز تحریر آپ کو پوری کتاب ایک ہی نشست میں مکمل کرنے پر مجبور کردے گا،مصنفہ نے ہر موضوع پر لکھا اور جاندار انداز میں لکھا،شعوری سفر کے مسافروں اور تعمیری سوچ کے طالب علموں کے لئے یہ کتاب ایک سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔اور دنیائے ادب میں یہ کتاب ایک بہترین اضافہ ہے ،اﷲ تعالی مصنفہ کی یہ کاوش قبول فرمائیں اور مصنفہ اس طرح کی مزید تخلیقات قارئین کے لئے منظر عام پر لاتی رہیں،اﷲ زور قلم کرے اور زیادہ۔
 

M M Ali
About the Author: M M Ali Read More Articles by M M Ali: 18 Articles with 11833 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.