گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں جو ہنگامہ
دیکھنے کو مِلا ،اسے دیکھ کر دل خون کے آنسو بہانے لگا ۔ یقین نہیں آرہا
تھا کہ یہ وہ ممبرانِ اسمبلی ہیں جن کو پاکستانی عوام نے ووٹ دے کر اسمبلی
میں بھیجا ہے تاکہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی کر سکیں اور
یہ وہ ممبرانِ اسمبلی ہیں جن کے ایک دن کے ایک دن کے اجلاس کا خرچہ پانچ
کروڑ روپے ہے اور جن کے تنخواہوں اور مراعات کے نتیجہ میں اس غریب قوم کے
ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ ہو تے ہیں ۔ افسوس صد افسوس ۔۔!! اس طرح تو ہمارے
گلی کے کتّے بھی نہیں لڑتے یا بھونکتے جس طرح یہ معزز ممبران اسمبلی ایک
دوسرے کو گالی دے رہے تھے، برا بھلا کہہ رہے تھے اور ایک دوسرے پر کتابیں
اور کاپیاں پھینک رہے تھے ۔ وطنِ عزیز میں اگر اسی طرح کے ممبرانِ اسمبلی
ہیں تو عوام ان کی خاک عزّت کریں گے ؟ آخر عوام کو اس کا فائدہ کیا ہے ِ ان
کی کارکردگی کیا ہے ؟ عوام کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں ۔ممبرانِ اسمبلی
اقتدار اور اختیار کے نشے میں مست و مدہوش ہو کر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے
میں مصروف ہیں ۔ بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے قومی اسمبلی کا ایوان ایک
ایسا کلب ہو جہاں آسودہ حال افراد تھوڑی دیر کے لئے تفریحِ طبع کے لئے آتے
ہوں اور ایک دوسرے کے ساتھ دھینگا مشتی کر کے پھر عیاشی کے لئے حکومت کے
مہیا کردہ رہائشی فلیٹس میں چلے جاتے ہیں ۔ ان کو ملک کے کمزور ترین معیشت
کی فکر، نہ اغیار کے سازشوں کا غم ، معیشت سے لے کر امورِ خارجہ تک کسی بھی
مسئلہ پر انہوں نے اج تک سنجیدگی سے بحث تک نہیں کی ۔ پارلیمان موجود ہے
مگر قانون سازی صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ہو رہی ہے ۔
ان ممبرانِ اسمبلی پر غریب قوم کے اٹھنے والے اخراجات دیکھیں تو عقل دنگ رہ
جاتی ہے ۔بنیادی تنخواہ کے علاوہ اعزازیہ، آفس مینٹیننس الاؤنس ‘ ٹیلی فون
الاؤنس‘ ایڈہاک ریلیف، سفری واوچرز، ڈیلی الاؤنس، ہاؤسنگ الاؤنس الغرض
الاؤنسز اور مراعات کی برسات ہے جو ان ممبران اسمبلی پر برس رہی ہے ۔ اس کے
علاوہ جو شخص ایک دفعہ قومی اسمبلی کا ممبر بن جائے ،وہ تا حیات نہ صرف
گریڈ بائیس آفیسر
کے برابر میڈیکل الاؤنس کے حقدار ہوتے ہیں بلکہ تمام موجودہ و سابقہ ارکانِ
اسمبلی بلیو پاسپورٹ رکھنے کے بھی حقدار ہیں۔
قوم کے فلاح و بہبود کے لئے قانون سای کے وقت ان کے اختلافات عروج پر ہوتے
ہیں مگر اپنے فائدے کے لئے قانون سازی کے وقت یہ تمام اختلافات بھلا کر یک
جان ہو جاتے ہیں ۔ باہر ممالک کے سر براہان یا نمائندے جب پاکستان آکر
ہمارے حکمرانوں اور پارلیمان پر اٹھنے والے اخراجات دیکھتے ہیں تو وہ انگشت
بدانداں رہ جاتے ہیں کہ ایک غریب ملک کے حکمران کس طرح اتنے بھاری اخراجات
کے متحمل ہو سکتے ہیں ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک ہمارے اخراجات دیکھ کر ہم
پر ہر گز رحم نہیں کھاتے کیونکہ ہمارے حکمرانوں پر اٹھنے والے اخراجات کسی
غریب قوم کے نہیں ہو سکتے ۔
پارلیمان کی بالا دستی اور ارکانِ اسمبلی کا احترام سر آنکھوں پر ‘ مگر ان
کی کارکردگی اور آپس میں دست و گریباں ہونا عوام کو ایک آنکھ نہیں بھاتا ۔
اگر انہوں نے یہی روّش جاری رکھی تو لا محالہ عوام کی نظریں پھر فوج کی طرف
اٹھیں گی۔ جو ملک کے لئے اچھا شگون نہیں ۔
باایں وجہ تمام ارکانِ اسمبلی سے میری گزارش ہے کہ خدا را ! ہوش کے ناخن
لیں اور ایوان کو تماشہ گاہ نہ بنائیں،د نیا کے دیگر ممالک کو جگ ہنسائی کا
مو قعہ فراہم نہ کریں ۔ عوام نے جس مقصدکے لئے آپ کو پارلیمان میں بھیجا ہے
اس مقصد کوسامنے رکھ کر اجلاس میں جائیں اور اپنے فرائض ِمنصبی کو پورا
کرنے کے لئے پورے ایمانداری کے ساتھ نبھانے کی کو شش کریں ۔ عوام کا خون تو
چوس ہی رہے ہو مگر اس خون کے بدلے تھوڑی سی قیمت بھی تو ادا کرنے کی زحمت
گوارا کر لیا کریں ۔۔۔۔۔۔۔
|