اتنی نہ بڑھا پاکی داماں کی حکایت

چوہدری نثارعلی قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہراگل کر امریکہ اورمغرب کی ہم نوائی کررہے ہیں۔

جب دوسروں کو قومی اداروں کے تقدس اور احترام کا درس دینے والے جوش خطاب میں اپنے وقار،منصب اور قومی تقدس کے منافی بات کرنے لگیں تو حیرت ہوتی ہے یہی کچھ صورتحال قومی اسمبلی کے فلور پر پیش آئی جب اپوزیشن لیڈرچوہدری نثارعلی خان چنگھاڑرہے تھے اور ان کی توپوں کا رخ آئی ایس آئی اور دیگرخفیہ ایجنسیاں تھیں۔اسی دن مغربی اخبارات نے وکی لیکس کے حوالہ سے اس خبر کو نمایاں شائع کیا کہ آئی ایس آئی ،افغانستان میں حقانی گروپ کی سپورٹ کررہی ہے ، آئی ایس آئی ممبئی حملوں میں ملوث ہے اور امریکہ نے آئی ایس آئی کو دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کرلیا ہے ۔ایسے وقت میں جبکہ امریکہ اور مغرب کی جانب سے مسلح افواج، آئی ایس آئی اوردیگر ایجنسیوں پر لعن طعن کی جارہی تھی اوردنیا بھر میں قومی سلامتی کے اداروں کا تقدس پامال کیا جارہا تھا۔چوہدری نثار امریکہ اورمغرب کی ہم نوائی کررہے تھے ۔ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے فلور پر آئی ایس آئی کا نام لیتے ہوئے کہاکہ آئی ایس آئی اور دیگرخفیہ ایجنسیاں سیاست میں ملوث ہیں ، سیاسی جماعتوں میں پیسہ تقسیم کررہی ہے اور سیاسی جماعتوں کے اتحاد اور دھرنے میں خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں ۔ ماضی میں جب ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن کے دوران انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں، نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل روزمرہ کا معمول بن چکا تھا اور ایم کیوایم کی جانب سے اسٹبلشمنٹ پر سخت تنقید کی جارہی تھی تو چوہدری نثاراوران کی جماعت کے دیگر رہنما ایم کیوایم کو بھارتی ایجنٹ، را کا ایجنٹ اورغدارقراردیکر کہاکرتے تھے کہ ایم کیوایم قومی سلامتی کے اداروں پر انگلی اٹھاکر بھارت کا ایجنڈہ پورا کررہی ہے ۔ اب چوہدری نثارعلی خان سے یہ ضرور پوچھا جانا چاہئے کہ وہ آئی ایس آئی کا نام لیکر قومی سلامتی کے اداروں پر بہتان تراشی کرکے کیا امریکہ اور مغرب کا ایجنڈہ پورا نہیں کررہے ؟حیرت انگیز بات یہ ہے کہ موصوف چوہدری نے قومی سلامتی کے اداروں پر یہ بہتان تراشی قومی اسمبلی کے فلور پر کی لیکن کسی بھی رکن اسمبلی نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی اورنہ ہی انہیں غدار قراردیا ۔ایسے وقت میں جبکہ امریکہ اور مغرب کی جانب سے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی جارہی ہے اور خفیہ ایجنسیوں کو سیاسی ومذہبی جماعتوں کی اخلاقی مدد کی ضرورت ہے اس وقت خود کو قومی جماعت کہنے اوروفاق کی سیاست کاعلمبردار قراردینے والے امریکہ اور مغرب کی زبان بول کر ان کی ہمنوائی کررہے ہیں ۔کیا یہ عمل حب الوطنی کے زمرے میں آتا ہے ؟اورکیا یہ عمل کرکے چوہدری نثار نے قومی غیرت کا مظاہرہ کیا ہے ؟ اگر قومی سلامتی کے اداروں کے کردار پر بات کرنے کی پاداش میں ایم کیوایم پر غداری اور ملک دشمنی کے الزامات عائد کرنے کا عمل درست ہے تو پھر چوہدری نثارعلی خان اور ان کی جماعت ان مکروہ الزامات سے کیسے محفوظ رہ سکتی ہے؟چوہدری نثارعلی خان شائد بھول گئے لیکن پاکستان کے باشعور عوام کی یاداشت اتنی کمزور نہیں ہے کہ وہ 90ءکی دہائی کے واقعات بھول جائیں ۔کون نہیں جانتا کہ مسلم لیگ نوازگروپ کو دوتہائی اکثریت کیسے دلائی گئی اوراس کے پس پردہ کیا مقاصد تھے ؟یہ بات بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ سابق ڈی جی ، آئی ایس آئی حمید گل نے آئی جے آئی تشکیل دیکر مسلم لیگ نواز گروپ کو وزارت عظمیٰ کا منصب دلانے کیلئے کس کس جماعت میں کتنا کتنا سرمایہ تقسیم کیا لیکن چونکہ اس وقت چوہدری نثارعلی خان ہوس اقتدار کا شکار تھے لہٰذا یہ بات انہیں بری نہیں لگی اور اس وقت انہوں نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بیان نہیں دیا جو گزشتہ روز انہوں نے قومی اسمبلی میں دیا ہے۔چوہدری نثارعلی خان نے نہ صرف قومی سلامتی کے اداروں کی کردار کشی کی ہے بلکہ انہوں نے امریکہ اور مغربی ممالک کی زبان بول کرثابت کردیا ہے کہ خود کو وفاقی جماعت گرداننے والے کس کے ایجنٹ ہیں اور کس کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔کیا قومی سلامتی کے ادارے چوہدری نثارعلی خان کے گھناؤنے اور ملک دشمنی پر مبنی کردار کو نظرانداز کرسکتے ہیں؟
Rao Muhammad Khalid
About the Author: Rao Muhammad Khalid Read More Articles by Rao Muhammad Khalid: 12 Articles with 16476 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.