للن خان سے کلن مشرا نے کہا خاں صاحب ، میں صبح سے آپ کو تلاش کررہا ہوں
کہیں آپ کابل کی طرف تو نہیں نکل گئے تھے؟
کابل کی طرف ! آج تو آپ جمن کے چائے خانے سے بہت دور نکل گئے ؟ خیریت تو
ہے؟؟
خیریت ؟ کیسی خیریت خاں صاحب ؟ بہت بڑا مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے ۔
اچھا کیا مسئلہ ہے ہمیں بھی بتائیں ، شاید ہم کسی کام آسکیں ؟
ارے بھائی جو مسئلہ امریکہ جیسی عالمی طاقت 62 لاکھ کروڈ خرچ کر کے نہیں
سلجھا سکی ، ہم آپ کیا سلجھائیں گے؟
کبھی امریکہ ، کبھی کابل آپ نے کوئی بھیانک سپنا تو نہیں دیکھ لیا جو یہ
بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں ۔
ارے خاں صاحب آپ کس دنیا میں ہیں۔ جو بات ہم نے سپنے میں بھی نہیں سوچی
تھی وہ سچ بن کر سامنے آن کھڑی ہوئی ۔
اچھا تو گویا آپ کے سپنے ساکار ہوگئے ؟ لائیے مٹھائی کھلائیے۔
سپنے ساکار نہیں ہوئے بلکہ ٹوٹ پھوٹ کر بکھر گئے۔ آپ کا کیا ہے کہ نہ
سمارٹ فون اور نہ ٹی وی آپ کو تو کچھ پتہ ہی نہیں چلتا۔
ارے بھائی کیا کروں میں نےتو اسمارٹ فون لینے کا ارادہ کرہی لیا تھا کہ
لیکن آپ کو اس لت میں مبتلا دیکھ کر ڈر گیا ، خیر مسئلہ بتائیں ۔
بھائی مسئلہ یہ ہے کہ طالبان آگئے ۔
طالبان آگئے؟ کہاں اپنے شہر بنارس میں آگئے یا بھارت میں کہیں اور گھس
آئے؟
اوہو ہمارے یہاں وہ کیوں آئیں گے اور کیسے آئیں ؟؟ان کی تو سی اے اے میں
بھی گنجائش نہیں ہے ۔
تو پھر کہاں آگئے؟
ارے بھائی افغانستان سے نکل کر کابل کے اندرگھس آئے ۔
اچھا تو کیا کابل افغانستان میں نہیں ہے؟
آپ بھی زبان پکڑ لیتے ہیں ۔ میرا مطلب ہے وہ پہلے کابل سے دور رہتے تھے ۔
اب وہاں بھی آگئے ۔
اچھا تو کیا آسمان سے آگئے ؟ یا کسی اور دیش سے گھس آئے۔
اوہو کہیں اور سے آنے کی کیا ضرورت ؟ وہ تو اسی ملک کے مقامی باشندے ہیں۔
تو پھر مسئلہ کیا ہے ؟ انسان اپنے ملک میں کہیں بھی آجا سکتا ہے اور میں
تو کہتا ہوں جو کہیں گیا ہی نہیں وہ آیا کیسے؟؟
خاں صاحب آپ نہیں سمجھیں گے۔ وہ اب اقتدار میں آگئے ہیں ۔
اپنے ملک میں تو کوئی بھی اقتدار سنبھال سکتا ہے۔ ویسے افغانستان میں اگر
امریکہ کا یا روس کا پٹھو حکومت کرسکتا ہے تو طالبانی کیوں نہیں؟
اوہو آپ نہیں جانتے ؟ وہ بغیر الیکشن کے اقتدار میں آگئے ۔
اچھا لیکن اشرف غنی نے بھی تو گھپلا کرکے الیکشن میں کامیابی حاصل کی مگر
وہ چل گیا ۔ اب بغیر الیکشن کے طالبان آگئے تو پریشانی ہے۔
ارے بھائی ایسی بات نہیں یہ بہت خطرناک لوگ ہیں ۔آپ نہیں جانتے یہ بہت خون
خرابہ کریں گے ۔
یہ آپ کو کس نے بتایا ؟ کیا طالبان کے ترجمان نے یہ بات کہی ؟؟
نہیں وہ تو کہتے ہیں کہ کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا ۔ سب کو بلا تفریق
مذہب و ملت تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔
اچھا اگر وہ ایسا کہتے ہیں تو مان لینے میں کیا حرج ہے؟
ارے بھائی ان کی باتوں کا کیا اعتبار ہے اگر کل پلٹ گئے تو کیا ہوگا ؟
الیکشن لڑنے والے رہنما رائے دہندگان کو لبھانے کے لیے جھوٹ سچ تو بولتے
ہیں مگرآپ تو کہہ رہے تھے وہ بغیر انتخابی مہم کے آگئے؟
جی ہاں لیکن اقتدار تو آخر اقتدار ہوتا ہے ۔ وہ تو کسی کو بھی خونخوار
بناسکتا ہے؟
ایسا ہے تو ساری سرکاروں سے آپ کو پریشانی ہونی چاہیے۔ صرف طالبان سے کیوں
ہے؟
ساری دنیا پر تو ان کی حکومت ہے نہیں ہے وہ چونکہ صرف افغانستان تک محدود
ہے اس لیے چنتا ہے۔
پنڈت جی آپ یہاں اور وہ وہاں پھر بھی آپ پریشان ہیں خیر یہ بتائیے کہ کیا
افغانستان کے عام لوگ ان سے ڈرتے ہیں ؟
نہیں عوام تو ان کا استقبال کررہے ہیں اور خوشی منارہے ہیں۔
اچھا تب تو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔ اچھا یہ بتائیے کہ وہاں کے لوگوں کوآپ
کی طرح اشرف غنی کے فرار ہونے کاغم کیوں نہیں ہے؟
میڈیا میں اس کی کئی وجوہات بتائی جا رہی ہیں مثلاً وہ امریکہ کا پٹھو تھا،
بدعنوان تھا، نااہل تھا بلکہ غدار تھا وغیرہ ۔
تب تو اس کا جانا ضروری تھا ۔ اچھا ہی ہوا خس کم جہاں پاک ۔
ہاں مگر اس کی جگہ طالبان کے بجائے کوئی اور آجاتا تو اچھا تھا ۔
اچھا تو کوئی اور کیوں نہیں آیا ؟ طالبان کیوں آگئے؟
ارے خاں صاحب آپ اتنا بھی نہیں جانتے۔ طالبان نے امریکہ اور پٹھووں کے
خلاف جنگ لڑی اس لیے آگئے ۔
اچھا! پھر تو ٹھیک ہی ہوا۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی ہٹانے کے لیے کوئی
جدوجہد کرکے کامیاب ہوجائے اور اقتدار کسی دوسرے کے حصے میں چلا جائے؟
دیکھیے خاں صاحب ایسا ہوتا تو نہیں ہے مگر اس بار ہوگیا ہوتا تو اچھا تھا
ْ۔ اس لیے کہ وہ خون خرابہ ضرور کریں گےْ۔
مگرعام طورپر اقتدار حاصل کرنے کی خاطر تشددکیا جاتا ہے ۔ انہوں نے اگر یہ
کارنامہ ایک قطرہ خون بہائے بغیر کردیا تو بھلا آگے ایسا کیوں کریں گے؟
آپ یہاں بیٹھے بیٹھے ان کی وکالت فرما رہے ہیں کیونکہ وہاں کی حالت کا آپ
کو پتہ نہیں ہے ؟
بھائی مجھے تو یہاں کی حالت کا بھی بہت کم پتہ ہے خیر آپ کو معلوم ہوتو
آپ بتائیں۔
کابل ہوائی اڈے پر لوگوں کا اژدہام ہے۔ خوف کے مارے لوگ ملک چھوڑ کر بھاگ
رہے ہیں۔
ابھی تو آپ کہہ رہے تھے کہ عام لوگ خوشیاں منارہے ہیں اور اب کہہ رہے ہیں
کہ وہ ڈر کر بھاگ رہے ہیں یہ تضاد سمجھ میں نہیں آیا؟
کلن مشرا پھر پھنس گئے انہوں نے کہا اچھا آپ یہ ویڈیو دیکھیں ۔ ہو سکتا ہے
یہ خاص لوگ ہوں؟
اوہو دیکھنے کی کیا ضرورت ۔ آپ نے کہہ دیا ہم نے مان لیا ۔ ویسے کون سی
ویڈیو کب ، کہاں اور کیوں بنائی گئی ہے ۔ یہ ایک تحقیق کا موضوع ہوتا ہے۔
جی ہاں لیکن آپ نے میرے سوال کا جواب نہیں دیا کہ یہ کیوں بھاگ رہے ہیں؟
بتاتا ہوں لیکن پہلے میرے اس سوال کا جواب دیں کہ کیا افغانستان میں ایسا
پہلی بار ہورہا ہے؟
جی نہیں۔ اس سے پہلے بھی وہاں سے ہزاروں لوگ سرحد پار کر کے پاکستان اور
دیگر ممالک میں نقل مکانی کرچکے ہیں ۔
اس کا مطلب ہے کہ روس یا امریکہ کے آنے پر عام لوگ سرحد پار کر کے بے وطن
ہوجاتے تھے ۔
جی ہاں یہی سمجھ لیں ۔
اب وہ عام لوگ خوش ہیں اور کچھ خاص لوگ ہوائی اڈے پر جمع ہوگئے ہیں ۔
جی ہاں یہ بھی درست ہے؟
تو سوال یہ ہے کہ عام آدمی کو اگر ڈر نہیں لگتا تو ان خاص لوگوں کو کیوں
لگتا ہے؟ کوئی وجہ تو ہوگی؟
دیکھیے خان صاحب میں خبریں پڑھتا ہوں اور ویڈیو دیکھتا ہوں ۔ اس طرح سوچنے
سمجھنے کی خاطر مجھے وقت ہی نہیں مل پاتا۔
جی ہاں لیکن چونکہ میں یہ سب نہیں کرتا اس لیے غورو فکر کے لیے وقت مل جاتا
ہے۔
اچھا تو آپ ہی بتائیں کہ سوچنے سمجھنے کے بعد کس نتیجے پر پہنچے ؟
میرےخیال میں یہ بدعنوان لوگ ہیں اور اپنی دولت بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں
کیونکہ جن کو رشوت دے کر دولت کمائی تھی وہ پہلے فرار ہوچکے۔
اوہو آپ تو بڑے دور کی کوڑی لائے۔ میں بھی پریشان تھا کہ ہوائی اڈے پر بہت
سارا لاوارث پیسہ کیونکر ملا؟ آپ نے یہ گتھی سلجھا دی ۔
ارے پنڈت جی میں کون سا افلاطون کی اولاد ہوں ۔ آپ بھی غور کرتے تو یہی
نتیجہ نکالتے ۔
اچھا خان صاحب آپ کو یاد ہے یہ لوگ ہمارا جہاز اغوا کرکے لے گئے تھے ۔
جی ہاں لیکن اب تو وہ ہندوستانیوں کو واپس آنے میں مدد کررہے ہیں یہ اے
ایف پی کی خبر ہے۔
اچھا اگر ایسا ہے تو لگتا ہے طالبان بدل گیا ہے؟
جی اسی لیے تو وویک کاٹجو اور میرا کمار جیسے سفارتکار ان کے تعلقات استوار
کرنے کی صلاح دے رہے ہیں ۔
یار یہ خبر تو مجھے ژی ٹی وی پر نہیں ملی خیر لیکن ان کا نظریہ اہل تشیع کے
تئیں بدلا یا نہیں؟
اوہو آپ کو نہیں معلوم انہوں نے محرم کے جلوس کو تحفظ فراہم کرکے کمال
یکجہتی کا ثبوت پیں کردیا ۔ ایسا تو اپنے یوگی جی بھی نہیں کرسکے ۔
لیکن خان صاحب خواتین کا مسئلہ بہت سنگین ہے۔ ان کو زبردستی برقع پہنایا
جائے گا ۔ یہ تو آزادیٔ نسواں کی خلاف ورزی ہے۔
اچھا اگر برقع پہنانا آزادی کے خلاف ہے تو زبردستی برقع اتروانا کیسا ہے؟
وہ بھی غلط ہے ۔ عورت کو آزادی ہونی چاہیے۔ وہ جیسا چاہے لباس پہنے ۔ اس
پر کوئی روک ٹوک نہ ہو۔
لیکن پنڈت جی فرانس میں حجاب نہ صرف ممنوع ہے بلکہ جرمانہ بھی وصول کیا
جاتا ہے ۔اس کے خلاف ساری دنیا کیوں خاموش ہے ؟
اچھا مگر میں نے تو یہاں تک پڑھا ہے کہ طالبانی لڑکیوں کو اٹھا کر لے جارہے
ہیں ؟
ارے بھائی طالبانی دوسروں کی بہو بیٹیوں پر کیوں نظر ڈالیں ؟ ان کی تو
بیویاں وہاں موجود ہیں ۔ انہیں اس کی ضرورت ہی کیا ہے؟
اچھا تو اس کی ضرورت کس کو ہے؟
ان غیر ملکی فوجیوں کو تھی جو اپنی بیوی اور گرل فرینڈ سے دور پردیس میں
تعینات کردیئے گئے تھے لیکن خیر اب وہ بھی بھاگ گئے ہیں۔
لیکن خان صاحب یہ تو طے ہے کہ وہ اپنی خواتین کے ساتھ بہت برا سلوک کریں
گے۔
کیا مطلب ہے وہ یوروپ اور اسرائیل کی طرح اپنے یہاں بھی عریاں فلموں کی
صنعت قائم کرکے دنیا بھر میں فحاشی پھیلائیں گے۔
جی نہیں یہ تو نہیں ہوسکتا لیکن پھر بھی وہ انہیں تعلیم سے محروم کردیں گے۔
دیکھیے پنڈت جی طالبان صرف مخلوط تعلیم کے خلاف ہیں اور خود اپنے ملک میں
بیشتر مشنری اسکولس میں لڑکے لڑکیاں الگ الگ پڑھتے ہیں۔
جی ہاں یہ بات تو ہے خود اپنے کانونٹ اسکول میں بھی یہی حال تھا اور کئی
شہروں میں خواتین کی یونیورسٹی تک ہے۔
پنڈت جی مجھے یقین ہے طالبان کے دور میں خواتین کا حترام بڑھے گا اور وہ
زیادہ محفوظ ہوجائیں گی۔
کیوں یہ بات آپ کس بنیاد پر کہہ رہے ہیں ؟
اس لیے کہ آپ نے برطانوی صحافی ایوان ریڈلی کا نام تو سنا ہی ہوگا جو بغیر
پاسپورٹ افغانستان چلی گئی تھی اور طالبان نے اسے گرفتار بھی کرلیا تھا ۔
یہی تو میں کہہ رہا ہوں کہ طالبان صحافیوں کو بھی نہیں چھوڑتے۔
ارے بھائی اگر ہمارے ملک میں پاکستان کی سرحد سے کوئی چینی صحافی گھس جائے
تو کیا ہم اسے چھوڑ دیں گے ؟
اچھا خیر آپ اس ایوان کے بارے میں بتائیں کہ اس کا کیا حشر ہوا؟
ہوا یہ کہ وہ طالبان کے حسن سلوک سے مسلمان ہوگئی اور اس کے علاوہ کئی
انگریز فوجیوں نے بھی اسلام قبول کیا۔
یار خان صاحب یہ تو کمال ہے ۔
پنڈت جی آپ خود سوچیں کہ غیر ملکی قیدیوں تک سے حسن سلوک کرنے والے اپنوں
سے بدسلوکی کیسے کرسکتے ہیں؟
جی ہاں اب تو مجھے آپ کی بات ٹھیک لگنے لگی ہے۔
تب تو آپ جانتے بوجھتے ٹائم پاس کے لیے مجھے پریشان کررہے ہیں ۔
جی نہیں ایسا نہیں ہے بلکہ آپ ہر بات کو گھما دیتے ہیں ۔
اوہو آپ سوال کرتے ہیں اس کے جواب میں بھی سوال کردیتا ہوں ۔ اپنی یہ نوک
جھونک تو بچپن سے چلی آتی ہے۔
ہاں وہ تو ٹھیک ہے لیکن اگر طالبان نے انٹر نیٹ بند کردیا تو کیا ہوگا؟
وہی ہوگا جو کشمیر میں ہوا تھا ۔ کئی دنوں تک تو پوری طرح بند تھا کون جانے
ابھی تک ۴ جی آیا یا نہیں؟ ہوسکتا اب بھی ۲ جی پر گزارہ ہورہا ہو ۔
تو کیا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا؟
کیوں نہیں پڑتا لیکن اس کے باوجود کشمیر کے سیب اتنے ہی میٹھے ہوتے ہیں
جیسے پہلے ہوتے تھے ۔
اچھا تو سمجھ گیا یعنی افغانی اخروٹ بھی ویسا ہی مزیدار ہوگا جیسے پہلے تھا
۔
پنڈت جی آپ نے کیا خوب مثال دی ۔ یہ افغانی لوگ بھی اخروٹ کی طرح ہیں اوپر
سے سخت مگر اندر سے نرم اور مقوی کیا سمجھے ؟
اخروٹ کو چھوڑئیے اور افیون کے بارے میں بتائیں کہ اس کا کیا ہوگا؟
بھائی کیا ہوگا یہ تو میں نہیں جانتا لیکن پچھلی بار طالبان نے اسے بند
کردیا تھا ۔ امریکیوں نےپھر سے شروع کردیا کیونکہ افیون سے ہیروئن وہی
بناتے ہیں۔
کلن نے کہا اور ساری دنیا میں بیچ کر پیسے کماتے ہیں ۔ اب تو ان کے لیے
مشکل ہوجائے گی ۔
جی ہاں اس لیے وہ نہیں چاہتے کہ طالبان پھر سے آجائیں ۔
اب سمجھ میں آیا کہ انہیں کیوں بدنام کیا جاتا ہے؟
ارے بھائی جو لوگ بندوق کی گولی اور جہازوں کی بمباری سے نہیں ڈرے ان کا یہ
میڈیا کیا بگاڑ لے گا؟
ہاں بھائی جن سے روس اور امریکہ ہار گیا ان کو بھلا کون ہرائے گا ۔
افغانستان واقعی سامراجیت کا قبرستا ن ہے ۔ چلیے چلتے ہیں ۔
کہاں کابل ؟؟ ایک مشترکہ قہقہے کے ساتھ دونوں دوست اپنے اپنے گھر چلے گئے۔
|