مجھے محسوس ہوا کہ میں ہی وزیراعظم ہوں، کئی شادیاں کرنے والے مفتی طارق مسعود کی زندگی کے کچھ ایسے پہلو جو بہت کم لوگ جانتے ہیں

image
 
مجھے محسوس ہوا کہ میں ہی وزیراعظم ہوں، کئی شادیاں کرنے والے مفتی طارق مسعود کی زندگی کے کچھ ایسے پہلو جو بہت کم لوگ جانتے ہیں
 
مفتی طارق مسعود کا نام سوشل میڈيا کے صارفین کے لیۓ بہت جانا پہچانا ہے۔ ان کے حالات حاضرہ کے حوالے سے بیانات سوشل میڈيا پر اکثر وائرل ہوتے رہتے ہیں یہاں تک کہ سوشل میڈيا میں ان کے حوالے سے کئی میمز بھی بنتی رہتی ہیں جو ان کی شہرت میں اضافے کا سبب بنتے رہتے ہیں۔
 
ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کچھ باتیں ہماری ویب کے ذریعے سے آج ہم آپ کو بتائيں گے-
 
ابتدائی زندگی
مولانا طارق مسعود 1975 میں سرگودھا میں پیدا ہوئے ان کے والدین قیام پاکستان کے بعد ہندوستان سے ہجرت کر کے پاکستان آئے اس کے بعد کراچی منتقل ہو گئے انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی اس کے بعد سندھ مسلم سائنس کالج میں داخلہ لیا مگر انٹر کی تعلیم مکمل کرنے سے قبل ہی جامعہ عبداالرشید سے دینی تعلیم حاصل کی۔
 
جہاں انہوں نے آٹھ سال درس نظامی کی تعلیم حاصل کی اس کے بعد دو سال حدیث کی تعلیم مکمل کی اس کے بعد نارتھ کراچی کی مشہور جامع مسجد الفلاحیہ میں گزشتہ دس سال سے امامت کروا رہے ہیں اس کے علاوہ جمعہ کے خطبات اور اتوار کو عشا کی نماز کے بعد درس دیتے ہیں-
 
ان کے والد حافظ قرآن اور عالم بھی تھے ان کے والد نے نیوی میں ملازمت اختیار کی اپنی زندگی کی ابتدا میں مفتی طارق مسعود کا رجحان سیاحت کی جانب تھا اس وجہ سے وہ نیوی کو جوائن کرنا چاہتے تھے تاکہ ان کو مختلف ممالک کی سیاحت کا موقع مل سکے-
 
image
 
مگر نوجوانی میں ہی کچھ افراد کی تبلیغ اور درس نے ان کی زندگی کو یکسر بدل دیا اور انہوں نے کالج کی تعلیم کو چھوڑ کر مدرسہ جوائن کر لیا-
 
ایک سے زیادہ شادی کی ضرورت
مفتی طارق مسعود کی ایک کتاب ایک سے زیادہ شادیوں کی ضرورت نے ان کو بہت زيادہ شہرت دی اس کتاب میں انہوں نے اپنا یہ موقف بیان کیا کہ ایک مرد کے لیے ایک سے زيادہ شادیوں کی کیوں ضرورت ہے؟ ان کے نزدیک معاشرے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مردوں کا ایک سے زيادہ شادی کرنا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جہیز کے مسئلے کو، لڑکیوں کی شادی نہ ہونے کے مسئلے کو اور مطلقہ خواتین سے معاشرے کے برے سلوک کو روکا جا سکے۔
 
اس حوالے سے کچھ لوگوں کا ازراہ تفنن یہاں تک کہنا ہے کہ ہر دوسری شادی کرنے کا خواہشمند مفتی طارق مسعود کا مقلد ہوتا ہے-
 
مفتی طارق مسعود کی ازدواجی زندگی
مفتی طارق مسعود نے صرف اپنے بیانات ہی میں دوسری شادی کی اہمیت پر زور نہیں دیا بلکہ عملی طور پر اس کا مظاہرہ کر کے یہ بھی ثابت کیا کہ ان کے قول و فعل میں کسی طرح کا تضاد نہیں ہے- ان کی پہلی شادی 2005 میں ہوئی اس کے بعد 2008 میں انہوں نے دوسری شادی کی جب کہ ان کی تیسری شادی 2018 میں ہوئی تاہم ان شادیوں سے ان کے بچوں کی تعداد کے بارے میں نہیں پتہ چل سکا ہے-
 
ذاتی زندگی
مفتی طارق مسعود کی رہائش نارتھ کراچی میں مسجد الفلاحیہ ہی میں ہے جہاں پر ان کی تمام بیگمات ان کے ساتھ رہتی ہیں اسی گھر میں مفتی صاحب نے ایک باغیچہ بھی بنا رکھا ہے جہاں پر مختلف اقسام کی سبزیاں لگائی جاتی ہیں جن کی دیکھ بھال مفتی صاحب خود کرتے ہیں۔ کیوں کہ ان کو باغبانی سے خصوصی شغف ہے-
 
اس کے علاوہ مفتی طارق مسعود تیراکی کے بھی شوقین ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وقت نکال کر اپنے اس مشغلے کو دے سکیں انہیں مویشی پالنے کا بھی شوق ہے اور اس عید پر بھی انہوں نے اپنے پالے ہوئے دنبے کی قربانی کا شرف حاصل کیا-
 
مفتی طارق مسعود کی وزير اعظم عمران خان سے ملاقات
مفتی طارق مسعود اس وقت اپنی ایک ویب سائٹ کے ساتھ یو ٹیوب چینل بھی چلا رہے ہیں اس وجہ سے عام عوام میں ان کی مقبولیت کافی زيادہ ہے- اسی حوالے سے اپنے ایک ویڈيو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جب وزیر اعظم عمران خان کراچی تشریف لائے تو انہوں نے علما کرام سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جہاں پر طارق مسعود صاحب بھی موجود تھے
 
image
 
اس ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ جب گورنر ہاؤس پہنچے تو سیکیورٹی پر مامور عملہ نے ان کو دیکھتے ہی ان کے ساتھ سیلفیاں بنوانا شروع کر دیں- اس وقت تک وزير اعظم صاحب تشریف نہیں لائے تھے اس وقت مفتی صاحب کا کہنا تھا کہ ان کو یہ محسوس ہوا کہ جیسے وہی وزیر اعظم ہیں-
 
تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی فٹنس سے بہت متاثر ہوئے اور ان کی خواہش تھی کہ اگر ان کو وزيراعظم صاحب سے بات کرنے کا موقع ملتا تو وہ یہ مطالبہ ضرور کرتے کہ خلع کے قانون پر نظر ثانی کی جائے تاکہ فیملی سسٹم کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکے-
YOU MAY ALSO LIKE: