جدوجہد سے عبارت 100 سال

گزشتہ صدی کے دوران دنیا نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا سی پی سی کے ایک غیر معمولی اور شاندار سفر کا بخوبی مشاہدہ کیا ہے۔پارٹی اور ملکی تعمیر و ترقی کے نصب العین کو بہتر طور پر آگے بڑھانے کی کوشش میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے پارٹی کے 100 سالہ سفر کے بارے میں گہرائی سے تحقیق کی ہے جس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ دنیا کے ساتھ ساتھ آج کی چینی نسل کو پارٹی کے اُس تاریخی کردار سے روشناس کروایا جا سکے جس نے چینی عوام کی عظیم رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے ملک کو انقلابی ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ سی پی سی کی 19ویں مرکزی کمیٹی کے حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والے چھٹے کل رکنی اجلاس میں گزشتہ ایک صدی میں انقلاب، تعمیر نو اور اصلاحات میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ جات میں پارٹی کی ایک کے بعد ایک بے مثال فتوحات کو اجاگر کیا گیا اور چین کی ترقی کے عظیم تاریخی عمل اور سی پی سی کے حاصل کردہ تاریخی کارناموں کا جامع جائزہ لیا گیا، اس دوران پارٹی کی اہم کامیابیوں اور تاریخی تجربے پر قرارداد بھی منظور کی گئی جس سے مستقبل میں چین کی ترقی کے حوالے سے ایک واضح سمت متعین ہوئی ہے۔

اس تاریخی قرارداد کی منظوری سی پی سی کی 19ویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے کل رکنی اجلاس کی ایک تاریخی شراکت کا عمدہ مظہر ہے، جو نہ صرف چین کے موجودہ حالات پر اثرانداز ہو گی بلکہ آئندہ بھی دور رس تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ 1921میں اپنے قیام کے بعد سے، سی پی سی نے ہمیشہ چینی عوام کے لیے خوشحالی اور چینی قوم کی نشاتہ الثانیہ کو اپنا مشن بنایا ہے،گزشتہ سو برسوں میں کمیونسٹ نظریات اور سوشلسٹ عقائد پر کاربند رہا گیا ہے،ملک میں تمام نسلی گروہوں کے درمیان اتحاد ، بھائی چارے اور یکجہتی کو یقینی بناتے ہوئے چینی عوام کی بے لوث اور مخلصانہ رہنمائی کے لیے انتھک کوششیں کی گئیں جس کا نتیجہ قومی آزادی و خودمختاری، ملکی ترقی و مضبوطی اور عوام کی خوشحالی کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔

گزشتہ 100 سالوں کے دوران، پارٹی نے نئے جمہوری انقلاب میں شاندار کامیابی کے بعد غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کٹھن بحرانوں سے نمٹنے میں چینی عوام کی قیادت کی، سوشلسٹ انقلاب کی روشنی میں خود انحصاری کے جذبے کے ساتھ ایک مضبوط چین کے لیے تندہی سے کام کیا۔ اصلاحات، کھلے پن، اور سوشلسٹ جدیدیت میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئیں ، عہدنو میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی بنیاد پر کامیابی سے آگے بڑھتے ہوئے چینی قوم کو خود اعتمادی اور خود انحصاری کا درس دیا اور دنیا کو عملی طور پر ایک جدید اور اختراعی چین سے متعارف کروایا۔گزشتہ صدی کے دوران پارٹی اور عوام کی کوششیں چینی قوم کی ہزار سالہ تاریخ کے سب سے شاندار باب کی نمائندگی کرتی ہیں۔

آج تاریخی حقائق واضح ثبوت پیش کرتے ہیں کہ چین اور سی پی سی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔سی پی سی وہ اساس ہے جس کی بنیاد پر ہی چین اپنا وجود اور ترقیاتی سفر جاری رکھ سکتا ہے ، اسی طرح پارٹی کی اعلیٰ قیادت وہ جڑ ہے جس پر چینی عوام کے مفادات اور فلاح و بہبود کا دارو مدار ہے اور پوری چینی قوم جس پر انحصار کرتی ہے۔سی پی سی کی اہم کامیابیوں اور تاریخی تجربے کو اجاگر کرتی یہ قرارداد ایک ایسا سنگ میل ہے جو اتحاد کے فروغ ، اعتماد سازی کو بڑھانے، اور پارٹی کے تمام ارکان کے حوصلے بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔2012 میں سی پی سی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سے شی جن پھنگ کی قیادت میں سی پی سی نے دنیا میں ایک صدی کی رونما ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے تناظر میں قومی تجدید کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا ہے۔ اس نے ملک میں اتحاد کے فروغ سے ایک عظیم جدوجہد، ایک عظیم وژن، ایک عظیم مقصد، اور ایک عظیم خواب کو آگے بڑھانے کے لیے رہنمائی کی ہے۔ چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی راہ اپناتے ہوئے مزید مضبوط اداروں، مضبوط مادی بنیادوں، ٹھوس اصلاحات اور "پہل" کی جستجو نے ایسی تحریک دکھائی جس سے چینی قوم نے اپنے قدموں پر کھڑےہوتے ہوئے خوشحالی سے مضبوطی تک زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

بلاشبہ پارٹی اور ملک کے نصب العین میں تاریخی کامیابیوں اور تاریخی تبدیلیوں کا سہرا شی جن پھنگ کی رہنمائی میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کو جاتا ہے ۔سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے پارٹی میں شی جن پھنگ کی بنیادی حیثیت کو قائم کیا ہے اور نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے حوالے سے شی جن پھنگ کی سوچ اور افکار کے رہنما کردار کی وضاحت کی ہے۔ گزشتہ صدی میں حاصل کردہ غیر معمولی تاریخی کامیابیوں کے بعد ، آج سی پی سی چین کو ہر لحاظ سے ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے کے دوسرے صد سالہ ہدف کے حصول میں چینی عوام کو ایک نئے سفر پر گامزن کر رہی ہے۔شی جن پھنگ کی رہنمائی میں پارٹی قیادت دوسرے صد سالہ ہدف اور چینی قوم کی عظیم نشاتہ الثانیہ کے چینی خواب کو پورا کرنے کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔ چینی قوم پر اعتماد ہے کہ ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئےسی پی سی اور چینی عوام عہد نو میں اپنے نئے سفر کے دوران نئی شان و شوکت اور نئے تاریخی کارنامے ضرور حاصل کریں گے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 617107 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More