چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس میں دو مختلف ادوار میں کام کرتے ہوئے پانچ
سال سے زائد ہو چکے ہیں۔اس سارے عرصے میں جہاں پیشہ ورانہ اعتبار سے ہمیشہ
نئی جدت دیکھنے کو ملی وہاں محنت ،لگن اور کچھ نیا کرنے کا جذبہ بھی مزید
پروان چڑھا۔ میڈیا میں جدیدیت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے اور
عام مشاہدہ بھی یہی ہے کہ ایسے میڈیا ادارے جو خود کو جدید تقاضوں سے ہم
آہنگ نہیں کر سکے وہ ترقی کے سفر میں کافی پیچھے رہے ہیں۔بطور صحافی چائنا
میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستگی یقیناً جہاں ایک اعزاز سے کم نہیں وہاں
چین کے عروج کا مشاہدہ بھی ناقابل فراموش ہے۔اس عرصے کے دوران چینی میڈیا
کے نت نئے تصورات کو قریب سے دیکھنا اور سمجھنا بھی ایک شاندار تجربہ رہا۔
اب آتے ہیں ایک اہم پیش رفت کی جانب ، چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے
ایف ایم 98 دوستی چینل فیس بک پیج نے 15 دسمبر کو 10 ملین فالوورز کا سنگ
میل عبور کر لیا۔یہ بات قابل زکر ہے کہ صرف سات سال کے عرصے میں یہ سنگ میل
عبور کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے ایشیائی افریقی لینگوئجز
پروگرامنگ سینٹر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب کی میزبانی چائنا
میڈیا گروپ کی اردو سروس کی میزبانوں، چوشی، تبسم، نورین اور عفت نے
کی۔انہوں نے سوشل میڈیا کے موئثر استعمال ،فیس بک پر اپنے تجربات اور
پاکستانیوں کی پسندیدگی کو بے حد سراہا۔ان چاروں میزبانوں نے حالیہ عرصے
میں ایف ایم 98 دوستی چینل فیس بک پیج پر مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے
ہیں۔ چین اور پاکستان کے روایتی تہواروں یا پھر اہم سیاسی سماجی سرگرمیوں
کی سوشل میڈیا پر بھرپور کوریج کو یقینی بنایا ہے۔
اس موقع پر اردو سروس کے پاکستانی ماہرین شاہد افراز خان، سارہ افضل اور
زبیر بشیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے تمام سامعین اور ناظرین کا شکریہ ادا
کیا۔ یہ تقریب چائنا میڈیا گروپ کے ایف ایم 98 دوستی چینل فیس بک پیج پر
براہ راست نشر کی گئی۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں نے براہ راست
دیکھا اور چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کو 10 ملین فالوورز کا اہم سنگ
میل عبور کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ تقریب میں چائنا میڈیا گروپ کے ایشیائی
افریقی لینگوئجز پروگرامنگ سینٹر کے سربراہ سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
شرکاء نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس چین۔پاک تعلقات کے فروغ اور
دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں ایک پل کا کردار
ادا کر رہی ہے۔ سال 2014 میں اردو سروس کا فیس بک پیج باضابطہ فعال ہوا جس
کے بعد گزشتہ سات سالوں میں اسے پاکستان سمیت دیگر ایسے تمام ممالک میں
نمایاں پزیرائی ملی ہے جہاں پاکستانی قیام پزیر ہیں یا پھر اردو بولی اور
سمجھی جاتی ہے۔ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس نے جدید دور کے تقاضوں سے ہم
آہنگ ہوتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی نشریات کو وسعت دی اور پاکستان میں
نمایاں مقبولیت حاصل کی ہے۔تقریب کے دوران شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل
میں بھی چائنا میڈیا گروپ ، چین پاک دوستی کے فروغ اور دونوں ملکوں کے
لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر پاکستانی
فالوورز نے تقریب میں براہ راست شریک ہوتے ہوئے اردو سروس کے پروگرامز کو
زبردست سراہا ،انہوں نے ایف ایم 98 دوستی چینل فیس بک پیج کو چین کے متنوع
معاشرتی اور ثقافتی رنگوں سے آگاہی کے لیے اہم میڈیا قرار دیا۔پاکستانی
فالوورز نے اس امید کا اظہار کیا کہ چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس چین
پاکستان لازوال دوستی کو مزید آگے بڑھائے گی۔ ایشیائی افریقی لینگوئجز
پروگرامنگ سینٹر کے سربراہ نے اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک
کاٹا ۔ انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو
سراہا اور تمام ارکان کو مبارک باد پیش کی اور چین پاک دوستی کے لئے اپنی
نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کی ٹیم نے 10 ملین فالوورز کے سنگ میل کو
نمایاں پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید بہتر پروگرامنگ کے لیے
اُن کی حوصلہ افزائی ہو گی اور پاکستانی ناظرین بھی سوشل میڈیا پر بہترین
پروگراموں سے محظوظ ہو سکیں گے۔یہ بات اچھی ہے کہ ابھی حال ہی میں چائنا
میڈیا گروپ کی اردو سروس نے چینی اور پاکستانی معاشرے کے دلکش رنگوں سے سجی
ڈرامہ سیریز "آفس آفس" شروع کی ہے جس میں دفتر کے ماحول میں دلچسپ کہانیاں
پیش کی جا رہی ہیں۔اس ڈرامہ سیریز میں مزاح بھی ہے اور سنجیدگی بھی لیکن سب
سے بڑھ کر ہے چینی اور پاکستانی دوستوں کی ایک دوسرے کے لیے اپنائیت ۔ ان
جیسے دیگر کئی رنگا رنگ ثقافتی پروگرامز ہیں جن کی منصوبہ بندی کی گئی
ہے۔اس سب محنت کا مقصد واضح ہے کہ چین پاک دوستی کے رنگوں کو مزید نکھارا
جائے اور پاکستانی فیس بک فینز کو اس دوستی کے حقیقی معنوں سے روشناس
کروایا جائے۔
|