لائبریری نمبر
مہوش اسد شیخ
لائبریری نمبر پڑھتے ہوئے یاد آیا کہ کتاب دوستی کی ایک کہانی میرے پاس
لکھی موجود تھی اور میں نے بھیجی نہیں. جن دنوں لائبریری نمبر کے لئے لکھنے
کا اشتہار چل رہا تھا میں نے بہت بہت بہت سوچا مگر کوئی کہانی دماغ میں
نہیں آئی. لڑکا بغل میں ڈھنڈورا شہر میں کے مصداق کہانی میرے موبائل موجود
تھی مگر میں سوچے جا رہی تھی. بالآخر تھک ہار کر سوچنا چھوڑ دیا. یوں اپنے
ماؤف ہوئے دماغ کی وجہ سے کہانی نہ بھیج سکی. جس کا بے حد افسوس رہے گا.
خیر اب چلتے ہیں تبصرے کی طرف...!
گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر اطلاعات، محمد سراج موسانی، پروفیسر
ملاحت اور جاوید الرحمن صاحب کا لائبریری نمبر پر اظہار خیال بہت اچھا لگا.
اپنے گلدستہ ٹوٹ بٹوٹ اور سر جعفر پر بہت فخر محسوس ہوا.
رمضان بھائی کی تاکید پر سب سے پہلے پھلکے میاں لائبریری پڑھی. ماشاءاللہ
بھائی صاحب جتنی اچھی نظمیں لکھتے ہیں اتنی ہی اچھی نثر بھی لکھتے ہیں.
حکیم صاحب کے بارے میں بہت تفصیل سے پڑھنے کو ملا. یہ باتیں پہلے معلوم نہ
تھیں. کراچی کی لائبریریوں کے متعلق معلومات حاصل ہوئیں. ماشاءاللہ اتنی
لائبریریاں. کراچی چھا گیا. آگے بڑھے تو سلیم انور عباسی نے دنیا کی
خوبصورت لائبریریاں ایک تحریر میں اکٹھی کر ڈالیں. انعم توصیف کی کہانی
آخری صدی... ان شا اللہ یہ کتاب دوستی کی آخری صدی نہیں ہو گی. کتابیں
ہمیشہ ہمارے ہاتھوں میں سجی رہیں گی. ڈیجیٹل لائبریری پڑھتے ہوئے احساس ہوا
کہ روبینہ صاحبہ غلط سبق دے رہی ہیں آن لائن پڑھنے کا... لیکن یہ کیا کہانی
نے پلٹا کھایا انہوں نے خود ہی کہہ دیا کہ جو مزہ کتاب سے پڑھنے میں ہے وہ
موبائل پر پڑھنے میں نہیں. انوکھی لائبریری بھی اچھی تحریر رہی، بہت کھری
کھری سنائی گئی ہیں. سبھی کو آئینہ دکھا ڈالا. واہ خوب است. ہانیہ ارمیہ کی
تحریر کتاب دوست بھی بہت اچھی رہی. فرمان کی ہوم لائبریری بھی پسند آئی.
تنزیلہ احمد کی کہانی بہترین ساتھی میں کتابوں کی گفتگو نے خاصا لطف دیا.
کتاب سے دوستی عیشا صائمہ کا دی گئی تجویز ہم لکھاریوں کے لیے بھی اہم ہے،
مطالعہ ہماری تحریر کے نقائص دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے. ڈکشنری کا
مطالعہ ہمارے الفاظ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بنتا ہے. فرح ناز کی تحریر
بھی اچھا سبق لئے ہوئے تھی. عبداللہ لائبریری پڑھ کر دل چاہا کہ ہر محلے
میں ایک لائبریری بنا دی جائے، ہائے کاش!
فاکہہ قمر نے اپنی لائبریری بنانے کی بہت اچھی تجویز پیش کی. اللہ سب کو اس
پر عمل کرنے کی توفیق دے آمین. فرح ناز نے بھی بہت اچھا لکھا. فہیم زیدی
صاحب کے لئے ڈھیر ساری داد کہ انہوں نے بچوں سے اتنی شاندار لائبریری تعمیر
کروا دی. محمد فیصل بھائی نے ہمیشہ کی طرح خوبصورت تحریر لکھی. صائمہ
زکریا، عمارہ فہیم صدف جاوید کی لائبریری کہانیاں قابل ستائش تھیں. لیجیے
یہ آ گئی ذوالفقار بھائی کی کہانی... انمول چراغ... ہمیشہ کی طرح نیا سبق
لئے اک خوبصورت کہانی. لائبریری کی کتاب گم یا خراب ہو جانے کی صورت میں
ہمیشہ جرمانہ ہی ادا کرنے کا خیال آتا ہے لیکن بھائی صاحب نے بہت اچھی
تجویز دی کہ بازار سے نئی کتاب لے کر دی جائے. واہ خوب
ہماری سائرہ کی کہانی کے جانور کردار مجھے ہمیشہ سے ہی بہت اچھے لگتے ہیں.
یہاں بھی انہوں نے بندر کی مدد سے خوبصورت سبق دیا. رابعہ فاطمہ کی کہانی
کتاب کہانی تو نہ تھی مگر خوبصورت کہانی تھی. عرفان محسود صاحب کا انٹرویو
فیس بک پر پڑھ چکنے کے باوجود ایک بار پھر پڑھا اور بہت اچھا لگا ان کی ہمت
اور ثابت قدمی کے لیے داد و دعائیں. اندر کا آدمی... بہت پیاری کہانی. مریم
ملک کی صراط مستقیم بھی بہت اچھی لگی. عجوبہ لائبریری بھی دلچسپ تحریر تھی.
موضوع کی تلاش واہ کیا تحریر تھی، سر جعفر کی یہ تحریر پڑھتے ہوئے لب مسلسل
مسکراتے رہے. ابھی رسالہ پکڑا ہی تھا کہ ورق گردانی کے دوران ایک تحریر
پڑھنی شروع کی بھنگی ماں بیٹے کی کہانی، لکھنے میں کافی پختگی نظر آئی....
پڑھتی چلی گئی آخر بقیہ واقعات اگلے شمارے میں منہ چڑا رہا تھا بہت غصہ
آیا... سارا مزہ غارت ہوا. تحریر ہی بتا رہی تھی کہ کسی سینیر لکھاری کی ہے
ویلڈن سر ابن آس... آپ ہمارا فخر ہیں.
سر جعفر کو اتنا خوبصورت نمبر نکالنے پر ڈھیر ساری داد. بہت سی دعائیں....
تحریر نہ ہونے کے باوجود شمارہ بھیجنا آپ کی قدر جو دل میں ہے دگنی چوگنی
کر گیا.
والسلام
ختم شد
|