نمک کے محل میں رہنا ہے تو اس ہوٹل میں وقت گزاریں، دنیا کے کچھ ایسے انوکھے ہوٹل جہاں پر ہر کوئی ٹھہرنے کی خواہش کرے

image
 
سفر کی خواہش انسان کے لاشعور میں چھپی ہوتی ہے ہر انسان کے اندر یہ خیال ہوتا ہے کہ وہ سال بھر میں اپنا کچھ وقت حالت سفر میں گزارے تاکہ وہ ذہنی طور پر فریش ہو سکے- اس کے علاوہ نت نئے تجربات کی مدد سے دنیا کے بارے میں نئی نئی باتیں سیکھ سکے-
 
دنیا کے عجیب و غریب ہوٹل
دنیا میں سیاحت ایک بہت اہم صنعت بن گئی ہے جہاں پر لوگ نہ صرف پیسہ لگاتے ہیں بلکہ بڑی مقدار میں منافع بھی کماتے ہیں- لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے نئے نئے انداز اختیار کیے جاتے ہیں تاکہ دنیا بھر کے لوگ ان کی طرف آسکیں- سیاحت کے شعبے میں قیام کے لیے لوگ ہوٹلز کا انتخاب کرتے ہیں اور کچھ ہوٹل ایسے بھی ہیں جو کہ اپنے نت نئے اور انوکھے انداز کے سبب لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں ایسے ہی کچھ ہوٹل کے بارے میں ہم آپ کو بتائيں گے-
 
پانی کے اندر ہوٹل
سطح زمین پر تو قیام سب ہی کرتے ہیں مگر ایک ہوٹل ایسا بھی ہے جو کہ اپنے پاس آنے والوں کو ایسے کمرے پیش کرتے ہیں جو کہ پانی کے اندر ہوتے ہیں اور اس کمرے کے شیشے کی دیواروں سے آپ مچھلیاں تیرتے دیکھ سکتے ہیں- رات کے وقت اس کمرے میں لگی ہوئيں اسپاٹ لائٹس ارد گرد کے جانوروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں جس سے وہ جانور شیشے کی دیواروں کے پاس آجاتے ہیں اس ہوٹل کا نام مینٹا ریزارٹ ہے جو پیمبلا آئی لینڈ زنزيبار کے مقام پر واقع ہے-
image
 
برفانی اگلو نما ہوٹل
برفانی اگلو کے اندر رہائش ایک خواب کی طرح ہوتا ہے اور اگر اس اگلو میں پورے خاندان کے ساتھ رہنے کا موقع مل جائے تو ہر کوئی اس خواب کی تعبیر حاصل کرنا چاہے گا اس وجہ سے فن لینڈ میں گولڈن کراؤن اگلو کے تقریبا 18 اگلو بنائے گئے ہیں-جن میں کچن باتھ روم بیڈروم سب موجود ہے اور برف کے ریگزار میں اس جگہ پر رہنا ایک خواب جیسا ہے-
image
 
کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ہوٹل
جس طرح کچھ افراد ہوٹل میں قیام کرتے ہیں اور گھومنے پھرنے کے شوقین ہوتے ہیں ایسے ہی کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کسی ایسی پر سکون جگہ پر قیام کر سکیں جہاں پر ان کو آرام کے ساتھ ساتھ ڈھیر ساری کتابیں بھی میسر ہوں- ایسا ہی ایک ہوٹل بک اینڈ بیڈ کے نام سے ٹوکیو میں قائم کیا گیا ہے جس کے کمرے میں بک شیلف موجود ہے- اس کے علاوہ ایسی لائٹ موجود ہے جس میں سکون سے بیٹھ کر اور لیٹ کر مطالعہ کیا جا سکتا ہے- اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی کتاب چاہیے ہو تو وہ بھی مںگوائی جا سکتی ہے-
image
 
نمک کا بنا ہوٹل اور کمرے
برف سے بنائے گئے ہوٹل اور عمارات کے بارے میں تو سب ہی نے سنا ہو گا مگر اس بار بات برف کی نہیں بلکہ نمک کی ہے۔ یہ ہوٹل نمک سے نہ صرف بنایا گیا ہے بلکہ اس ہوٹل کے کمروں کے ساتھ ساتھ ہر ہر چیز نمک سے بنی ہوئی ہے-یہ ہوٹل بولیویا کے مقام پر پیلاسیو ڈي سال کے نام سے ہے یہ ہوٹل صحرائے بولیوین کے کنارے پر واقع ہے اس ہوٹل میں تقریبا 30 کمرے ہیں جہاں کی دیواروں سے لے کر فرنیچر تک نمک ہی کا بنا ہوا ہے-
image
 
یہ تمام ہوٹل اپنی اقسام کے اعتبار سے منفرد اہمیت کے حامل ہیں اور یہی سبب ہے کہ لوگ ان علاقوں میں ان ہوٹلوں میں رہائش اختیار کرنے کے لیے آتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: