ایک اور طلاق کی گردش کرتی خبریں... شوبز کی دنیا میں شادیاں زیادہ دن کیوں نہیں چل پاتیں؟ افسوسناک وجوہات

image
 
حالیہ دنوں میں عوام کی پسندیدہ ترین جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی علیحدگی کی خبروں نے سوشل میڈیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ کچھ افراد ان کی طلاق کا دعویٰ کر رہے ہیں جب کہ کچھ خوش گمان افراد اب بھی اس بات کی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ یہ دونوں اپنے تمام مسائل کو ختم کر کے پھر سے ایک دوسرے کے ساتھ ہو جائيں گے۔ یہ عوام کی شوبز کے لوگوں سے محبت ہے جو ان کی ذاتی زندگی میں ان کو خوش و خرم دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی ازدواجی زندگی کے مسائل پر دکھ کا شکار ہو جاتے ہیں- البتہ دونوں اداکاروں کی جانب سے اب تک اس بات کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے-
 
تاہم شوبز کی دنیا اور اس کی رنگارنگی عام دنیا سے کئی حوالوں سے مختلف ہوتی ہے اس دنیا میں بننے والے رشتے اور ان کی نزاکتیں عام حالات سے کافی جدا ہوتی ہیں۔ یہاں بیوی شوہر پر منحصر کم ہی ہوتی ہے اسی طرح میاں بیوی کے تعلق کے درمیان اکثر دوسرے لوگ کسی نہ کسی حد تک اثر انداز ہو کر اس کو متاثر بھی کر دیتے ہیں-
 
یہی وجہ ہوتی ہے کہ شوبز میں ہونے والی شادیاں اور کچھ ہی عرصے بعد ان میں ہونے والی طلاقیں سننے والوں کو عام سی بات لگتی ہیں- ابتدا میں تو ناچاقی کی خبروں کی تردید ہوتی ہے مگر اس کے بعد کچھ عرصے تک ایک دوسرے سے علیحدہ علیحدہ نظر آتے ہیں اور کچھ دنوں کے بعد یہ علیحدگی سوشل میڈيا کے ذریعے اناؤنس ہو جاتی ہے اور رومینٹک سی کہانی کا ایک برا انجام سب کو دکھی کر جاتا ہے-
 
عام طور پر شوبز میں تیزی سے ہونے والی طلاقوں کی وجہ جو عام انسان کو محسوس ہوتی ہے اس طرح سے ہوتی ہے-
 
1: جذباتی فیصلے
آرٹسٹ لوگ جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ بہت حساس ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہوتی ہے کہ یہ مجبت بھی شدت سے کرتے ہیں اور اسی طرح جب یہ محبت کسی وجہ سے ہرٹ ہوتی ہے تو اس کا ردعمل بھی اتنی ہی شدت سے سامنے آتا ہے-
 
image
 
میاں بیوی کی زندگی میں کمپرومائز اور سمجھوتے لازمی کرنے پڑتے ہیں لیکن شوبز سے جڑے لوگ عام طور پر سمجھوتے کرنے سے قاصر نظر آتے ہیں- یہی وجہ ہے کہ ایسے جوڑوں کی شادی شدہ زندگی کی مدت بہت قلیل ہوتی ہے۔ ایسے لوگ جھک جانے کے بجائے ٹوٹ جانا زیادہ بہتر سمجھتے ہیں -
 
2: جیلسی
شوبز سے جڑے شادی شدہ جوڑے چونکہ ایک ہی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں سے بعض اوقات بیوی شوہر کے مقابلے میں زيادہ کامیاب ہو جاتی ہے تو مرد کے لیے ایسی عورت کی حاکمیت کو قبول کرنا مشکل ہو جاتا ہے-
 
یا پھر زیادہ کامیاب ہونے کے بعد دوسرا ہمسفر یہ محسوس کرنے لگتا ہے کہ اس کا جیون ساتھی اس کے پیروں کی بیڑی بن کر اس کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے تو اس صورت میں وہ اس بیڑی سے خود کو آزاد کروانا ہی بہتر سمجھتا ہے-
 
3: ایک دوسرے کی توقعات پر پورا نہ اترنا
جب بھی دو اداکار ایک دوسرے سے شادی کے بندھن میں بندھتے ہیں تو ان کے درمیان کچھ امیدیں کچھ توقعات ہوتی ہیں جو شادی سے قبل تو دونوں جانب سے نبھانے کے وعدے ہوتے ہیں- مگر جب ان وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آتا ہے تو مسائل کے انبار کھڑے ہو جاتے ہیں-
 
ڈرامے کے سیٹ پر خوبصورت لباس اور مزاج والا انسان جب حقیقی طور پر زندگی میں داخل ہوتا ہے تو اس کی زندگی کے منفی پہلو بھی سامنے آتے ہیں جس کے سبب خوابوں کا محل ایک پل میں چکنا چور ہو جاتا ہے-
 
image
 
4: آزاد خیالی
شادی سے قبل شوبز کی دنیا کی آزاد خیالی بہت خوبصورت لگتی ہے لیکن شادی کے بعد یہی آزاد خیالی بری محسوس ہونے لگتی ہے- وہی دوست جو شادی سے قبل میاں بیوی کے بہت قریب محسوس ہوتے ہیں لیکن شادی کے بعد میاں بیوی کو ایک دوسرے کی یہ آزاد خیالی بری محسوس ہوتی ہے-
 
شوہر کو بیوی کے مرد دوست اور بیوی کو شوہر کی دوست لڑکیاں بری محسوس ہونے لگتی ہیں جو کہ ان دونوں کے درمیان جھگڑے کا باعث بنتے ہیں اور وہ آزاد خیالی جو ان دونوں کو ایک دوسرے کی بہت پسند تھی شادی کے بعد ایک بوجھ بن جاتی ہے اور شادی کے ختم ہونے کا سبب بن جاتی ہے-
 
5: پیسہ
شوبز کے شادی شدہ جوڑوں کے درمیان رشتے کو ختم ہونے کا ایک بڑا سبب پیسہ بھی ہوتا ہے بعض اوقات یہ شادیاں صرف ایک دوسرے کی دولت دیکھ کر کی جاتی ہے مگر کچھ عرصے کے بعد یہی دولت ان دونوں کے درمیان حالات کی کشیدگی کا سبب بن جاتا ہے-
 
بیوی کو یہ گلہ ہوتا ہے کہ شوہر اب اس کے اوپر پہلے کی طرح اپنی دولت خرچ نہیں کرتا ہے جب کہ شوہر کو بیوی کی فضول خرچی کی شکایت ہوتی ہے- بعض اوقات حالات اس سے مختلف بھی ہو سکتے ہیں اور شوہر اپنے سارے کام کاج چھوڑ کر بیوی کی کمائی کو اپنا حق سمجھ کر اس کو استعمال کرنے کا خواہشمند ہوتا ہے-
 
ایک وقت تک بیوی اپنے پیسے اپنے شوہر پر خرچ بھی کرتی ہے مگر اس کے بعد اس کو یہ محسوس ہونے لگتا ہے کہ جب خود ہی کمانا ہے اور خود پر ہی انحصار کرنا ہے تو نام نہاد شوہر کی کیا ضرورت ہے جس کے بعد ان کے درمیان علیحدگی ہو جاتی ہے-
 
یہ تمام کچھ ایسی وجوہات ہیں جن کی بنا پر شوبز سے جڑے لوگوں کی شادیاں دیر تک نہیں چل سکتی ہیں اور جلد ہی طلاق پر پہنچ کر ختم ہو جاتی ہیں ۔اگر آپ کی رائے کے مطابق کچھ اور بھی وجوہات ہوں تو ہماری ویب کے قارئين کے ساتھ کمنٹ سیکشن میں ضرور شئير کریں-
YOU MAY ALSO LIKE: