چینی صدر شی جن پھنگ کی طرز حکمرانی

ابھی حال ہی میں چینی صدر شی جن پھنگ کی کتاب "چین کی طرز حکمرانی" کی چوتھی جلد شائع کر دی گئی ہے جو دنیا بھر کے قارئین کے لیے مختلف زبانوں میں دستیاب ہے۔ان چاروں کتب میں صدر شی جن پھنگ کے مختلف علاقوں میں اپنے امور کی انجام دہی کے تجربے کو منظم انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کثیر اللسانی ورژن اور مختلف تصاویر کی مدد سے مرتب کردہ ان چاروں کتب کو بیرون ملک انتہائی پذیرائی ملی ہے۔ کتب کے امیج ٹیکسٹ پروڈکٹس کو ترکی، اردو، تامل، ویتنامی، لاؤ اور کمبوڈین زبانوں میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا ہے، جس کو دو کروڑسے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ یہ ایسی کامیاب کہانیاں ہیں جو شی جن پھنگ کے منصب صدارت پر فائز ہونے سے قبل چین کے مختلف علاقوں میں اصلاحات اور کھلے پن کی کوششوں کے ساتھ ساتھ مقامی علاقوں میں جدت کاری کی کوششوں کو نمایاں طور پر اجاگر کرتی ہیں۔شی جن پھنگ کے سیاسی کیریئر پر نظر دوڑائیں تو انہوں نے مارچ 1982 سے مئی 1985 تک صوبہ ہیبی کی چونگ دینگ کاؤنٹی، میں کاؤنٹی کے ڈپٹی پارٹی سربراہ اور بعد میں پارٹی سربراہ کے طور پر کام کیا۔ جون 1985 اور اکتوبر 2002 کے درمیان، انہوں نے صوبہ فوجیان کے شہروں شیامن، ننگ دے اور فوجو میں بطور نائب پارٹی سربراہ اور بعد ازاں فوجیان کے گورنر کے طور پر کام کیا۔

اکتوبر 2002 سے مارچ 2007 تک، شی جن پھںگ نے صوبہ چے جیانگ میں پارٹی کے نائب سربراہ، قائم مقام گورنر اور پھر صوبے کے پارٹی سربراہ کے طور پر فرائض انجام دیے۔ مارچ اور اکتوبر 2007 کے درمیان، انہوں نے شنگھائی میں پارٹی سربراہ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔یوں مرکزی سیاست میں اہم ترین منصب پر فائز ہونے سے قبل وہ ملک کے کئی علاقوں میں انتظامی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کئی کامیابیاں سمیٹ چکے تھے اور انہی کہانیوں کو کتابی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ تازہ ترین جلد میں 3 فروری 2020 سے 10 مئی 2022 تک صدر شی کے اہم خطابات اور تحریری تخلیقات کے 109 ٹکڑوں کے ساتھ ساتھ جنوری 2020 سے لی گئی 45 تصاویر بھی شامل ہیں۔ موضوع کے لحاظ سے اس جلد کو 21 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

یہ دو سال اس لحاظ سے بھی اہم ہیں کہ اس دوران شی جن پھنگ نے عہد حاضر کی بڑی تبدیلیوں سے نمٹنے اور نئے امکانات کی جستجو میں پارٹی اور عوام کی دلیرانہ انداز سے رہنمائی کی ہے، ساتھ ہی ساتھ پارٹی کی ترقی سے متعلق اہم نظریاتی اور عملی مسائل کا گہرا تجزیہ کیا ہے اور ان کا گہرا جائزہ لیا ہے۔انہوں نے اپنے وژن میں دور اندیشی ، نظریات کی پختگی اور چینی دانش پر مبنی حکمت عملیوں کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف چین اور چینی عوام بلکہ دنیا کے وسیع تر مفاد میں موجودہ مسائل سے نمٹنے اور مستقبل سے متعلق اہم سوالات کے جوابات فراہم کیے ہیں۔

اس تازہ جلد کی ہی بات کی جائے تو یہ خاص طور پر حکومت ، اعلیٰ عہدہ داروں اور عوام کو نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے بارے میں شی جن پھنگ کے افکار کو بہتر طور پر سمجھنے میں انتہائی مددگار ہے۔ساتھ ساتھ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی برادری جہاں چینی سماج کے ترقیاتی تصورات کے بارے میں مزید جان سکے گی وہاں انہیں چین کی اعلیٰ قیادت کے وژن اور فیصلہ سازی سے متعلق بھی بروقت آگاہی ملے گی۔چین چونکہ ایک بڑا اور ذمہ دار ملک ہے اور یہاں کیے جانے والے فیصلوں کے دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں لہذا دنیا چین سے متعلق تازہ ترین پیشرفت ، گورننس اور نظریات سے متعلق بھی باخبر رہ سکتی ہے۔ مجموعی اعتبار سے یہ کتب صدر شی جن پھنگ کی طرز حکمرانی کی عکاسی کرتی ہیں، جس میں ہمیشہ وسیع نقطہ نظر اور طویل المدتی سوچ، لوگوں کے معاش کے لیے اُن کی گہری فکر، حقیقت پسندانہ اور عملی نقطہ نظر، تخلیقی صلاحیت اور ذمہ داری قبول کرنے کی ہمت شامل ہے۔ چینی صدر کا پختہ اعتماد ، عوام کی فلاح و بہبود کے وژن کے ساتھ ساتھ ان کا زاتی کردار ،سرکاری امور کی انجام دہی کا فلسفہ اور مختلف عہدوں پر حاصل کردہ ٹھوس نتائج کی عملی شکل ان کتب میں دیکھی جا سکتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے قارئین ان کتب میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور چین سے متعلق اپنے فہم کو وسعت دے رہے ہیں۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1389 Articles with 666402 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More