اسکول جانے والے بچوں کو یہ باتیں کبھی نہ کہیں۔۔۔ والدین کی چند چھوٹی چھوٹی غلطیاں جو بچوں کو بڑا نقصان پہنچاتی ہیں

image
 
بچوں کی پرورش یقیناً ایک محنت اور توجہ طلب کام ہے اور ہر والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے بچے اچھی تعلیم حاصل کریں اور اس کے لئے والدین اپنی کئی خواہشات کا گلہ گھونٹ کر بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں- لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کی کون کون سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں آپ کے بچوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
 
اسکول جاتے وقت رونا
اسکول جاتے وقت بچوں کے رونے سے تو ہم سب ہی واقف ہوں گے کیونکہ بچے جب پہلی بار اسکول جاتے ہیں تو نئے ماحول اور والدین سے الگ ہونے کے خوف سے روتے ہیں- لیکن حیرت کی بات تو یہ ہے کہ اسکول کے گیٹ پر اکثر بڑے بچوں کو بھی اداس اور روتا ہوا دیکھا جاتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو بہت زیادہ حساس اور جذباتی بنا دیتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ آپ کو چھوڑنے میں مشکل محسوس کرتا ہے تو آپ اسے یہ نہ کہیں کہ میں بھی تمہیں یاد کروں گا بلکہ اس کو حوصلہ دیں اور کہیں کہ ہم پھر ملیں گے تاکہ آپ کا بچہ اسکول میں اداس نہ رہے کیونکہ اسکول میں اداس رہنے والے بچے اکثر پیچھے رہ جاتے ہیں۔
 
ہوم ورک یا ٹائم مینجمنٹ میں مدد
اکثر والدین بچوں کو اسکول یا ٹیوشن پڑھا کر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجاتے ہیں- لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے بلکہ آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ جب آپ کا بچہ گھر میں اسکول کا کام کررہا ہو تو اس کی نگرانی کریں اور اس کو وقت پر کام ختم کرنے کی عادت ڈالیں- تاہم افراتفری مچانے کے اور اسے یہ کہنے کے بجائے کہ خود کرلو اپنا کام اس کے کام کرنے میں بچے کی مدد کریں اور جہاں رہنمائی کی ضرورت ہو اس کی رہنمائی کریں ہر چیز اسکول یا ٹیوشن پر مت چھوڑیں۔
 
image
 
اسکول سے ڈرانا بند کردیں
غلطیوں پر اکثر والدین بچوں کو اسکول میں شکایت کی دھمکی دیتے ہیں اور اگر آپ بھی ایسا کرتے ہیں تو یہ عادت فوری ختم کردیں ورنہ آپ کے بچے کے دل میں اسکول کا خوف بیٹھ جائیگا اور وہ کبھی بھی اسکول میں خود کو بہتر محسوس نہیں کرسکے گا- اور اس کو دوست بنانے کے حوالے سے مجبور نہ کریں بلکہ اس کو آزادی سے ماحول میں ایڈجسٹ ہونے کا موقع دیں تو آپ کا بچہ زیادہ اچھی طرح ماحول کا حصہ بن جائے گا۔
 
سامان خرید کر دیں
چھوٹے بچے اکثر اپنی پنسل اور دوسری چیزیں گم کردیتے ہیں اور والدین بار بار تقاضہ کرنے پر اکثر نظر انداز کردیتے ہیں یا پھر ٹال مٹول سے کام لیتے ہیںجس سے اسکول میں آپ کے بچے کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جو کسی بھی صورت بچے کیلئے ٹھیک نہیں کیونکہ بار بار ایسا ہونے سے آپ کے بچے کے ذہن پر منفی اثر پڑتا ہے اور وہ سے بھی کھچا کھچا رہے گا- اس کیلئے ضروری ہے کہ اسکول یا ٹیوشن جانے سے پہلے آپ ان کی چیزیں خود دیکھیں اور اگر کوئی چیز کم ہو تو اس کو لے کر دیں تاکہ بچے کو کسی سے مانگ کر شرمندگی نہ ہو۔
 
بچوں کا شیڈول بنائیں
اسکول کے بچوں کو اکثر گھر میں چڑ چڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاتا ہے کیونکہ جب چیزیں بغیر شیڈول کے ہوں تو ذہن بھٹکتا رہتا ہے، کوشش کریں کہ اپنے بچے کی روٹین کو سیٹ کریں اور ہر کام کیلئے وقت مقرر کریں تاکہ بار بار تاکید کی وجہ سے بچہ چڑچڑا نہ ہو اور اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا سیکھ سکے۔
 
image
 
 غیر ضروری چھٹیاں
اکثر والدین کسی بھی وجہ سے بچوں کو اسکول سے چھٹی کروا دیتے ہیں اور یہاں سب سے بڑی غلطی یہ ہوتی ہے کہ آپ بچوں کے سامنے اسکول کو غیر اہم بیان کرتے ہیں کہ اگر چھٹی ہو بھی جائے تو کوئی مسئلہ نہیں- لیکن یہ یاد رکھیں کہ اسکول نہ جانے سے بچوں کی تعلیم کا حرج ہوتا ہے اور آپ کے غیر سنجیدہ رویہ کی وجہ سے سیکھ کر کئی بار بچے کوئی بہ کوئی بہانہ تراش کر اسکول جانے سے کتراتے ہیں۔ کوشش کریں کہ اسکول سے متعلق کوئی مشورہ کریں تو بچوں کے سامنے نہ کریں کیونکہ اس سے ان کی نظر میں اسکول کی اہمیت کم ہوجائے گی اور وہ بہانے باز بن سکتے ہیں۔
 
اساتذہ کو برا کہنا
اسکول میں کسی بھی واقعہ یا بدمزگی کی بنیاد پر اساتذہ کی تضحیک سے گریز کریں اور بچوں کے سامنے کبھی بھی اساتذہ کے بارے میں ریمارکس نہ دیں ورنہ آپ کے بچے کے دل سے استاد کی عزت ختم ہوجائے گی اور اس کا رویہ ٹیچر کے ساتھ خراب ہوسکتا ہے- جس سے آپ کے بچے کو ہی نقصان ہوگا بلکہ بچے کے سامنے ہمیشہ اسکول اور ٹیچرز کا مثبت رخ پیش کریں تاکہ آپ کا بچہ ہمیشہ اسکول اور اساتذہ کا احترام کرنا سیکھے۔
YOU MAY ALSO LIKE: