شاعر ابو نواس کے شعر میں ضیاع اور ضیاء کا فرق

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ عرب کا مشہور زمانہ شاعر ابو نواس بادشاہ وقت کے دربار میں کلام سنانے کی غرض سے حاضر ہوا بادشاہ اپنی کالے رنگ کی لونڈی خالصہ کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا جو قیمتی موتیوں کا ہار پہنے ہوئے تھی.

بادشاہ لونڈی کے ساتھ راز و نیاز کی باتیں کرتا رہا اور ابو نواس کی طرف توجہ نہ دی.
ابو نواس مایوس ہوکر واپس لوٹا تو دربار کے بڑے دروازے پر یہ شعر لکھا:

ضیاع شعری علی بابک
کضیاع عقد علی الخالصہ

ترجمہ:

میری شاعری تمہارے دروازے پر ایسے ضائع ہوئی جیسے قیمتی موتیوں کا ہار تیری اس (کالی کلوٹی لونڈی) خالصہ پر ضائع ہوا.

دربان نے پڑھا تو فوراً بادشاہ کے پاس پہنچ کر خوش آمدانہ انداز میں شکایت کی کہ ابو نواس تیری ہجو لکھ گیا ہے. اور وہ شعر سنایا.
بادشاہ کو غصہ آیا اور اسے پکڑ لانے کا حکم جاری کیا.
ہرکارے نے تیز رفتار شاہی گھوڑے پر سوار ہوکر اس کا پیچھا کیا جبکہ ابونواس کا گھوڑا کمزور اور سست رفتار تھا اور جلد ہی اسے جا لیا.
اور پکڑ کر بادشاہ کے حضور پیش کرنے کے لیے لے آیا. ابو نواس حالات کی نزاکت سمجھ گیا اور دروازے سے داخل ہوتے ہوئے چابک دستی سے
شعر میں دونوں جگہ ضیاع میں ع کا دائرہ مٹا کر ء بنا دیا اور اندر چلا گیا.
دربار میں پیش ہوتے ہی بادشاہ نے غیض و غضب سے پوچھا کہ اے ابو نواس تجھے میری ہجو لکھنے کی جرات کیسے ہوئی؟
ابو نواس نے دھیمے لہجے میں کہا کہ حضور میں نے ہجو نہیں لکھی بلکہ تعریف لکھی ہے.
بادشاہ نے دربان کی طرف دیکھا اور اشارے سے شعر پڑھنے کو کہا.
دربان نے جو دیکھا اور پڑھا تھا وہی سنایا جس میں ضیاع کا لفظ تھا.
بادشاہ پھر غصے سے ابو نواس کی طرف متوجہ ہوا اور سر کے اشارے ابو نواس نے جواب طلب کیا.
تو ابو نواس گویا ہوا
جاں پناہ دربان نے شعر غلط پڑھا ہے دراصل شعر یوں ہے:

ضیاء شعری علی بابک
کضیاء عقد علی الخالصہ

ترجمہ:
میری شاعری تمہارے دروازے پر ایسے چمک رہی ہے جیسے قیمتی موتیوں کا ہار تیری اس (خوبصورت لونڈی) خالصہ پر چمک رہا ہے.

یہ سن کر بادشاہ موقع ملاحظہ کرنے کے لیے اٹھ کھڑا ہوا. اور دروازے پر پہنچ کر شعر دیکھا تو ع کی بجائے تو ء لکھا تھا.
بادشاہ اگرچہ ابو نواس کی پھرتی سمجھ گیا لیکن اس کی دانائی قابلیت اور فن شاعری پر عبور سے متاثر ہوکر انعام و اکرام سے نوازا اور شاہی اصطبل سے اعلیٰ نسل کا گھوڑا بھی عنایت کیا.
اور ابو نواس دل کی مراد پا کر مسکراتا ہوا اپنی اگلی منزل کی طرف بڑھ گیا.


 

Qazi Nadeem Ul Hassan
About the Author: Qazi Nadeem Ul Hassan Read More Articles by Qazi Nadeem Ul Hassan : 155 Articles with 166038 views Civil Engineer .. View More