گنج بخش فیض عالم ؒ


میں مختصر قافلہ شوق کے ساتھ تاریخ انسانی کے سب سے بڑے اور آسمان تصوف کے سب سے روشن ستارے حضرت سید علی ہجویری ؒ کے سالانہ عرس مبارک پر حاضر تھا پروانوں دیوانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر مزار اقدس کا طواف کر رہا تھا دیوانوں پروانوں تشنگان روحانیت کا جوش جذبہ دیکھ کر میں روحانیت فقر کے منکرین کی عقل پر ماتم کر رہا تھا اِس کامل درویش کو مٹی کی چادر اوڑھے اب ہزار سال ہو نے کو ہیں لیکن محبوبیت ہر دلعزیزی شہرت ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہونے کی بجائے بڑھتی ہی جارہی ہے سید علی ہجویری ؒ غزنی کے علاقے ہجویر میں 400ھ میں پیدا ہوئے جس کی وجہ سے آپ کو ہجویری ؒ کہا جاتا ہے والد محترم کا نام سید عثمان تھا آپ ؒ کا سلسلہ نسب حضرت امام حسن ؓ سے جا کر ملتا ہے تاریخ کے بعض تذکروں میں آپ ؒ کو جلالی بھی کہا جاتا ہے کیونکہ آپ ؒ کے والد محترم جلاب کے رہنے والے تھے بعض تاریخ نوسیوں کے بقول ہجویر اور جلاب غزنی کے دو مشہور محلے تھے آپ کی کنیت ابو الحسن تھی آپ فقہی اعتبار سے امام اعظم حضرت ابو حنیفہ ؒ کے مسلک کی پیروی کر تے تھے راہ سلوک کے مسافروں کے لیے جو فطری بے چینی اضطراب تلاش کھوج ضروری ہوتی ہے قدرت نے آپ کو اِس سے مالا مال پیدا کیا تھا اِسی روحانی تشنگی کو بجھانے کے حصول علم کے لیے آپ ؒ نے بہت مشقتیں برداشت کیں ‘ ہوش سنبھالتے ہی ہجرت پر ہجرت کرتے چلے گئے کبھی خراسان کو اپنا مسکن بنایا یہاں تسکین نہیں ملتی تو ماورا انہر کی راہ لیتے ہیں جہاں کسی اہل علم روحانی شخصیت کا پتہ چلا اُس کے دروازے پر سوالی بن کر دستک دیتے اِس طرح آپ کے اساتذہ کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن زیادہ مذہبی علوم میں آپ کے استاد شیخ ابوالقاسم کر گانی تھے جن کا ایک بہت مشہور قول ہے جو اہل تصوف کے لیے ہر دور میں مشعل راہ کا کام کرتا ہے آپ فرماتے ہیں تصوف کے راستے پر مرشد کی رضا سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں پس فقیر کو چاہیے ہر وقت مرشد کو اپنے پاس ہی سمجھے آپ کے استاد کاایک اور قول بہت مشہور ہے مرشد میں خواہشات نفسانی کے دریا کے پار اترنے کی صلاحیت موجود ہونی چاہیے کیونکہ اگر مرشد خود ماہر تیراک نہیں تو ایک خود تو ڈوبے گا ہی مرید کو بھی ڈبو دے گا مذہبی علوم حاصل کرنے کے بعد جب آپ نے کوچہ فقر راہ تصوف کا طالب بننے کا فیصلہ کیا تو آپ حضرت ابو الفضل بن حسین ختلی ؒ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر بیعت ہو گئے جن کا روحانی سلسلہ حضرت جنید بغدادی ؒ سے ملتا ہے آپؒ کے مرشد ایک کامل درویش تھے آپؒ غلاموں کی طرح ہر وقت مرشد کے ساتھ لگے رہتے آپ اپنے مرشد کے بارے میں فرماتے ہیں کہ میرے مرشد دنیا سے بے نیاز اور حق تعالی کے جلوؤں میں مستغرق رہتے تھے رسمی جو گیوں صوفیوں جھوٹے بزرگوں سے بہت سختی سے پیش آئے تھے آپ بہت پر جلال بزرگ اور دنیا داری کے تقاضوں سے پاک تھے سید علی ہجویری ؒ اپنے مرشد کے بارے میں فرماتے ہیں ایک دن میں وضو کے لیے اپنے مرشد پاک ؒ کے ہاتھ دھلا رہا تھا کہ دل میں خیال آیا جب ہر کام تقدیر پر منحصر ہے تو پھر ہم شاگرد ہر وقت غلاموں کی طرح کیوں مرشد کا طواف کر تے ہیں یہ خیال میرے دل میں گزرا لیکن روشن ضمیر مرشد کریم میرا خیال پڑھ لیا میری طرف محبت سے دیکھا اور تبسم آمیز لہجے میں بولے برخوردار جو کچھ تمہارے دل میں ہے مجھے سب پتہ ہے مگر ہر حکم کے لیے کوئی نہ کوئی سبب درکار ہو تا ہے جب خالق کائنات کسی کو تخت و تاج دینا چاہتا ہے تو پہلے اُس شخص میں تخت و تاج سنبھالنے کی عقل صلاحیت پیدا کر تا ہے پھر وہی خدمت اُس کی بزرگی کا باعث بن جاتی ہے سید علی ہجویری ؒ کے تقوے پرہیز گاری کا یہ عالم تھا کہ چھپن سال ایک ہی لباس زیب تن رکھایہاں تک کہ لباس بو سیدہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سے پھٹ گیا لیکن آپ پیوند لگا لیتے یہاں تک کہ پیوند اِس قدر بڑھ گئے کہ اصل لباس چھپ گیا تقوے کے اِس پہاڑ کی آغوش میں سید علی ہجویری ؒ نے فقر کی منازل طے کیں جب سید علی ہجویری ؒ کامل ہو گئے روحانیت فقر کی تمام منازل طے کر گئے تو آپ کی زندگی کا اہم موڑ آیا جب شہر لاہور کی قسمت بلکہ برصغیر پاک و ہند کی قسمت بد ل گئی وہ سر زمین جو ہزاروں سالوں سے بت پرستی شیطانی آلہ کاروں کے چنگل میں پھنسی ہوئی تھی بت پرستوں کے گلی کوچوں میں واحدانیت کی صدا گونجنے کا وقت آگیا تو حید کے سورج طلوع ہو نے کا وقت آگیا آپ ؒ نے اپنے مرشد کریم کے قدموں میں بیٹھے ان کے پاؤں مبارک دبا رہے تھے کہ مرشد کریم ؒ نے شفیق محبت بھری سے دیکھتے لبوں سے کہا اے میرے روحانی فرزند اب تمہاری روح لطیف ہو چکی ہے قلب مضبوط ہو چکا ہے اب تم اِس خار زار ہستی سے سلامتی کے ساتھ گزر جاؤ گے اب تم مکمل ہو چکے ہو اب تمہارا لوگوں کی رشد و ہدایت کا علم بلند کر سکتے ہو اب تم بت پرستوں کو توحید کا رنگ چڑھا سکتے ہو یہ سن کر علی ہجویری ؒ بولے یہ میرے شہنشاہ کی توجہ اور دعاؤں کا ثمر ہے تو مرشد بولے فرزند اگر حق تعالی نے تمہیں پھل لگا دیا ہے تو اب تمہارا بھی یہ فرض ہے کہ تم بھی اِس پھل سے لوگوں کو فائدہ پہنچاؤ توحضرت سیدعلی ہجویری ؒ ادب سے لبریز لہجے میں بولے جو میرے مالک شہنشاہ کا حکم تو مرشد بولے علی اب تم کو مجھے چھوڑ کر لاہور جانا ہو گا وہاں پر مخلوق تمہاری منتظر ہے روحانیت حق کے متلاشی چشمہ فیض کی تلاش میں در بدر بھٹکتے پھر رہے ہیں لیکن ان کی پیاس بجھانے والا کوئی نہیں ہے سید علی ہجویری ؒ سر سے پاؤں تک مرشد کے عشق میں غرق تھے چوبیس گھنٹے مرشد کے ساتھ سائے کی طرح لگے رہتے ٹکٹکی باندھے ہر وقت آنکھوں کی پیاس بجھاتے اِس خیال سے ہی روح تڑپ گئی کہ اب مرشد کے چہرہ انور کا دیدا ر نہیں ہو گا لیکن مرشد کے حکم سے پتہ چل چکا تھا کہ اب جدائی قریب آگئی ہے مرشد کے قدموں کی عقیدت سے پکڑ کر بو سہ لیا اور رقت انگیز لہجے میں بولے مالک آپ قدموں سے جدا ہو کر زندہ کیسے رہ پاؤں گا میں آپ کی خدمت کر نا چاہتا ہوں تو مرشد بولے علی اب میری خدمت ہی ہے کہ تم لاہور چلے جاؤ یہی میرا حکم ہے تو حضرت سید علی ہجویری ؒ بولے اِس خادم کی یہ مجال کہاں کہ آپ کے حکم سے انکار کی جرات کر سکوں پھر ہندوستان کی تاریخ کا وہ عظیم سورج ایمان کا سورج طلوع ہوا جس کی ایمانی کرنوں سے بت پرستی کے ایوانوں میں توحید کے نغمے کی آواز گونجنے لگی 431ھ میں تاریخ انسانی کے عظیم ترین بزرگ لاہور تشریف لاتے ہیں وہ دن اور آج کا دن صدیوں پر صدیاں چڑھتی چلی گئیں وقت کی آندھیاں زلزلے سیلاب سب کچھ بہا کر لے گئے زمانوں پر زمانے کروٹے لیتے گئے صدیوں کے غبار نے بڑے بڑے حکمرانوں کی شہرت کو دھندلا کر رکھ دیا لیکن سید علی ہجویری ؒ کی شہرت کا سورج ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید روشن ہو تا جا رہا دنیا جہاں سے دیوانے پروانے غیر مرئی عشق کی زنجیر میں بندھے مزار اقدس کی طرف چلے آتے ہیں اِیسی ہر دلعزیزی محبوبیت کسی دوسرے کو نصیب نہ ہو ئی رنگ برنگ کے دیوانے پروانے مستانے سید زادے کے عشق میں عقیدت جھومتے دھمال ڈالتے اِس کامل درویش کی بارگاہ میں آتے آج ہم بھی اُن غلاموں میں شامل دامن مراد پھیلائے کھڑے تھے جس کے بارے میں شہنشاہ اجمیر خواجہ معین الدین ؒ نے کہاتھا
گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا
ناقصاں را پیر کامل کاملاں را راہنما
 

Prof Abdullah Bhatti
About the Author: Prof Abdullah Bhatti Read More Articles by Prof Abdullah Bhatti: 805 Articles with 735779 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.