اپنی پہلی فلم سے قبل نام اور مذہب تبدیل کر لیا ۔۔ اے آر رحمان کو والدہ کا کونسا حکم ماننا سب سے مشکل لگا

image
 
موسیقار اے آر رحمن جن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہیں آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے جو ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے اے آر رحمن جن کا اصل نام اللہ رکھا رحمن ہے ان کے بارے میں اکثر لوگ یہ تو جانتے ہیں کہ انہوں نے ہندو مذہب چھوڑکر اسلام قبول کیا مگر یہ سب کیسے ہوا اس کے بارے میں کم ہی لوگ جانتے ہیں-
 
اے آر رحمن کی ابتدائی زندگی
اے آر رحمن جن کا اسلام قبول کرنے سے قبل نام آے ایس دلیپ کمار تھا ہندوستان کے علاقے تامل ناڈو مدراس میں ایک ہندو گھرانے میں پیدا ہوئے- ان کے والد آر کے شیکھر ایک موسیقار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور چار سال کی عمر سے ہی اے آر رحمن نے بھی پیانو بجانا سیکھنا شروع کر دیا اور بچپن ہی سے والد کے ساتھ موسیقی سیکھنے میں لگ گئے اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی سلسلہ بھی جاری رہا-
 
نو سال کی عمر میں جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو یہ واقعہ ان کے خاندان کے لیے ایک سانحہ سے کم نہ تھا اور انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ مل کر موسیقی بجانے اور والد کے موسیقی کے سامان کو کرائے پر دینے کا کام شروع کر دیا مگر اس سے آمدنی بہت محدود تھی۔
 
image
 
اے آر رحمن کی توجہ ان حالات کے سبب تعلیم پر سے کم ہوتی گئی جس وجہ سے ایک دن ان کے اسکول کی پرنسپل نے ان کی والدہ کو مشورہ دیا کہ اس بچے کو کسی سگنل پر کھڑا کر کے بھیک منگوا لیں اس سے آپ کے معاشی حالات بھی بہتر ہو جائيں گے کیونکہ یہ پڑھنے والا نہیں ہے-
 
موسیقی کی بنیاد پر کالج میں داخلہ
اس کے بعد والدہ نے اے آر رحمن کو دوسرے اسکول میں داخلہ دلوا دیا مگر ان کی توجہ کسی بھی طرح پڑھائی کی جانب نہ تھی یہاں تک کہ ان کو ان کی موسیقی کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کالج میں داخلہ مل گیا جہاں پر انہوں نے پہلا موزیکل بینڈ بنایا-
 
اسلام قبول کرنے کا واقعہ
اے آر رحمن کی زندگی مستقل جدوجہد سے عبارت ہے اسی وقت میں اے آر رحمن کی بہن اس حد تک بیمار ہو گئی کہ ڈاکٹروں نے اسکی زندگی سے مایوسی کا اظہار کر دیا- کسی کے مشورے پر اے آر رحمن اپنی بہن کو لے کر قادری سلسلے کے ایک روحانی بزرگ کے پاس لے کر گئے-
 
image
 
جنہوں نے اپنی روحانی کرامات سے نہ صرف ان کی بہن کا علاج کیا بلکہ انہوں نے اے آر رحمن کے ماضی اور مستقبل کے حوالے سے ایسی باتیں بتائيں جو کہ حرف بہ حرف پوری ہوئيں- جس نے ان کی والدہ کو بہت متاثر کیا اور انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا-
 
والدہ کا حکم
اسی دوران اے آر رحمن جو موسیقی کے شعبے میں اپنی قسمت آزما رہے تھے انہیں ایک تامل فلم کی موسیقی دینے کی ذمہ داری اس وقت کے بڑے پروڈیوسر منی رتنم نے دی۔
 
اس وقت تک اے آر رحمن کا نام ہر جگہ دلیپ کمار ہی تھا۔ اس وقت میں جب کہ اے آر رحمن اسلام قبول کر چکے تھے تو ان کی والدہ نے ان کو حکم دیا کہ وہ اس فلم کی موسیقی دلیپ کمار کے بجائے اے آر رحمن کے نام سے دیں-
 
ان کے قریبی حلقوں نے ان کو ایسا کرنے سے بہت روکا کیوں کہ لوگوں کا خیال تھا کہ اس وجہ سے اے آر رحمن کو کام نہیں ملے گا اور مسلمان ہونے کے سبب فلم انڈسٹری اس کو موقع نہیں دے گی-
 
مگر ان کی والدہ کے حکم کے آگے کسی کی نہیں چلی اور وقت نے ثابت کیا کہ ماں کے اس حکم کی تعمیل کرنے کے بعد ان کی کامیابی کتنی بڑی رہی-
YOU MAY ALSO LIKE: