چین کی ترقی کا ایک نیا تاریخ ساز باب

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی 20 ویں قومی کانگریس اتوار سے بیجنگ میں شروع ہو رہی ہے۔یہاں اگر گزشتہ پانچ سالوں میں سی پی سی کی 19ویں مرکزی کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو کئی حیرت انگیز کامیابیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔پہلی بات تو یہ کہ 19 ویں قومی کانگریس کے بعد ، پچھلے پانچ سال غیر معمولی اور تبدیلیوں سے بھرپور رہے ہیں۔اس عرصے میں صدر شی جن پھنگ کی مرکزی حیثیت سے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے جھنڈے کو بلند کیا۔ اس دوران پوری پارٹی، مسلح افواج اور تمام قومیتوں کے لوگوں کو متحد کرتے ہوئے زبردست قیادت کی گئی تاکہ ایک جامع اعتدال پسند خوشحال معاشرے کی تعمیر کے تاریخی مشن کو مکمل کیا جا سکے اور یقیناً اس بات کا پورا کریڈٹ 19ویں مرکزی کمیٹی کو جاتا ہے جس نے پہلے صد سالہ ہدف کو نہ صرف کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا بلکہ ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر اور دوسرے صد سالہ ہدف کی جانب پیش قدمی سے ایک نئے سفر کا آغاز کیا۔ چین کی جانب سے گزشتہ سال کے اوائل میں ملک سے مطلق غربت کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا جسے دنیا بھر میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے جدید انسانی تاریخ میں ایک معجزے سے تعبیر کیا گیا۔انسداد غربت، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے میں شامل نمایاں ترین ہدف ہے جس کا حصول دنیا بالخصوص ترقی پزیر ممالک کے عوام کی اولین امنگ ہے۔وسیع تناظر میں مقررہ ہدف سے 10 سال قبل دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ رکھنے والے ملک سے انتہائی غربت کا خاتمہ عالمی سطح پر انسداد غربت اور ایک بہتر اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں قابل ذکر شراکت ہے۔تاہم غربت کے خاتمے میں کامیابی کا حصول اس قدر آسان نہ تھا ، دہائیوں کی جدو جہد اور کئی کٹھن مراحل کے بعد بلا آخر کامیابی کا یہ زینہ عبور کیا گیا۔اس کا سہرا یقیناً کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے سر جاتا ہے جس نے انتہائی غربت کے خاتمے اور ایک جامع اعتدال پسند خوشحال معاشرے کی تعمیر کے لیے ملک کے معروضی حالات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھتے ہوئے غربت کے خاتمے کی حکمت عملی وضع کی۔
یہ پانچ سال اس اعتبار سے بھی چیلنجنگ رہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں عالمی گورننس کی بہتری سے متعلق مسائل درپیش رہے۔ کووڈ۔ 19 وبا ، علاقائی تنازعات ، عالمگیریت کے خلاف رد عمل اور دیگر پیچیدہ عوامل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہے اور معیشت ، امن ، سلامتی ، اعتماد سازی کے حوالے سے بھی صورتحال حوصلہ افزا نہ تھی۔ان تمام مسائل اور چیلنجوں کے ساتھ ساتھ بہت سے پیچیدہ مسائل جو ایک طویل عرصے سے حل طلب تھے ان کو بھی حل کیا گیا ہے، نمایاں اور طویل مدتی اہمیت کے بہت سے کام سر انجام دیئے گئے ہیں، اور پارٹی اور ملک کی راہ میں ایسی بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے دنیا کی توجہ حاصل کی ہے. یہ بڑی کامیابیاں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی مضبوط قیادت میں پارٹی کے تمام ارکان اور تمام چینی عوام کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں جس میں مرکزی کردار شی جن پھنگ ہیں اور ایک نئے دور کے لئے چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے بارے میں شی جن پھنگ کی رہنمائی ہے۔

اسی طرح یہ امر بھی قابل زکر ہے کہ مرکزی کمیٹی کے تحت پارٹی کے انضباطی معائنہ کمیشن نے بھی ملک گیر خود اصلاحی اور جامع ، مضبوط سیلف گورننس کی روشنی میں پارٹی کے تزویراتی فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کیا ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں نہ صرف ایک زبردست فتح حاصل کی گئی ہے بلکہ شفافیت کے فروغ اور انسداد بدعنوانی کے دائرہ کار کو مزید وسیع اور مستحکم کیا گیا ہے۔ان کامیابیوں کی روشنی میں چینی عوام پراعتماد ہیں کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں قومی کانگریس ملک و قوم کے لیے نئے ثمرات لائے گی اور ترقی کے جاری سفر کو مزید توانائی ملے گی جس سے عوامی خوشحالی کا ایک نیا باب رقم ہو سکےگا۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431326 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More