" />

" سیرت انسائیکلو پیڈیا پروجیکٹ" اور جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب

عظیم الشان علمی و تحقیقی منصوبہ
" سیرت انسائیکلو پیڈیا پروجیکٹ" اور جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب

سیرت انسائیکلو پیڈیا پروجیکٹ

عظیم الشان علمی و تحقیقی منصوبہ
" سیرت انسائیکلو پیڈیا پروجیکٹ" اور جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب
جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک معروف مفکر ،محقق اور عالم دین ہیں۔آپ سادہ طبعیت ، شائستہ زبان اورعمدہ اخلاق کے مالک ہیں۔ نسبت وتعلق اکابر علمائے دین کے خانوادے سے ہے،آپ کےوالد محترم شیخ الحدیث والتفسیر علامہ سعیدالرحمٰن ؒ پاکستان کے نامور عالم دین،درس نظامی کے بہترین مدرس اور ہزاروں علمائے کرام کے استاد رہے ۔ڈاکٹر صاحب کے دادا مولانا محمد اسماعیل علم الرؤیا(خوابوں کی صحیح تعبیر بتانے) کے ماہر تھے، لوگ اُنہیں سیرین وقت قرار دیتےتھے۔ آپ کے پردادا حاجی عبد اللہ عظیم المرتبت روحانی شخصیت،ہزاروں مریدین کے مرشداور لاکھوں لوگوں کے لیے روحانی فیوض و برکات کا مرکز تھے۔اسی طرح ڈاکٹر صاحب کا ننھیال بھی سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے بزرگوں کا گہوارہ رہا اور ہے۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب نے ابتدائی دینی تعلیم اپنے والد محترم سے حاصل کی جبکہ مروجہ علوم و فنون،دورہ حدیث اور تخصص فی القرآن کی تکمیل عالم اسلام کی نامور در سگاہ جامعہ علیمیہ اسلامیہ ،المرکز الاسلامی سے مکمل کی۔میٹرک کے بعد ایف۔اے اور بی۔اےگورنمنٹ اسلامیہ کالج،کراچی سے کیا اور ایم۔اے اور پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگری جامعہ کراچی سے حاصل کی۔ڈاکٹر صاحب نے اپنی تدریسی زندگی کی ابتداء جامعہ علیمیہ اسلامیہ سے کی۔آپ اُنیس سال تک کراچی کے ایک نامور اولیول اور اے لیول ادارے میں مدرس اورپھر صدر مدرس کے طور پر وابستہ رہے ۔آپ نے کئی نجی جامعات،کلیات اور اداروں کے ساتھ اعزازی استاد اور مشیر تعلیم کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن اُردو کے بہترین ادیب اور خطیب ہیں۔انگلش اور عربی زبان بھی روانی سے بولنے اور لکھنے پر قدرت رکھتے ہیں۔آپ اور ڈاکٹر ثاقب محمد خان صاحب نے کمیرج کے او لیول کے نصاب کے لیے اسلامیات کی کتاب لکھی جس کو کیمرج بین الاقوامی امتحانی بورڈ نے دنیا بھر میں او لیول اسلامیات کے طلبہ کے لیے مفید کتاب کے طور پر نامزد کیا ہے ۔آپ پاکستان کے مشہور ٹی وی چینلز پر بھی بہت سے پروگراموں میں شرکت کرچکے ہیں جن میں کیوٹی وی ،جیو نیوز اورنور ٹی وی وغیرہ شامل ہیں ۔آپ نے جناب عمران قریشی صاحب کے ساتھ مل کر "دلشاد بیگم فاؤنڈیشن" کی بنیاد رکھی،جو معاشرے میں تعلیم کو عام کرنے،ضرورت مندوں کی کفالت، بیماروں کے علاج معالجے اور ناداروں کو راشن فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے ۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب ڈی بی ایف سیرت انسائیکلوپیڈیا پروجیکٹ (سیرت ریسرچ سینٹر) کے بانی،محرک اورفکرو رجحان ساز ہیں۔ سیرت انسائیکلو پیڈیا، سیرت طیبہ ﷺ کے موضوع پر اپنی نوعیت کا ایک بے مثال منفرد اور تاریخ ساز کام ہے جس کے مخاطب مسلمان اور غیر مسلم دونوں ہی ہیں۔یہ انسائیکلوپیڈیا کم و بیش ایک سو پچاس جلدوں پر مشتمل اسلامی تاریخ کا سیرت طیبہ پر سب سے بڑا علمی و تحقیقی منصوبہ ہے۔
اب تک مجموعی طور پر اِس انسائیکلو پیڈیاکی سات جلدیں (پانچ اُردو اور دو انگریزی) میں منظر عام پر آچکی ہیں۔ہر جلد کی ضخامت کم و بیش ایک ہزار صفحات سے زائدہے۔ابتدائی طور پر اس انسائیکلو پیڈیا کو اُردو اور انگلش دو زبانوں میں پیش کیا جار ہا ہے،بعد ازاں اسے دنیا کی سولہ ،سترہ بڑی زبانوں میں بھی پیش کرنے کی نوید ہے۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن سیرت انسائیکلوپیڈیا پروجیکٹ کی تمام جلدوں کو متعدد زبانوں میں دنیا بھر کے قارئین کے لیے Wikipedia کی طرز پربلا معاوضہ Online مہیا کرنے کا بھی عزم رکھتے ہیں۔جس کے نتیجے میں مستقبل قریب میں دنیا بھر کے محققین،مفکرین،کالج اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، اور ہرعام وخاص اِس سے بھر پور استفادہ کرسکیں گے۔
اِس سیرت انسائیکلوپیڈیا کو مرتب کرنے کا مقصدِ حقیقی یہ ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ،آپ ﷺ کی صفاتِ عالیہ، اخلاقِ عظیمہ، افعال و اقوال مبارکہ، اور آپ کی ذات ورسالت کی جامعیت، کاملیت، خاتمیت، افضلیت،آپ ﷺ کے اُسوہ حسنہ اور سیرتِ مبارکہ کی مختلف جہات پر مشتمل ایسا حسین علمی وتحقیقی گلدستہ ترتیب دیا جائے، جس کے ذریعے آپ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ اور آپ ﷺ کی نبوت کی عظمت کے نقوش دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکاروں اور تمام انسانوں کے لیے تحریری و تحقیقی سطح پر اُمتِ مسلمہ کی طرف سے بطور ہدیہ پیش کرنے کی سعادت حاصل ہو۔
یہ سیرت انسائیکلو پیڈیا پروجیکٹ(سیرت ریسرچ سینٹر) جناب محمد عمران قریشی صاحب کی زیرسرپرستی کام کررہاہے ۔اُنھوں نے اپنی جان و مال کو اِس پروجیکٹ اور ریسرچ کے لیےوقف کررکھا ہے۔ محترم ڈاکٹر حبیب الرحمٰن اِس کے مدیر اعلیٰ ہیں جبکہ ڈاکٹر مفتی عمران خان اور صاحبزادہ مفتی سید شاہ رفیع الدین ہمدانی صاحب مدیران کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سیرت انسائیکلو پیڈیا کے ساتھ ادارہ سیرت اکیڈمی ، عظیم الشان سیرت النبیﷺ لائبریری اور بین الاقوامی سیرت ریسرچ سینٹر کے قیام کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں سیرت النبی ﷺ فاصلاتی تعلیمی کورسز،اور جامع سیرت اٹلس کی تیاری بھی ادارے کے منصوبوں میں شامل ہے۔ ڈی بی ایف سیرت ریسرچ سینٹر ایک ایسا غیر منافع بخش علمی و تحقیقی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصدسیرت طیبہ ﷺ اور سیرت نگاری کا فروغ ہے۔
حضورخاتم النبیین ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت و محبت پیش کرنا اور آپ کی مدح و توصیف بیان کرنا ایک عظیم عمل ہے۔ رسول اللہ ﷺ کائنات کی واحد ہستی ہیں جن کی مدح وتوصیف میں سب سے زیادہ لکھا گیا اور یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ سیرت کے موضوع پر مختلف زبانوں اور زمانوں میں طبع ہونے والی کتابیں شمار و تعداد سے باہر ہیں ۔اِس موضوع پر جتنی کتابیں بھی لکھی گئیں یالکھی جا رہی ہیں،ہر کتاب کی اپنی معنوی و موضوعاتی خوبصورتی ہے، جو ایک کو دوسرے سے جدا کرتی ہے۔
لیکن سیرت انسائیکلو پیڈیا اپنے خوبصورت علمی،دینی اور تحقیقی کام کی وجہ سے احیائے اسلام کی عالمی تحریک بن چکا ہے۔یہ سیرت انسائیکلوپیڈیا ایک شاہکار پروجیکٹ ہے۔ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب فرماتے ہیں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک جامع اور مستند کتاب کی تیاری میری دیرینہ خواہش اور اُس کی تکمیل کی تمنا و آرزو ہے ۔آپ کہتے ہیں اسلام کی تاریخ میں سیرت کے موضوع پر بے شمار کتابیں لکھی گئیں لیکن سیرت انسائیکلو پیڈیا اُن سب سے مختلف ،منفرد اورجدا ہے ۔اِس کی سب سے بڑی خوبی، خصوصیت اورانفرادیت یہ ہے کہ یہ فرد واحد کی نہیں بلکہ متعدد ریسرچ سکالر،جید علماء کرام ،مورخ ، محقق اور جغرافیہ دان کی مسلسل انتھک محنت،اجتماعی سوچ،کوشش اورکاوشوں کا ثمر ہے۔اِس میں نہ صرف جامعیت،ثقاہت اور علمی حیثیت کو ملحوظ رکھا گیا ہے بلکہ اِس کی ایک ایک سطر مستند اور پوری چھان بین کے بعد ضبط تحریر میں لائی گئی ہے اور سیرت سے متعلقہ تمام تر واقعات قرآن مجید ،صحیح احادیث مبارکہ اور سیرت و تاریخ کی مستند کتب سے باحوالہ ماخوذ ہیں۔یہ وہ خوبی ہے جو اِسے دیگر سیرت انسائیکلوپیڈیا سے ممیز وممتاز کرتی ہے۔
گزشتہ روز اِس عظیم علمی وتحقیقی ادارے میں جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن صاحب اور جناب مفتی سیدشاہ رفیع الدین ہمدانی صاحب سے تفصیلی ملاقات کا موقع ملا ۔ڈاکٹر صاحب نے اِس منصوبے کی اہمیت افادیت اور عصر حاضر میں ضرورت پرآگاہی دیتے ہوئے ادارے کےزیر تکمیل اور آئندہ منصوبوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
ادارے میں ہم ناچیز کی آمد اور دلچسپی کو سراہا ،اپنی محبت ،شفقت اور اخلاص سے بہرہ مند فرمایا۔اور خاطر تواضع کے ساتھ سیرت انسائیکلو پیڈیا کی"جلد سوم و پنجم" کے شاندار علمی وتحقیقی تحفے سے نواز کر اب تک طبع شدہ ہمارے نامکمل سیٹ کو بھی مکمل فرمایا۔جس پر ہم ڈاکٹر صاحب اور مفتی سید شاہ رفیع الدین صاحب کے بے حد مشکوراور دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ، جملہ مقاصد میں ادارے کو کامیابی و کامرانی کے ساتھ جناب ڈاکٹر حبیب الرحمٰن،جناب مفتی سیدشاہ رفیع الدین ہمدانی و ڈاکٹر مفتی عمران خان سمیت ادارے کے جملہ معاونین و مخلصین کو اِس کی برکتیں نصیب فرمائے ہوں۔ اور ہم جیسے عاجزو ناکاراؤں کو اِس عظیم الشان کام میں حسب اسطاعت اپنا حصہ ملانے کی توفیق ِرفیق عطا فرمائے۔
آمین بحرمۃ سیدالمرسلٰین ﷺ
M.Ahmed Tarazi
About the Author: M.Ahmed Tarazi Read More Articles by M.Ahmed Tarazi: 319 Articles with 366056 views I m a artical Writer.its is my hoby.. View More