مودی کی فاشسٹ حکومت میں اداروں پر شرپسند قابض


ہندوستان میں مودی کی فاشسٹ حکومت میں نام نہادجمہوریت ایک عالمی عوامی برائی بن چکی ہے، عوام ٹیکس دینے سے انکار کر رہے ہیں،ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔جس کا برملا اظہار اپوزیشن لیڈر اورکانگریس کے صدر راہول گاندھی نے دنیا کے سامنے کیا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں سیاست دانوں، ہندوستانی تارکین وطن ، طلباء اور ماہرین تعلیم سے بھرے ہال سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کے جمہوری ڈھانچے کو بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی سے خطرہ درپیش ہے۔مودی کی سرپرستی میں جن سنگھی آر ایس ایس کی ادارہ جاتی گرفت کمزور ہو رہی ہے۔ حزب اختلاف کو دبادیا گیا ہے، اقلیتوں کو نشانہ بنانے سے لے کرشہری اور میڈیا کی آزادیوں کو کم کرنے تک اس کی ناکامیوں کی فہرست طویل ہے۔ عدم مساوات، بے روزگاری، ادارہ جاتی سالمیت اور خواتین کے حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔راہول گاندھی نے ایک ہفتہ طویل برطانیہ کے دورہ کے موقع پر کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں بحث کرنے کی اجازت نہیں۔ ایشوزپر بات کرنے کی اجازت نہیں۔ چینی فوجیوں کے لداخ میں داخل ہونے پر انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ویاناڈ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے کیمبرج یونیورسٹی ، لندن میں صحافیوں کی انجمن کے زیر اہتمام ایک کنونشن اور آخر میں لندن میں چتھم ہاؤس کے تھنک ٹینک میں گفتگو کے سیشن کے دوران ہندوستان میں جمہوریت، پیگاسس، چین اور 2014 سے اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپنی شناخت پر قائم رہنے، ہندوستان میں بی جے پی کی حکمرانی پر پہلی بار بات کی۔کیمبرج سے چیتھم ہاؤس تک ان کے بیانات نے ہلچل مچا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی کی نوٹ بندی ایک تباہ کن مالیاتی فیصلہ تھا،جس پر بحث کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں راہول گاندھی نے کہا، ’’ہمارے مائیک خراب نہیں ہیں، وہ کام کر رہے ہیں، لیکن آپ پھر بھی انہیں آن نہیں کر سکتے۔ یہ میرے ساتھ کئی بار ہوا ہے جب میں بول رہا ہوتاہوں۔''ہندوستان میں بی جے پی کا راج ہے۔ بی جے پی یہ پسند کرتی ہے کہ وہ ہندوستان میں ''ہمیشہ کے لیے'' اقتدار میں رہے گی لیکن ایسا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے فون پر پیگاسس ہوتا ہے۔فون کی غیر قانونی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔

سیاستدانوں کی ایک بڑی تعداد کے فون پر پیگاسس موجود ہوتے ہیں۔ راہول کے بقول انہیں ایک انٹیلی جنس افسران نے کہا کہ براہ کرم اس بارے میں محتاط رہیں کہ آپ فون پر کیا کہہ رہے ہیں کیونکہ ہم مواد کی ریکارڈنگ کرتے ہیں۔گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو ایک ''بنیاد پرست، فاشسٹ تنظیم'' قرار دیا جس نے ملک کے اداروں پر قبضہ کرکے ہندوستان میں جمہوری مقابلہ کی نوعیت کو بدل دیا ہے۔ آر ایس ایس ایک خفیہ سوسائٹی ہے۔گاندھی نے کہا ’’یہ دیکھ کر مجھے صدمہ ہوا کہ وہ بھارت کے مختلف اداروں پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پریس، عدلیہ، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن - تمام ادارے دباؤ اور خطرے میں ہیں اور کسی نہ کسی طریقے سے کنٹرول کئے جا رہے ہیں۔'' چین نے 2000 مربع کلومیٹر علاقے پرقبضہ کیا لیکن وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ وہ وہاں نہیں ہیں۔یہ علاقہ پیپلز لبریشن آرمی کے پاس ہے اور وزیر اعظم نے خود جھوٹ کہا کہ کوئی بھی ہندوستان میں داخل نہیں ہوا ہے، ایک انچ بھی زمین نہیں لی گئی ہے۔

راہول گاندھی کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایک بار پھر بھارت سے پنجاب کی آزادی کی تحریک’’ خالصتان‘‘ زوروں پر ہے۔دنیا بھر میں خالصتان ریفرنڈم ہو رہے ہیں۔بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر منالی میں خالصتان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔منالی کے داخلی مقام پر چندی گڑھ منالی ہائی وے پر سکھ برادری کے افراد نے نعرے لگائے۔سینکڑوں سکھ یاتریوں نے، جن میں زیادہ تر موٹرسائیکلوں پر سوار تھے اور پنجاب سے تھے، نے ہماچل پردیش کے شہر مانیکرن میں ایک گوردوارے کا دورہ کیا۔سکھ یاتریوں نے منالی کے داخلی مقام پر ایک رکاوٹ پر ٹیکس دینے سے انکار کر دیا اور شاہراہ بلاک کر کے احتجاج کیا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران خالصتان کے حق میں ور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔گزشتہ سال مئی میں، دھرم شالہ میں ہماچل اسمبلی کمپلیکس کی دیواروں پر سکھ برادری کے ارکان نے خالصتانی حامی گرافٹی پینٹ کی تھی۔مودی حکومت نے خوفزدہ ہو کرخالصتانی مواد سے منسلک چھ یوٹیوب چینلز کو بلاک کر دیا ۔ یہ چینلز پنجابی زبان میں مواد دکھا رہے تھے اور انہیں گزشتہ چند روز میں بلاک کر دیا گیا۔بھارتی اطلاعات اور نشریات کے سکریٹری اپوروا چندرا نے کہا کہ چینل سرحدی ریاست میں پریشانی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ کارروائی خالصتان کے ہمدرد امرت پال سنگھ کے حامیوں نے اپنے ایک ساتھی کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے تلواروں اور بندوقوں کے ساتھ اجنالہ میں ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولنے کے بعد کی۔دوسری طرف ہندوستانی وزیر خارجہ کے اعلیٰ سطحی دورہ آسٹریلیا کے کچھ ہی دنوں کے بعدبرسبین میں ہندوستانی قونصل خانے میں ''خالصتان'' کے جھنڈے کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ویڈیو میں جی-20 کے وزرائے خارجہ پر زور دیا گیا کہ وہ نئی دہلی کی ''بیوہ کالونی'' کا دورہ کریں جس میں سینکڑوں سکھوں کی بیوگان موجود ہیں جنہیں نومبر 1984 میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ہندو بالادستی پسندوں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔بھارتی حکام خالصتان کے حامی سکھوں پر کینیڈا اور آسٹریلیا میں ہندو مندروں میں توڑ پھوڑ کا الزام لگاتے رہے ہیں، لیکن یہ الزام بے بنیاد ثابت ہوئے جو بغیر کسی ثبوت کے ہیں۔تاہم، کینیڈا اور آسٹریلیا میں، دائیں بازو کے ہندو افراد کیمرے پر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور انہوں نے حکام کو سنت جرنیل سنگھ بھنڈرانوالے اور خالصتان ریفرنڈم کے بینرز کو توڑ پھوڑ کرنے کی اطلاع دی ۔ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کا مکمل طور پر قتل عام کیا گیا، جہاں کانگریس نے نومبر 1984 میں سکھوں کی نسل کشی کی، وہیں بی جے پی کے ہاتھ 1992 کی بابری مسجد سے لے کر 2002 کے گجرات قتل عام میں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، جن میں پی ایم مودی کی براہ راست اور فعال شمولیت حالیہ دنوں میں ثابت ہوئی ہے۔ بی بی سی کی دستاویزی فلم میں بھی اس کا اعتراف کیا ۔دہلی کی بدنام زمانہ ''بیوہ کالونی'' میں 2000 سے زیادہ سکھ بیوائیں ہیں جن کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ 1984 میں سکھ نسل کشی کے دوران ہندو ہجوم نے ان کے خاندان کے مردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ناناوتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق، سکھ خواتین اور مردوں پر قتل عام، ہنگامہ آرائی اور عصمت دری کو انجام دینے والے ڈیتھ اسکواڈ کی قیادت کانگریس لیڈر ''بھگت'' اور بی جے پی لیڈر رام جین کر رہے تھے، جو بی جے پی لیڈر اٹل بہاری واجپائی کے قریبی ساتھی تھے جو بعد میں وزیر اعظم بنے۔ آسٹریلیا-کینیڈا میں ہندو مندروں اور بھنڈرانولے کے بینرز کی توڑ پھوڑ کے معاملے سے لے کر ہندوستانی قونصل خانوں پر خالصتان کے جھنڈے لہرانے تک، خالصتان کا مسئلہ ہندوستان اور اس کے دیرینہ تجارتی شراکت داروں کے درمیان سفارتی تناؤ پیدا کر چکاہے۔بھارت خالصتان ریفرنڈم کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کر رہا ہے مگر آسٹریلیا، کینیڈا اور دیگر مغربی جمہوریتیں خالصتان ریفرنڈم کو پرامن آزادی اظہار کے طور پر اجازت دینے کے معاملے پر مضبوطی سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔بھارت میں کینیڈا کی ڈپٹی ہائی کمشنر امانڈا سٹروہن نے بھی تسلیم کیاکہ کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم ووٹنگ کی آزادی اظہار رائے ہے۔

بھارت میں اس وقت سماج دشمن عناصر اور بدمعاشوں کی حکومت ہے جو جرائم کو ہوا دے رہے ہیں۔مودی کی سر پرستی میں شر پسند عناصر اور غنڈوں کو حوصلہ ملا ہے۔جن سنگھیوں کی کارروائیوں سے خوف کا ماحول ہے۔

کشمیر میں آزادی صحافت سے متعلق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی تازہ رپورٹیں بھی مودی حکومت کی نسل کشی پالیسی اور حقائق کو دبانے کی واضح مثال ہیں۔نیو یارک ٹائمزایک غیر جانبدارمیڈیا ہاؤس ہے۔ کشمیر میں آزادی صحافت پر NYT کا رائے شماری حقائق پر مبنی ہے۔ اسے شائع کرنے کا واحد مقصد ہندوستان اور اس کے جمہوری اداروں کے بارے میں سچ کو سامنے لانا ہے۔نیویارک ٹائمز نے کشمیر پر پابندیوں اور اس سے متعلق معلومات کے بارے میں جو رائے شماری شائع کی ہے جو مودی حکومت کو ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ ہندوستان میں پریس کی آزادی بھی دیگر بنیادی حقوق کی طرح غیرموثر ہو چکی ہے۔ ہندوستان میں جمہوریت نہیں۔مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغنوں کا ذکر کرتے ہوئے جموں سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار کشمیر ٹائمز کی ایڈیٹر انورادھا بھیسن نے بھی نیو یارک ٹائمز میں شائع اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا’’19 اکتوبر 2020 کی شام جب کشمیر ٹائمز کے نامہ نگار اور فوٹوگرافر ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لئے پہنچ گئے، سرکاری اہلکاروں اور پولیس نے سری نگر شہر میں اخبار کے دفاتر میں گھس کر عملے کا پیچھا کیا اور دروازے پر تالہ لگا دیا۔ جو آج تک لگا ہوا ہے۔ان کے نزدیک یہ چھاپہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر سوال اٹھانے کی جرأت کی سزا تھی۔ یہ اخبار، جس کا وہ ایگزیکٹو ایڈیٹرہیں، ریاست جموں و کشمیر میں ایک آزاد آواز ہے جب سے یہ میرے والد نے 1954 میں قائم کیا تھا، کئی دہائیوں کی جنگ اور فوجی قبضے کا سامنا کرتے ہوئے اس کی بنیاد رکھی گئی ۔ مودی کی جابرانہ میڈیا پالیسیاں کشمیری صحافت کو تباہ کر رہی ہیں، میڈیا اداروں کو حکومتی ترجمان کے طور پر کام کرنے کے لیے ڈرا رہی ہیں اور تقریباً 13 ملین آبادی والے ہمارے خطے میں معلومات کا خلا پیدا کر رہی ہیں۔اب مسٹر مودی ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو اس پریشان کن ماڈل کو قومی سطح پرتوسیع دے سکتے ہیں۔ ان کی ہندو شاونسٹ تحریک، جس نے ہندوستانی مسلمانوں کے خلاف عدم رواداری اور تشدد کوبڑھکایاہے، پہلے ہی ہندوستان کے ایک زمانے کی بے ہنگم پریس پر سخت دباؤ ڈالا ہے، صحافیوں کی نگرانی اور جیلوں میں ڈالا گیا اور حکومت سازگار کوریج کو یقینی بنانے کے لیے میڈیا آؤٹ لیٹس کے خلاف سخت ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ لیکن جنوری میں، ڈیجیٹل میڈیا رہنما خطوط میں ترامیم کا مسودہ پیش کیا گیا جو بنیادی طور پر حکومت کو کسی بھی ایسے مواد کو بلاک کرنے کی اجازت دے گا جسے وہ پسند نہیں کرتی ہے۔دوسرے لفظوں میں، باقی ہندوستان شاید کشمیر کی طرح نظر آئے۔2019 میں مودی حکومت نے کشمیریوں کی مرضی جانے بغیر اچانک کشمیر کی خود مختار حیثیت کو منسوخ کر دیا، ہزاروں مزیدفوجی بھیجے اور انٹرنیٹ تک رسائی بند کر دی۔ شٹ ڈاؤن تقریباً چھ ماہ تک جاری رہا، جس سے سینکڑوں صحافیوں کو انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والی ایک مخصوص سائٹ کے ذریعے اپنی کہانیاں فائل کرنے کے لیے گھنٹوں لائن لگنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ہر ایک کے پاس ایسا کرنے کے لیے 15 منٹ تھے۔ انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے۔اگلے سال نئے قوانین متعارف کرائے گئے جس نے حکام کو کشمیر میں میڈیا کے مواد کو ''جعلی خبریں، سرقہ اور غیر اخلاقی یا ملک دشمنی'' کے طور پر لیبل کرنے اور صحافیوں اور اشاعتوں کو سزا دینے کا اختیار دیا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اس سب کا مقصد ''صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو فروغ دینا'' تھا۔صحافیوں کو پولیس معمول کے مطابق طلب کرتی ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور ان سے انکم ٹیکس کی خلاف ورزی یا دہشت گردی یا علیحدگی پسندی جیسے الزامات کے ساتھ دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ کئی ممتاز صحافیوں کو حراست میں لیا گیا یا انہیں جیل کی سزائیں سنائی گئیں۔ہم خوف میں کام کرتے ہیں۔ 2021 کے آخر میں، میں نے ایک نوجوان صحافی، سجاد گل سے بات کی، جسے ان کی رپورٹنگ کے لیے ہراساں کیا جا رہا تھا۔ گرفتاری کے خوف سے، اس نے مجھے بتایا کہ وہ ہر رات پوری طرح کپڑے پہن کر سوتا تھا اور اپنے جوتے اپنے پلنگ کے پاس رکھتا تھا۔کشمیر میں یہ غیر معمولی بات ہے، جہاں گھر میں داخل ہونے سے پہلے جوتے اتارے جاتے ہیں۔ اسے گزشتہ سال جنوری میں گرفتار کیا گیا اور وہ اب بھی زیر حراست ہے۔ بہت سے صحافیوں نے خود کو سنسر کیا یاصحافت ہی چھوڑ دی ہے۔ گرفتاری کے خوف سے کچھ بیرون ملک جلاوطنی اختیار کر چکے ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے کم از کم 20 دیگر افراد کو ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے نو فلائی لسٹ میں ڈال دیا ہے۔کشمیر میں صحافت ہمیشہ سے ہی خطرناک رہی ہے۔ کشمیر میں 1990 سے 2018 کے درمیان کم از کم 19 صحافی قتل کئے گئے۔ مودی کی حکومت کا مقصد کسی بھی علیحدگی پسند آوازوں یا کشمیر میں مفاہمت یا مذاکرات کے ذریعے حل کی وکالت کرنے والوں کو خاموش کرنا ہے۔ کشمیری اخبارات سرکاری اشتہارات اور میڈیا سبسڈیز پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، اور حکومت اس فائدہ کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے کہ وہ اخبارات سچائی کا سرکاری طور پر منظور شدہ ورژن بتائیں۔میرا اپنا اخبار بمشکل بچ رہا ہے۔ 2019 میں، میں نے انٹرنیٹ کی بندش کو چیلنج کرتے ہوئے ایک مقدمہ دائر کیا۔ بظاہر جوابی کارروائی میں حکومت نے ہمارے سری نگر کے دفتر کو سیل کر دیا۔ ہمارے بہت سے صحافی وہاں سے چلے گئے ہیں اور ہمارے آپریشنز معدود ہو گئے ہیں۔کشمیر پر ایک معلوماتی خلا منڈلا رہا ہے، جس میں عوام کو اس خطے میں کیا ہو رہا ہے اس کے بارے میں کم معلومات — یا غلط معلومات دی گئی ہیں۔ اہم خبروں کو دبایا جاتا ہے، کم کیا جاتا ہے یا حکومتی مقاصد کے مطابق موڑ دیا جاتا ہے۔2021 میں جب تحریک کی ایک بلند پایہ شخصیت سید علی شاہ گیلانی کا انتقال ہوا تو کشمیر میں اس خبر کو یا تو بلیک آؤٹ کر دیا گیا یا اس کا مختصر ذکر کیا گیا۔ اب حکومت نے ہزاروں گھروں کو بلڈوز کرنے کی مہم شروع کی جو حکام کے مطابق سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے۔ کشمیر کے ایک سرکردہ آؤٹ لیٹ نے اسے بے نام ''بااثر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں'' کے خلاف ایک جرات مندانہ حملے کے طور پر پیش کیا۔ ان غریب کشمیریوں کے بارے میں کوئی بات نہیں تھی جو اچانک بے گھر ہو گئے یا ان رہائشیوں کے بارے میں جو دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے پاس ملکیت ثابت کرنے والی درست دستاویزات ہیں۔لاعلم عوام ، جانچ پڑتال اور احتساب سے پاک حکومت جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔ لیکن مودی پورے ہندوستان میں اسے دہرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے قومی رہنما خطوط میں مجوزہ ترامیم جن کی جنوری میں نقاب کشائی کی گئی ، کشمیر پر مسلط کیے گئے اصولوں سے خاصی مماثلت رکھتی ہیں، جو حکومتی حقائق کی جانچ کرنے والوں کو آن لائن مواد کو ''جعلی یا غلط'' کے طور پر لیبل کرنے کا اختیار دیتی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے اعلان کے چند دن بعد، حکومت نے آن لائن پلیٹ فارمز کو حکم دیا کہ وہ وزیر اعظم پر تنقید کرنے والی بی بی سی کی دستاویزی فلم ''انڈیا: دی مودی کوسچن'' کے لنکس کو روک دیں۔ ہندوستانی ٹیکس ایجنٹوں نے بعد میں ہندوستان میں برطانوی نشریاتی ادارے کے دفاتر پر چھاپے مارے۔ میڈیا میں تنقیدی آوازوں کو دبانے کے لیے اس طرح کے چھاپوں کا بار بار استعمال کیا جاتا رہا ہے۔جب سے انہوں نے 2014 میں اقتدار سنبھالا ہے، مودی نے منظم طریقے سے ہندوستان کے جمہوری نظریات، عدالتوں اور دیگر سرکاری مشینری کو اپنی مرضی کے مطابق بدنام کیا ہے۔مبصرین کہتے ہیں کہ مودی اگر انفارمیشن کنٹرول کے کشمیر ماڈل کو بھارت بھر میں متعارف کرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو اس سے صرف آزادی صحافت ہی نہیں بلکہ خود ہندوستانی جمہوریت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔

 

Ghulamullah Kyani
About the Author: Ghulamullah Kyani Read More Articles by Ghulamullah Kyani: 710 Articles with 554965 views Simple and Clear, Friendly, Love humanity....Helpful...Trying to become a responsible citizen..... View More