مظفر آباد کا ضمنی الیکشن اور آزاد کشمیر کی تقدیر

آزاد کشمیر میں نئی حکومت بن جانے کے بعد پیپلز پارٹی نے مسلم کانفرنس کے ساتھ اتحاد ی ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا ۔ان دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد الیکشن سے پہلے ہی قائم ہو گیا تھااور دونوں جماعتوں کے درمیان الیکشن کے دوران سیٹ ایڈجسمینٹ بھی دیکھنے میں آئی۔مظفر آباد شہر کی اسمبلی سیٹ پر 22ستمبر کو ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں۔راجہ فاروق حیدر کی خالی کردہ اس سیٹ سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی ،مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار سردار عثمان عتیق کے درمیان مقابلہ ہے۔مظفر آباد کا یہ ضمنی الیکشن اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس کے نتائج سے آزاد کشمیر کی سیاست کے رخ کا تعین ہو گا اور حکمران پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے درمیان مفاہمت کی سیاست کا مستقبل بھی واضح ہو جائے گا۔پیپلز پارٹی نے اپنے ایک سینئر رہنما خواجہ فاروق ،جن کی کامیابی ضمنی الیکشن میں یقینی تھی ،کو نظر انداز کر کے مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کے بیٹے کو اپنا مشترکہ امیدوار قرار دیا۔مظفر آباد سے مخالفانہ روئیہ سامنے آنے پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کے ساتھ بیٹھ کر خواجہ فاروق نے بادل ناخواستہ مشترکہ امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ناراضگی اور مخالفانہ رجحان دیکھتے ہوئے خواجہ فاروق کو صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان کا ایڈوائیزر بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کرایا گیا تاہم اگلے ہی روز حلف کے دن خواجہ فاروق نے ایڈوائیزر کا عہدہ لینے سے معذرت کر لی۔

1970ءکے بنیادی جمہوریت کے الیکشن اور 1974ءکے آئین کے تحت ہونے والے تقریبا تمام انتخابات میں مظفر آباد شہر سے مسلم کانفرنس کے امیدوار کامیاب ہوتے رہے۔لیکن یہ مسلم کانفرنس کے متحد ہونے کے وقت کی بات ہے،شخصی انداز میں ڈھلنے کے بعد صورتحال ہی بدل گئی۔وادی کشمیر کے کشمیریوں سے تعصب مظفر آباد شہر میںمسلم کانفرنس کی حمایت سے محرومی کا بڑا سبب ثابت ہوا ہے ۔1991ءسے پانچ سال وزیر اعظم رہنے کے بعد سردار محمد عبدالقیوم خان نے 1996ءمیں مظفر آباد شہر کی اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑا۔ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار خواجہ فاروق سے تھا۔ اس الیکشن میں سردار محمد عبدالقیوم خان نے 10119 ووٹ لئے جبکہ خواجہ فاروق 18807ووٹ لیکر کامیاب رہے۔اس سال آزاد کشمیر اسمبلی کے عام انتخابات میں پی پی پی کے خواجہ فاروق نے12067، سردار عثمان عتیق نے 7172، محمد حنیف اعوان(آزاد) 3958،امداد حسین کیانی (ایم کیو ایم)60ووٹ،گلشاد احمد بٹ (لبریشن لیگ)238،مبارک محمود(نیشنل ڈیموکریٹک الائینس)876، آزاد امیدواران افتخاراحمد قریشی42،خلیق الرحمان جاوید51،سردار مبارک19،عبدالمجید عباسی70،لطف الرحمان302 اور محمد عارف نے 8ووٹ لئے جبکہ راجہ فاروق حیدر خان 13590ووٹ لیکر کامیاب رہے۔

اب ضمنی الیکشن میں مظفر آباد شہر کے دو مقامی رہنما زاہد امین اورانجم نثار میرآزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ان دونوں نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار خواجہ فاروق کی حمایت کی تھی اور اب دونوں پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے خلاف ہیں۔امکان ہے کہ زاہد امین مسلم لیگ(ن) کی حمایت کریں گے۔یوں عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے بھرپور طریقے سے الیکشن لڑ کر بارہ ہزار ووٹ لئے جبکہ اس میں زاہد امین اور انجم نثار میر کے ووٹ بھی شامل ہیں۔حکمران جماعت پیپلز پارٹی سردار عثمان عتیق کی حمایت میں متحرک ہو گئی ہے اور سینئر وزیر چوہدری یاسین کی سربراہی میں وزراءکی ڈیوٹیاں بھی لگ گئی ہیں۔قطع نظر کہ مظفر آباد حلقہ3کے عوام امیدواروں کے بارے میں کیا سوچ رکھتے ہیں،یہ ضمنی الیکشن اہم اور دلچسپی کا حامل ہے۔اس طرح مشترکہ امیدوار کو آزاد کشمیر حکومت ،وفاقی حکومت اور مسلم کانفرنس کی حمایت حاصل ہے اور ان کی طرف سے سردار عثمان عتیق کی کامیابی کے لئے پورا زور لگاتے ہوئے رائج الوقت مختلف طریقے آزمائے جا رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کو صدر ،وزیر اعظم کے عہدے،قانون ساز اسمبلی،الگ ریاستی پرچم اور سپریم کورٹ اس لئے ملے تھے کہ آزا د حکومت تمام متنازعہ ریاست جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کی نمائندہ حکومت تھی۔لیکن اب آزاد حکومت کلی طور پر بلدیہ کی سطح کی ایسی اتھارٹی بن چکی ہے جو مقامی سطح کے معمولی نوعیت کے فیصلے کرنے کی بھی مجاز نہیں ہے۔اس صورتحال میں آزاد کشمیر اپنے موجودہ سیاسی سیٹ اپ کی تنزللی کے تمام اسباب پورے کر چکا ہے۔ آزاد کشمیر میں مفادات پر مبنی سیاسی بد کرداری کے عریاں نظارے اصول ، میرٹ اور ریاستی تشخص پر یقین رکھنے والوں کو ایک عر صہ سے مایوس کئے ہوئے ہیں۔گلگت بلتستان اور مسئلہ کشمیر سے لا تعلق ،بے اختیار ہونے کے بعد اب آزاد کشمیر اپنے حقوق کی بقاءکی جدوجہد سے بھی محروم نظر آرہا ہے۔
اب دیکھیں عظمت کی تمنا کے سپنے کہاں پہنچے
ملے انہیں رفعت یا جہاں کی خاک تھی وہیں پہنچے
Athar Massood Wani
About the Author: Athar Massood Wani Read More Articles by Athar Massood Wani: 777 Articles with 701858 views ATHAR MASSOOD WANI ,
S/o KH. ABDUL SAMAD WANI

Journalist, Editor, Columnist,writer,Researcher , Programmer, human/public rights & environmental
.. View More